وزیراعظم کا دفتر

پارلیمنٹ2021کے مانسون اجلاس کےآغاز کے موقع پروزیراعظم کے بیان کا متن

Posted On: 19 JUL 2021 11:13AM by PIB Delhi

نئی دہلی،19؍جولائی: ساتھیوں ، آپ تمام ہی حضرات کو خوش آمدید، مجھے امید ہے کہ آپ سب نے ویکسین کی کم از کم ایک خوراک لے لی ہوگی۔ لیکن اس کے باوجود، میری آپ سب دوستوں سے بھی گزارش ہے ، ایوان کے بھی تمام ساتھیوں سےدرخواست کرتا ہوں کہ وہ کورونا کے تمام تر پروٹوکالز پرعمل کرنے میں اپنا بھرپورتعاون کریں۔ اب یہ ویکسین بازوؤں پر لگائی جاتی ہے،اور جب یہ ویکسین بازوؤں پرلگائی جاتی ہے تو ہر کوئی باہوبلی بن جاتا ہے۔ اور کورونا کے خلاف لڑنے کے لئے باہوبلی بننے کا واحد راستہ اپنے بازوؤں پر ٹیکہ لگاناہے۔

اب تک 40 کروڑ سے زیادہ لوگ کورونا کے خلاف جنگ میں باہوبلی بن چکے ہیں۔ یہ کام انتہائی تیز رفتاری سے آگے بڑھایا جارہا ہے۔ یہ وبائی بیماری ہے اور ایک ایسی وبا ہے جس نے پوری دنیا کو اپنی زد میں لےرکھا ہے، پوری انسانیت کو اپنی زدمیں لےلیا ہے۔ اور اسی وجہ سے ہم چاہتے ہیں کہ اس وبائی بیماری کے بارے میں پارلیمنٹ میں بامعنی اور نتیجہ خیز گفتگو ہونی چاہئے، ترجیحات کی بنیاد پر اس سے متعلق مباحثے ہونے چاہیےاور تمام تر عملی تجاویز یہاں موجود سارےمعزز ممبران پارلیمنٹ کے ذریعہ پیش کی جانی چاہئے تاکہ اس تعلق سے بہت ساری نئی چیزیں سامنے  آسکیں۔ وبائی امراض کے خلاف جدید طرز کی سوچ سامنے آسکے ،اگر کچھ کوتاہیاں رہ گئی ہیں، تو انہیں بھی درست کیا جا سکتا ہے اور اس لڑائی میں سب ساتھ مل کر آگے  بڑھ سکتے ہیں۔

میں نے ایوان کےتمام لیڈروں سے بھی درخواست کی ہے کہ اگر وہ کل شام کو وقت نکالیں تو میں ان کو بھی وبائی امراض سے متعلق تمام تفصیلات و معلومات فراہم کرانا چاہتا ہوں۔ ہم ایوان کے تمام رہنماؤں سے ایوان کے ساتھ ساتھ ایوان کے باہر بھی تبادلہ خیال کرنا چاہتے ہیں کیونکہ میں مستقل طور پر وزرائے اعلی سے ملتا رہتا ہوں۔ ہر طرح کے بحث و مباحثے اور طرح طرح کے تبادلہ خیال مختلف فورمز پر ہورہے ہیں۔ لہذا میں فلور لیڈروں سے اپیل کرتا ہوں کہ اگرایوان کی کاروائی  چل رہی ہے تو پھر میسرسہولتوں سے فائدہ اٹھائیں، ایک دوسرے کے روبرو ہوں اور سب ساتھ مل کر بات چیت کریں گے۔

دوستوں،  ایوان کی کاروائی نتیجہ خیز ہونی چاہئے، بامعنی اور مثبت مباحثےکے لئے وقف ہونا چاہیے، حکومت ان تمام سوالوں کے جوابات دینے کے لئے پوری طرح تیار ہے جو ملک کے عوام چاہتے ہیں۔ میں نے تمام معزز اراکین پارلیمان، تمام سیاسی جماعتوں سے گزارش کروں گا کہ وہ تیزوتندسوالات پوچھیں، مشکل سوالات پوچھیں لیکن حکومت کو پرسکون ماحول میں جواب دینے کا موقع بھی دیں۔ کیوں کہ عوام کے سامنےسچائی کے پہنچنے سے جمہوریت کو بھی تقویت ملتی ہے، عوام کا اعتماد بھی بڑھتا ہے اور ملک کی ترقی کی رفتار بھی تیز ہوتی ہے۔

دوستوں، اس سیشن میں اندر کے انتظامات پہلے کی طرح نہیں ہیں، ہم میں کا ہر فرد ساتھ بیٹھ کر کام کرنے والاہے کیونکہ تقریباً ہر ایک کو ویکسین لگادی گئی ہے۔ میں ایک بار پھر آپ تمام ساتھیوں  کا بہت شکریہ ادا کرتا ہوں اور آپ سے گزارش کرتا ہوں کہ اپنا خیال رکھیں۔ اور آئیے ہم سب ملک کی امیدوں اور امنگوں کو پورا کرنے کے لئے مل کر کام کریں۔

 

بہت بہت شکریہ ساتھیوں!

 

**********************

 

۰۰۰۰۰۰۰۰

ش ح - س ک

U. NO. 6681



(Release ID: 1736686) Visitor Counter : 231