وزارت اطلاعات ونشریات

جناب انوراگ ٹھاکر نے انڈین فلم پرسنلٹی آف دی ایئر -2021 کا اعلان کیا


ہیما مالنی اور پرسون جوشی کو 52ویں اِفّی میں ایوارڈ سے نوازا جائے گا

Posted On: 18 NOV 2021 4:14PM by PIB Delhi

اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر جناب انوراگ سنگھ ٹھاکر نے اعلان کیا ہے کہ 2021 کے لئے انڈین فلم پرسنلٹی آف دی ایئر ایوارڈ محترمہ ہیما مالنی اور جناب پرسون جوشی کو دیا جائے گا۔

 

انعام کا اعلان کرتے ہوئےجناب ٹھاکر نے کہا کہ میں اداکارہ اور متھرا، یوپی سے رکن پارلیمنٹ محترمہ ہیما مالنی اور نغمہ نگار اور سی بی ایف سی کے چیئرپرسن جناب پرسون جوشی کو 2021 کے لئے انڈین فلم پر سنلٹی آف دی ایئر قرار دینے کا اعلان کرتے ہوئے انتہائی مسرت محسوس کر رہا ہوں۔ ہندوستانی سنیما کے لئے ان کی خدمات کئی دہائیوں پر محیط ہیں اور ان کے کاموں سے کئی نسلوں کے لوگ لطف اندوز ہوئے ہیں۔ یہ لوگ ہندوستانی سنیما کی وہ بلند شخصیات ہیں، جن کی دین کا پوری دنیا میں اعتراف کیا جاتا ہے اور عزت کی جاتی ہے۔ گوا میں 52ویں ہندوستانی بین الاقوامی فلم فیسٹیول میں یہ انعامات پیش کئے جا ئیں گے۔

ایوارڈ حاصل کرنے والی اعلیٰ مرتبت ہستیوں کے بارے میں :

محترمہ ہیما مالنی، اداکارہ، رکن پارلیمنٹ، متھرا، یوپی

سولہ اکتوبر1948 میں اَ مّن کُڑی، تمل ناڈو میں پیدا ہونے والی ہیما مالنی ایک ہندوستانی اداکارہ، مصنف، ہدایت کار، فلم ساز، رقاصہ اور سیاست داں ہیں۔ انہوں نے 1963 میں تمل فلم اِ دُھو ساتھئم کے ذریعے فلمی دنیا میں قدم رکھا تھا اور 1968 میں سپنوں کا سوداگر ان کی پہلی ہندی فلم تھی۔ اس کے بعد سے انہوں نے شعلے، سیتا اور گیتا، ستّے پہ ستّا اور باغبان  سمیت 150 سے زیادہ فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ 

ڈریم گرل کے نام سے مشہور محترمہ ہیمال مالنی نے اداکاری کے لئے بہت سے ایوارڈ حاصل کئے۔ سال 2000 میں انہیں حکومت ہند نے چوتھے اعلیٰ ترین سویلین ایوارڈپدم شری سے سرفراز کیا۔ 2012 میں سر پدم پَت سِنگھانیہ یونیورسٹی نے  ہندوستانی سنیما میں ان کی دین کے اعتراف میں اعزازی ڈاکٹریٹ عطا کی۔ وہ نیشنل فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی چیئر پرسن بھی رہ چکی ہیں۔ بھارت ناٹیئم کی تربیت یافتہ رقاصہ ہیما مالنی کو سوپوری اکیڈمی آف میوزک اینڈ پرفارمنگ آرٹس  وِ تستا ایوارڈ سے نوازا گیا۔  یہ ایوارڈ انہیں 2006 میں سنیما اور رقص کے میدان میں ان کی خدمات کے اعتراف میں پیش کیا گیا۔ 2003 سے 2009 تک وہ راجیہ سبھا کی ممبر رہیں۔ 2014 کے عام انتخابات میں محترمہ ہیما مالنی کو متھرا حلقے سے لوک سبھا کا رکن منتخب کیا گیا۔ اس کے بعد سے وہ متھرا حلقے کی نمائندگی کرتی آئی ہیں۔

جناب پرسون جوشی ، نغمہ نگار اور چیئر پرسن سی بی ایف سی

جناب پرسون جوشی ایک نغمہ نگار، مصنف، شاعر، اسکرین رائٹر، کمیونکیشن ماہر اور مارکٹر ہیں۔ 17 سال کی عمر میں ان کی پہلی نثر اور شاعری کی کتاب منظر عام پر آئی تھی۔

جناب جوشی 2001 میں راج کمار سنتوشی کی فلم لجّا میں نغمہ نگار کے طور پر سامنے آئے اور اس طرح انہوں نے فلموں میں قدم رکھا اور اس کے بعد ہی سے وہ متعدد کامیاب ہندی فلموں کا حصہ بنے۔ آج وہ ملک بھر میں کلا سیکی  شاعری کی روایت اور ادب کو آگے بڑھانے کے لئے احترام کی نظر سے دیکھے جاتے ہیں۔ تارے زمیں پر، رنگ دے بسنتی، بھاگ مِلکھا  بھاگ، نیرجا اور منی کرنیکا، دلی6  جیسی متعدد فلموں میں اپنی رائٹنگ کے ذریعے انہوں نے اس یقین کو مضبوط کیا ہے کہ اس ذریعے کو استعمال  کرتے ہوئے معاشرے کی صحیح سمت میں ٹھوس رہنمائی کی جا سکتی ہے۔

جناب جوشی کو نہ صرف ہندوستان میں بلکہ دنیا بھر میں مقبولیت حاصل ہوئی۔ انہیں تارے زمیں پر (2007) اور چِٹا گانگ (2013) کے لئے بہترین نغمہ نگار کے ایوارڈز حاصل ہوئے۔ حکومت ہند نے انہیں آرٹ، ادب اور ایڈورٹائزنگ کے شعبوں میں ان کی گرانقدر خدمات کے اعتراف میں 2015 میں انہیں پدم شری سے نوازا۔ انہیں مقبول عام ایوارڈ مثلاً فلم فیئر، آئی آئی اے ایف، اسکرین کئی مرتبہ حاصل ہوئے۔ 2014 میں انہیں  کینز  ٹائی ٹینیئم جیوری  چیئر پرسن کی حیثیت سے مدعو کیاگیا۔ وہ انٹر نیشنل کینز لائفن ٹائی ٹینیئم ایوارڈ کی سربراہی کرنے والے پہلے ایشیائی تھے۔ ورلڈ اکنومک فورم نے انہیں یَنگ گلوبل لیڈر نامزد کیا۔

جناب جوشی کومن ویلتھ گیمز 2010کی افتتاحی اور اختتامی تقاریب کے لئے کور کریٹیو ایڈوائزری کمیٹی کے 3 ارکان میں سے ایک تھے۔

جناب جوشی 52ویں اِ فّی میں ‘‘ آئندہ کَل کے 75 تخلیقی اذہان کے لئے گرانڈ جیوری کے رکن بھی ہیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/WhatsAppImage2021-11-18at8.14.29PME8LD.jpeg

 

*********

U-13006

ش ح-ع س-ک ا

 

 



(Release ID: 1773123) Visitor Counter : 541