کابینہ سکریٹریٹ

کابینہ سکریٹری کی صدارت والی بحران کے بندوبست سے متعلق قومی کمیٹی (این سی ایم سی) نے گردابی طوفان ‘تاؤتے’ کے بعد راحت اور بازآبادکاری کی کوششوں کاجائزہ لیا

Posted On: 20 MAY 2021 4:22PM by PIB Delhi

نئی دہلی، 20 مئی  .2021

کابینہ سکریٹری جناب راجیو گابا کی صدارت والی بحران کے بندوبست سے متعلق قومی کمیٹی (این سی ایم سی) نے گردابی طوفان ‘تاؤتے’ کے بعد ریاستی حکومتوں اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں  کی انتظامیہ، مرکزی وزارتوں اور ایجنسیوں کے ذریعہ کی گئی راحت اور بازآبادکاری کی کوششوں کے جائزے کے لئے جمعرات کو ایک میٹنگ کی ۔

ریاستوں کے چیف سکریٹریوں  اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں کے منتظمین کے صلاح کاروں نے کمیٹی کو متاثرہ علاقوں میں جان و مال کے ساتھ ساتھ بنیادی ڈھانچے اور فصل کو ہوئے نقصان کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کمیٹی کو متاثرہ علاقوں میں ٹیلی کام، بجلی، سڑک ، پانی کی سپلائی اور دیگر ضروری خدمات کی بحالی کے لئے ان کے ذریعہ کی گئی کوششوں کے بارے میں بھی بتایا ۔

اس بات پر خاص طور پر زور دیا گیا کہ بھارتی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے بروقت اور صحیح پیش گوئی اور سبھی متعلقہ مرکزی اور ریاستی / مرکز کے زیرانتظام علاقوں کی ایجنسیوں کی اجتماعی کوششوں کی وجہ سے اس طوفان سے ہونے والی تباہی اور جان و مال کے نقصان کو محدود کردیا گیا ۔ سبھی متعلقہ ایجنسیوں نے صحیح وقت  پر اور پیشگی کارروائی کی جس کی وجہ سے طوفان سے متاثرہ علاقوں میں اسپتالوں اور کووڈ-19 دیکھ بھال مراکز کے کام کاج میں کوئی رکاوٹ نہیں آئی۔

اس میٹنگ میں او این جی سی کے تین جہازوں اور ایک ساحل سے پرے ڈرلننگ کشتی پر سوار لوگوں کو بچانے کے لئے بھارتی بحریہ اور کوسٹ گارڈ کے ساتھ ساتھ  دیگر ایجنسیوں کے ذریعہ کی گئی مشترکہ کوششوں کے بارے میں بھی بات چیت ہوئی۔

راحت اور بازآبادکاری کی کوششوں کا جائزہ لیتے ہوئے جناب  راجیوگابا نے ٹیلی کام، بجلی ، پانی کی سپلائی اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو جلد سے جلد بحال کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے ریاستوں / مرکز کے زیرانتظام علاقوں کی حکومتوں اور متعلقہ ایجنسیوں سے کہا کہ وہ ان خدمات کی بحالی کے کام کو جلد سے جلد پورا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں کو سبھی ضروری امداد جلد فراہم کرنے کے لئے مرکزی وزارت / ایجنسیاں ان کے ساتھ تال میل کے ساتھ کام کریں گی۔

میٹنگ میں گجرات ، مہاراشٹر، کرناٹک ، گوا ، کیرالہ، تمل ناڈو کے چیف سکریٹریوں اور افسران کے علاوہ لکشدیپ  اور دادر و ناگرحویلی، دمن اور دیو کے منتظمین کے صلاح کار موجود تھے۔وزارت داخلہ ، جہاز رانی کی وزارت، ٹیلی مواصلات کی وزارت ، پیٹرولیم و قدرتی گیس کی وزارت ، وزارت توانائی، وزارت صحت ، خوراک اور عوامی نظام تقسیم کی وزارت ، پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کی وزارت کے سکریٹریوں اور افسران کے علاوہ این ڈی ایم اے کے ممبر سکریٹری ، این ڈی آر ایف کے ڈائرکٹر جنرل ، آئی ایم ڈی کے ڈائرکٹر جنرل ، کوسٹ گارڈ کے ڈائرکٹر جنرل اور آئی ڈی ایس کے نائب سربراہ بھی اس میٹنگ میں شامل ہوئے۔

*******

 

ش ح۔ ف  ا- م ص

(U:4673)


(Release ID: 1720446) Visitor Counter : 218