مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت

نائب صدر جمہوریہ جناب وینکیا نائیڈو نے محترم چمن لال پر ڈاک ٹکٹ جاری کیا


آج جاری کیا گیا ڈاک ٹکٹ ’’آزادی کا امرت مہوتسو ‘‘کے جزو کے طور پر بھارت میں گمنام سورماؤں کو اعزاز بخشنے کی محکمے کی ایک پہل قدمی کا حصہ ہے

Posted On: 07 AUG 2021 4:45PM by PIB Delhi

نئی دہلی، 07 اگست 2021:

نائب صدر جمہوریہ جناب وینکیا نائیڈو نے سردار ولبھ بھائی پٹیل کانفرنس ہال،6، مولانا آزاد روڈ، نئی دہلی میں ایک عوامی جلسے کے دوران ’محترم چمن لال‘ پر ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کیا۔ جلسے میں مواصلات، ریلوے اور الیکٹرانکس اور اطلاعاتی تکنالوجی کے  مرکزی وزیر جناب اشونی ویشنو، مواصلات کے وزیر مملکت جناب دیوسنگھ چوہان اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔

یادگاری ڈاک ٹکٹ میں مشہور سماجی کارکن اور سنگھ پرچارک محترم چمن لال کی زندگی اور ان کے کاموں کو خصوصی طور پر اجاگر کیا گیا ہے۔ سیالکوٹ (اب پاکستان میں) میں 25 مارچ 1920کو پیدا ہوئے محترم چمن لال کم عمری سے ہی لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنے کے تئیں پرجوش تھے۔ حالانکہ انہوں نے سونے کا تمغہ جیتا تھا اور انہیں متعدد پرکشش نوکریوں کی پیشکش بھی کی گئی تھی، تاہم انہوں نے بھارت کی تقسیم سے متاثرہ افراد کی بنیادی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لئے کام کرنے کا فیصلہ کیا۔ اپنی لگن، جنون اور سخت محنت کے ذریعہ انہوں نے غیر ممالک میں آباد ہندوستانیوں کی مدد کے لئے ایک ادارہ جاتی نظام قائم کیا اور بھارت کی خارجہ پالیسی کے مختلف کلیدی اہداف کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

اس موقع پر نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ محترم چمن لال حقیقی معنوں میں ایک بھارتی سنت تھے، جنہوں نے حصہ داری اور دیکھ بھال کے فلسفے پر یقین کیا اور اس پر عمل کیا۔ انہوں نے ہمیشہ ملک کو اولیت دی اور خود کو آخر میں رکھا۔ انہوں نے کہا کہ سنگھ کا عالمی نیٹ ورک بنانے کے پروجیکٹ کو شروع کرنے اور اسے پورا کرنے میں ان کا اہم کردار تھا اور ان پر غیر ممالک جانے والے بھارتیوں کو سہولت بہم پہنچانے کا ذمہ تھا۔ نائب صدر نے کہا کہ ڈاک ٹکٹ ہماری تاریخ کے بارے میں خصوصی طور سے آئندہ پیڑھی کے شہریوں کے لئے مستند جانکاری کا ایک عمدہ وسیلہ ہیں ۔

مواصلات، ریلوے اور الیکٹرانکس اور اطلاعاتی تکنالوجی کے مرکزی وزیر جناب اشونی ویشنو نے کہا کہ محترم چمن لال کا تمام بھارتی نسلوں کے ساتھ گہرا اور روحانی رشتہ تھا۔ مرکزی وزیر نے ایک قصہ ساجھا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سال 1992 میں ماریشس کے اس وقت کے صدر جناب انیرودھ جگن ناتھ نے اپنے بیٹے کی شادی میں محترم چمن لال جی کے شامل ہونے تک شادی میں دیری کی۔ انہوں نے کہا کہ ان کا طرز زندگی اتنا آسان تھا کہ اپنے کپڑے دھونے کے بعد انہیں نچوڑے بغیر سکھادیتے تھے تاکہ پریس کرنے کی ضرورت نہ پڑے۔انہوں نے ’’آزادی کے امرت مہوتسو ‘‘کے ایک جزو کے طور پر بھارت کے گمنام سورماؤں کی شناخت کرنے اور ان کی عزت افزائی کرنے کی مختلف پہل قدمیوں کے لئے محکمہ ڈاک کی کوششوں کی ستائش کی۔

مواصلات کے وزیر مملکت جناب دیو سنگھ چوہان نے کہا کہ محترم چمن لال بھارت ماں کے حقیقی سپوت تھے، جن کی وسیع النظری اور باریک بینی کے ساتھ وضع کی گئی منصوبہ بندی نے بھارت اور غیر ممالک میں متعدد افراد کی مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ محترم چمن لال میں ازسر نو جنگل کاری اور ماحولیاتی توازن کو قائم رکھنے کا جذبہ تھا۔

ڈاک ٹکٹ کی تجویز جناب امرجیو لوچن، جنرل سکریٹری، انٹرنیشنل سینٹر فار کلچرل اسٹڈیز کے ذریعہ پیش کی گئی اور اسے جناب سنکھا سامنتا کے ذریعہ ڈیزائن کیا گیا۔

اس تقریب میں، ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ، فرسٹ ڈے کور (ایف ڈی سی) اور ایک معلوماتی کتابچے کا بھی اجراء کیا گیا۔ آج جاری کیا گیا ٹکٹ بھارت کے گمنام سورماؤں کو محکمہ ڈاک کی جانب سے خراج عقیدت ہے اور یہ آزادی کے امرت مہوتسو پروگرام کے لئے محکمہ کی پہل قدمی کا ایک حصہ ہے۔

یادگاری ڈاک ٹکٹ، فرسٹ ڈے کور (ایف ڈی سی) اور معلوماتی کتابچہ ملک کے ہر کونے میں موجود فلاٹیلک بیورو میں خریداری کے لئے دستیاب ہوں گے اور اس کے علاوہ انہیں ای۔پوسٹ آفس(https://www.epostoffice.gov.in/) کے ذریعہ آن لائن آرڈبھی کیا جا سکتا ہے۔

************

 

ش ح۔اب ن

 (U: 7579)


(Release ID: 1743710) Visitor Counter : 300