وزیراعظم کا دفتر

وزیر اعظم نے لمبنی، نیپال میں مایا دیوی مندر کا دورہ کیا

Posted On: 16 MAY 2022 11:59AM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے لمبنی کے اپنے ایک روزہ سفر کے دوران 16 مئی، 2022 کو وہاں مایا دیوی مندر کا دورہ کیا۔ ان کے ساتھ نیپال کے وزیر اعظم جناب شیر بہادر دیوبا اور ان کی اہلیہ ڈاکٹر آرزو رانا دیوبا بھی تھیں۔

دونوں لیڈران نے مندر کے احاطہ کے اندر  موجود اُس نشان والے پتھر کو خراجِ عقیدت پیش کیے، جو بھگوان بدھ کی پیدائش کے صحیح مقام کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ بودھ روایات کے مطابق کی جانے والی پوجا میں بھی دونوں لیڈران شامل ہوئے۔

دونوں وزرائے اعظم نے مندر کے بالکل بغل میں واقع اشوک کے ستون کے قریب چراغ روشن کیے۔ اس ستون کو شہنشاہ اشوک نے 249 قبل مسیح تعمیر کرایا تھا۔ بھگوان بدھ کے لمبنی میں پیدا ہونے کا پہلا دستاویزی ثبوت اس ستون پر درج ہے۔ اس کے بعد، دونوں وزرائے اعظم نے بودھی درخت کو پانی دیا۔ اس کے پودے کو بودھ گیا سے لایا گیا تھا، جسے وزیر اعظم جناب مودی نے 2014 میں بطور تحفہ پیش کیا تھا۔ دونوں لیڈران نے مندر کا دورہ کرنے والے مہمانوں کے لیے رکھے گئے رجسٹر پر دستخط بھی کیے۔

*****

ش ح – ق ت – ت ع

U: 5410



(Release ID: 1825777) Visitor Counter : 106