کابینہ
azadi ka amrit mahotsav

کابینہ نے ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلیم کے میدان میں تعاون سے متعلق مفاہمت نامے پر دستخط کو منظوری دیدی

Posted On: 07 SEP 2022 4:06PM by PIB Delhi

 

کابینہ نے تعلیم کے میدان میں تعاون پر ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مفاہمت نامے پر دستخط کو منظوری دیدی۔ عزت مآب وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ نے حکومت ہند کی وزارتِ تعلیم اور متحدہ عرب امارات کی تعلیم کی وزارت کے درمیان تعلیم کے میدان میں تعاون سے متعلق مفاہمت نامے پر دستخط کرنے کی منظوری دیدی۔ مفاہمت نامے کا مقصد ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان جاری تعلیمی تعاون کو مزید مستحکم کرنا اور باہمی مصروفیات کے دائرہ کار کو وسیع کرنا ہے۔

 

متحدہ عرب امارات کے ساتھ 2015 میں تعلیم کے شعبے میں ایک مفاہمت نامے پر دستخط کئے گئے تھے جس کی میعاد 2018 میں ختم ہو گئی۔ 2019 میں دونوں ممالک کے وزرائے تعلیم کے درمیان ایک میٹنگ میں متحدہ عرب امارات کی جانب سے ایک نئے مفاہمت نامے پر دستخط کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔ نئے مفاہمت نامے میں ہندوستان کے تعلیمی ماحولیاتی نظام میں قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے ذریعے لائی جانے والی تبدیلیوں کو شامل کیا گیا ہے۔

 

اس مفاہمت نامے کا مقصد ٹوئننگ، جوائنٹ ڈگری اور ڈوئل ڈگری پروگرام اور اس طرح کے دیگر شعبوں کی پیشکش کے لئے جن پر اتفاق کیا گیا ہے، معلوماتی تعلیم کے تبادلے اور ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ (ٹی وی ای ٹی) کے تدریسی عملے کی صلاحیت سازی کے علاوہ دونوں ممالک میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کے درمیان تعلیمی تعاون کی سہولت  کو فروغ دینا ہے۔

 

اس مفاہمت نامے سے تعلیمی تعاون کو پھر سے تقویت ملے گی اور ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلیمی نقل و حرکت میں اضافہ ہوگا۔ اس کے علاوہ اس سے ان صلاحیتوں کو مشترکہ طور پر تسلیم کرنے کے رُخ پر معلومات کے تبادلے کی سہولت فراہم ہو گی۔ یہ مفاہت نامہ ٹی وی ای ٹی میں تعاون کا بھی احاطہ کرتا ہے کیونکہ متحدہ عرب امارات ہندوستانیوں کے لئے روزگار کی ایک بڑی منزل ہے۔

 

اس مفاہمت نامے کی میعاد دستخط کی تاریخ سے پانچ سال کی ہوگی اور فریقین کی رضامندی سے خود کار طور پر اس کی تجدید ہو جائے گی۔ ایک بار دستخط ہو جانے کے بعد یہ مفاہمت نامہ قبل ازیں  2015 میں متحدہ عرب امارات کے ساتھ  دستخط کردہ مفاہمت نامے کی جگہ لے لے گا جو اس کے بعد موثر نہیں رہے گا۔

***

ش ح۔ ع س ۔ ک ا

Release No 9998


(Release ID: 1857492) Visitor Counter : 153