وزیراعظم کا دفتر

وزیر اعظم 14 جون کو مہاراشٹر کا دورہ کریں گے


وزیر اعظم دیہو، پونے میں جگت گورو شری سنت  تُکارام مہاراج مندر کا افتتاح کریں گے

وزیر اعظم ممبئی میں واقع راج بھون میں جل بھوشن عمارت اور گیلری آف ریوولوشنریز کا افتتاح کریں گے

گیلری آف ریوولوشنریز  - مہاراشٹر کے مجاہدین آزادی اور انقلابیوں کے تعاون کی یاد میں تیار کیا گیا اپنی نوعیت کا ایک منفرد میوزیم ہے

وزیر اعظم 200 برسوں سے مسلسل شائع ہورہےایک اخبار، ممبئی سماچار ، کے دُوی شتابدی مہوتسو میں بھی شرکت کریں گے

Posted On: 12 JUN 2022 11:43AM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی 14 جون کو مہاراشٹر کا دورہ کریں گے۔ وزیر اعظم ، دوپہر تقریباً 1:45  بجے دیہو، پونے میں جگت گورو شری سنت تُکارام مہاراج مندر کا افتتاح کریں گے۔ شام 4:15 بجے ، وزیر اعظم ممبئی میں واقع راج بھون میں جل بھوشن عمارت اور گیلری آف ریوولوشنریز کا افتتاح کریں گے۔ بعد ازاں، تقریباً 6 بجے شام کو ، وزیر اعظم ممبئی میں، باندرا کرلا کامپلیکس میں ممبئی سماچار کے دُوی شتابدی مہوتسو میں شرکت کریں گے۔

وزیر اعظم پونے میں

وزیر اعظم مودی دیہو، پونے میں جگت گورو شری سنت تُکارام مہاراج مندر کا افتتاح کریں گے۔ سنت تُکارام  ایک وارکری سنت اور شاعر تھے، جنہیں ابھنگ مذہبی شاعری اور مذہبی گیت یا کیرتن کے ذریعہ معاشرے پر مبنی عبادت کے لیے جانا جاتا ہے۔ وہ دیہو میں رہتے تھے۔ ان کی رحلت کے بعد ایک شِلا مندر تعمیر کیا گیا، لیکن اسے رسمی طور پر مندر کی شکل نہیں دی گئی تھی۔ اسے 36 چوٹیوں کے ساتھ پتھروں کی چنائی سے ازسر نو تعمیر کیا گیا ہے ، اور اس میں سنت تُکارام کا مجسمہ بھی موجود ہے۔

وزیر اعظم ممبئی میں

وزیر اعظم ممبئی میں واقع راج بھون میں جل بھوشن عمارت اور گیلری آف ریوولوشنریز کا افتتاح کریں گے۔ جل بھوشن 1885 سے مہاراشٹر کے گورنر کی سرکاری رہائش گاہ رہی ہے۔ اس کی مدت حیات مکمل ہونے پر، اس عمارت کو منہدم کر دیا گیا اور اس کی جگہ نئی عمارت تعمیر کی گئی۔ اس کا سنگ بنیاد اگست 2019 میں عزت مآب صدر جمہوریہ ہند کے ذریعہ رکھا گیا تھا۔ نوتعمیر شدہ عمارت میں قدیم عمارت کی تمام امتیازی خصوصیات کو محفوظ رکھا گیا ہے۔

2016 میں، اُس وقت کے مہاراشٹر کے گورنر، جناب وِدیاساگر راؤ نے راج بھون میں ایک بنکر تلاش کیا تھا۔ انگریزوں کے ذریعہ اس بنکر کو اسلحہ اور گولابارود کے خفیہ ذخیرے کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا۔ 2019 میں اس بنکر کی تزئین و آرائش کی گئی۔ مہاراشٹر  کے مجاہدین آزادی اور انقلابیوں کے تعاون کی یاد میں، اس بنکر میں اپنی نوعیت کا ایک منفرد میوزیم تیار کیا گیا ہے۔ یہ میوزیم ، واسودیو بلونت پھڈکے، چافیکر برادران، ساورکر برادران، میڈم بھیکاجی کاما، وی بی گوگٹے، 1946 کی سمندری بغاوت اور دیگر کے ذریعہ پیش کیے گئے تعاون کے لیے خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔

وزیر اعظم ممبئی میں واقع باندرا کرلا کامپلیکس میں ممبئی سماچار کے دُوی شتابدی مہوتسو میں شرکت کریں گے۔ ایک ہفتہ واری اخبار کے طور پر ممبئی سماچار کی پرنٹنگ کا آغاز فردون جی مرزبان جی  کے ذریعہ یکم جولائی 1822 میں کیا گیاتھا ۔ بعد ازاں ، اس اخبار نے 1832 میں ایک روزنامہ کی شکل اختیار کر لی۔ یہ اخبار 200 برسوں سے مسلسل شائع ہو رہا ہے۔ اس منفرد کارنامہ کے لیے ، اس موقع پر ایک ڈاک ٹکٹ بھی جاری کیا جائے گا۔

**********

(ش ح –ا ب ن۔ م ف)

U.No:6387



(Release ID: 1833272) Visitor Counter : 146