وزارت خزانہ

163 واں انکم ٹیکس ڈے : ملک کی تعمیرکی سمت ایک  سفر

Posted On: 24 JUL 2022 4:53PM by PIB Delhi

سنٹرل بورڈ آف ڈائریکٹ ٹیکسز (سی بی ڈی ٹی) اور ملک بھر میں اس کے تمام فیلڈ دفاتر کے ذریعہ آج انکم ٹیکس ڈے کی 163 ویں سالگرہ منائی گئی۔ تقریبات کے ایک حصے کے طور پر، فیلڈ فارمیشنز نے کئی تقریبات اور سرگرمیوں کا اہتمام کیا۔ فیلڈ فارمیشنز کے پروگراموں میں ٹیکس دہندگان کے ملک کے لیے ان کے تعاون  کو تسلیم کرنے کے لیے آؤٹ ریچ پروگرام، ٹیکس دہندگان کی عزت افزائی کا  پروگرام، سرکاری ہائر سکنڈری اسکولوں میں کمپیوٹر جیسے وسائل کی اپ گریڈیشن کے لیے تعاون، محکمہ جاتی  ملازمین کے تعاون  سے یتیم خانوں/اولڈ ایج ہومز کے لیے رضاکارانہ ٹوکن عطیہ، خون کے عطیہ کیمپوں کا انعقاد، طبی معائنے اور کووڈ ٹیکہ کاری  کیمپوں کا قیام،شجرکاری  اور صفائی مہم شامل ہے ۔ اس کے علاوہ ہاف میراتھن، سائکلوتھون، بچوں اور نوجوانوں میں ٹیکس خواندگی سے متعلق  بورڈ گیمز کی تقسیم، ثقافتی پروگرام، کیری کیچر کی نمائش کا افتتاح اور اس طرح کے دیگر پروگرام بھی منعقد ہوئے۔

محکمہ انکم ٹیکس کے نام اپنے پیغام میں، خزانہ اور کارپوریٹ امور کی مرکزی وزیرمحترمہ نرملا سیتا رمن نے کہا کہ حالیہ برسوں میں حکومت کی طرف سے متعارف کرائی گئی اصلاحات نے اعتماد پر مبنی ٹیکس نظام کو یقینی بنایا ہے۔ وزیر خزانہ نے واضح  کیا کہ ٹیکس دہندگان نے بھی اعتماد پر مبنی اس نقطہ نظر کی توثیق کی ہے جیسا کہ بہتر ٹیکس وصولیوں اور انکم ٹیکس گوشواروں کی تعداد میں اضافے کے رجحان سے ظاہر ہوتا ہے۔ محترمہ سیتا رمن نے محکمہ انکم ٹیکس کی تعریف کی کہ اس نے  پالیسی اصلاحات کو کامیابی کے ساتھ نافذ کیا اور ٹیکس دہندگان پر مرکوز تنظیم کے طور پر خود کو مؤثر طریقے سے نئی شکل دی۔ وزیر خزانہ نے گزشتہ مالی سال میں 14 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کا محصول  جمع کرنے کے لیے محکمہ کی ستائش کی اور امید ظاہر کی کہ محکمہ موجودہ مالی سال میں بھی اس رفتار کو برقرار رکھے گا۔

مرکزی وزیر مملکت برائے خزانہ جناب پنکج چودھری نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایک ٹیکس محکمہ  کی ذمہ داری صرف کارگر اور موثر ٹیکس انتظامیہ تک محدود نہیں ہے بلکہ ایماندار ٹیکس دہندگان کو عزت دینا اور  ٹیکس دہندگان کوبہتر سہولت فراہم کرنا بھی ہے۔ انہوں نے محکمہ کو آج کے دور میں لوگوں کی ضروریات اور خواہشات کے مطابق خودکو ڈھالنے اور اپنے کام کاج میں شفاف ہونے ،مداخلت نہ کرنے  اور ٹیکس دہندگان کےموافق کام کرنے پر اسکی تعریف کی ۔

مرکزی وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر بھاگوت کشن راؤ کراد نے اپنے پیغام میں کہا کہ محکمہ انکم ٹیکس نے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے محکمہ کی تعریف کی کہ اس نے کئی دور رس نتائج کی حامل  اصلاحات کو نافذ کیا ہے جس میں ٹیکس دہندگان اور دیگر فریقوں   کے ساتھ رابطے  کی ازسرنوتشریح کی  صلاحیت ہے۔

محصولات کے سکریٹری جناب  ترون بجاج نے اپنے پیغام میں محکمہ کی ستائش کی کہ اس نے مثبت تبدیلی کو اپناتے ہوئے اور ٹیکس دہندگان کو مقررہ وقت پر  خدمات فراہم کرنے کے لیے خود کو ایک قابل ادارہ ثابت کیا ہے۔ انہوں نے جدید ترین پیش رفت سے خود کو  اپ ڈیٹ رکھنے اورمحصول کے حصول کے لیے  مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا اینالیٹکس ٹولز کے استعمال جیسی جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے پر بھی محکمے کی تعریف کی۔ انہوں نے مشاہدہ کیا کہ محکمہ کے زیر اہتمام مختلف ٹیکس دہندگان کے آؤٹ ریچ پروگرام ٹیکس دہندگان اور محکمے کے درمیان باہمی اعتماد اور احترام کی فضا پیدا کرنے میں بہت اہم ثابت ہوں گے۔

سی بی ڈی ٹی کے چیئرمین جناب نتن گپتا نے اپنے پیغام میں  مالی سال 22-2021 میں 14.09 لاکھ کروڑ روپے کا اب تک کا سب سے زیادہ خالص محصول جمع کرنے کے لیے محکمہ کی تعریف کرتے ہوئے  محکمہ کے عملے کو اس  اعزازکے بعد سکون سے نہ بیٹھنے  اور سخت محنت کرتے رہنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس دہندگان کے چارٹر کی حقیقی روح کے مطابق ٹیکس دہندگان کی شکایات کا فوری ازالہ اولین ترجیحات میں رہے گا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ محکمہ صحیح اقدار اور اخلاقیات کی طاقت  سے اسی خدمت پر مبنی نقطہ نظر کو جاری رکھے گا، جیسا کہ اس نے ماضی میں کیا ہے۔سی بی ڈی ٹی چیئرمین نے محکمہ کے یوٹیوب چینل پر نشر ہونے والے ’سمواد‘ کے ذریعے ٹیکس دہندگان اور متعلقہ فریقوں  سے بھی خطاب کیا۔

انکم ٹیکس ڈے  کا انعقادمحکمہ کے اہلکاروں کے لیے قوم کی خدمت میں اب تک کے سفر پر نظر ڈالنے اورملک  کی ترقی میں اپنا تعاون دینے  کے لیے خود کو ازسرنو وقف کرنے کا موقع فراہم کرتاہے ۔

 

 

 

************

 

 

 

ش ح۔ف ا۔ م  ص

 (U:8058)



(Release ID: 1844443) Visitor Counter : 136