وزیراعظم کا دفتر

کواڈ رہنماؤں کی چوٹی کانفرنس (23 تا 25 مئی 2022) میں شرکت کرنے کے لئے وزیر اعظم کا دورۂ جاپان

Posted On: 19 MAY 2022 10:00PM by PIB Delhi

جاپان کے وزیراعظم عزت مآب جناب فیومیو کیشیدا کی دعوت پر ، وزیراعظم جناب نریندر مودی ٹوکیو میں منعقد ہونے والی کواڈ رہنماؤں کی چوٹی کانفرنس میں   24 مئی 2022 کو  شرکت کریں گے۔ اس کانفرنس میں  ا مریکہ کے صدر جناب جوزف آر بائڈن جونیئر اور آسٹریلیا کے وزیراعظم بھی شرکت کررہے ہیں ۔

ان رہنماؤں کی مارچ -2021 میں  پہلی ورچوئل میٹنگ ،  ستمبر 2021 میں واشنگٹن ڈی سی میں  اصالتاً حاضری کے ساتھ چوٹی کانفرنس اور مارچ 2022 میں ورچوئل ملاقات کے بعد سے ٹوکیو میں ہونے والی یہ چوٹی کانفرنس   کواڈ رہنماؤ ں کے درمیان چوتھی ملاقات ہے ۔

آنے والی کواڈ چوٹی کانفرنس رہنماؤں کے لئے ، ہند بحرالکاہل خطے میں  سامنے آنے والے واقعات  اورباہمی مفاد کے  دورحاضر کے عالمی امور کے بارے میں  اپنے خیالات کا ایک دوسرے کے ساتھ تبادلہ کرنے کے لئے ایک موقع فراہم کرتی ہے ۔

یہ رہنما کواڈ اور ورکنگ گروپس کے اقدامات   کے سلسلے میں ہونے والی پیش رفت کاجائزہ لیں گے  ، باہمی تعاون کے نئے میدانوں کی نشاندہی کریں گے  اور مستقبل میں معاونت کے لئے منصوبہ جاتی رہنمائی اور بصیرت فراہم کریں گے ۔

وزیر اعظم 24 مئی کو جاپان کے وزیر اعظم جناب فیومیو کیشیدا کے سا تھ  دوطرفہ میٹنگ کریں گے۔ وزیراعظم کیشیدا کے ساتھ یہ ملاقات دونوں رہنماؤں کو ایک موقع فراہم کرے گی کہ وہ اس گفتگو کو مارچ 2022 میں منعقد ہونےو الی  چودھویں ہند جاپان سالانہ چوٹی کانفرنس  سے آگے لے جائیں ، جب وزیر اعظم کیشیدا نے ہندوستان کا دورہ کیا تھا ۔ اپنے اس دورے کے دوران ، وزیراعظم مودی جاپانی رہنماؤں کے ساتھ کاروبار سے متعلق ایک تقریب میں شرکت کریں گے، اس کے علاوہ وہ جاپان میں ہندوستانی برادری کے ساتھ ملاقات اوران سے خطاب بھی کریں گے ۔

وزیراعظم 24 مئی 2022 کو  امریکہ کے صدر جناب جوزن آر بائڈن جونیئر کے ساتھ بھی ایک دو طرفہ ملاقات کریں گے ۔  ان کی اس ملاقات سے ان کے سلسلہ ٔ گفتگو کے جاری رہنے کا ا ظہار ہوگا ، جس کا ایک حصہ 11 اپریل 2022 کو ورچوئل طریقے سے منعقد ہونے والی ایک میٹنگ بھی تھی ۔ توقع ہے کہ دونو رہنما ہند۔ امریکہ منصوبہ جاتی شراکت داری کا جائزہ لیں گے  اور ستمبر 2021 میں امریکی صدر بائڈن کے ساتھ وزیراعظم کی دوطرفہ  میٹنگ کےدوران ہونے  والے تبادلہ خیال کے بعد کی پیشرفت پر بھی غور کیا جائے گا ۔ دونو رہنما باہمی دلچسپی کے  علااقائی اور عالمی حالات و واقعات  پربھی اپنے نظریات و خیالات کا تبادلہ کریں گے ۔

وزیراعظم کی آسٹریلیائی وزیراعظم کےساتھ بھی ایک دوطرفہ ملاقات کاغالب امکان ہے ، جن کے ملک میں 21 مئی 2022 کو انتخابات منعقد ہونے  جارہے ہیں ۔ توقع ہے کہ  دونوں رہنما اس ملاقات میں ہند۔آسٹریلیا جامع منصوبہ جاتی شراکت داری کاجائزہ لیں گے  اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اورعالمی منظرنامے پر اپنے  خیالات کا تبادلہ کریں گے ۔ ان دونوں وزرائےاعظم کے درمیان آخری دوطرفہ ملاقات ورچوئل طور پر 21 مارچ 2022 کو ہوئی تھی ، جس کے نتیجے میں  2 اپریل 2022 کو ہند ۔ آسٹریلیا اقتصادی تعاوون اور تجارت معاہدہ (ای سی  ٹی اے) طے پایا تھا۔

 

 

*************

 

 

ش ح- س ب– ف ر

 

U. No.5566



(Release ID: 1826849) Visitor Counter : 130