صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت

ڈاکٹر ہرش وردھن نے تیسرے انڈیا ٹورزم مارٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا


’’ہماری وسیع اور ہمہ گیر صحت طبی صنعت نے اسے دنیا کی بہترین صنعت کے ہم پلہ بنایا ہے‘‘

’’بھارت فارماسیوٹیکلس کے سب سے بڑے مینوفیکچررز میں سے ایک ہے اور پوری دنیا میں استعمال کیے جانے والے ٹیکہ کا ایک بڑا حصہ سپلائی کرتا ہے‘‘

Posted On: 18 FEB 2021 1:52PM by PIB Delhi

صحت اور خاندانی فلاح و بہبود کے مرکزی وزیرڈاکٹر ہرش وردھن نے آج فیڈریشن آف ایسوسی ایشنز اِن انڈیا ٹورزم اینڈ ہاسپٹیلٹی (ایف اے آئی ٹی ایچ) کے ذریعہ منعقد  تیسرے انڈیا ٹورزم مارٹ کی افتتاحی تقریب کا ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ افتتاح کیا۔

اس پروگرام کا انعقاد کرنے کے لیے ایف اے آئی ٹی ایچ کو مبارکباد دیتے ہوئے، ڈاکٹر ہرش وردھن نے اس میں شریک ہونے پر خوشی کا اظہار کیا جس میں 60 ممالک سے 250 سے زیادہ وفود نے ورچوئل طریقے سے شرکت کی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’اس تیسرے انڈیا ٹورزم مارٹ کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے کیوں کہ اس کا انعقاد ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب دنیا وبائی مرض کے سیاہ بادلوں سے باہر نکل رہی ہے اور دنیا بھر کے ممالک صحت و سلامتی کی تمام تدابیر کو اپناتے ہوئے سفر کے تمام راستے کھولنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘

کووڈ-19 وبائی مرض کو کنٹرول کرنے کی حکومت کی کوششوں کو اجاگر کرتے ہوئے، ڈاکٹر ہرش وردھن نے کہا، ’’بھارت نے کووڈ-19 کے خلاف دنیا کا سب سے بڑا امیونائزیشن پروگرام شروع کیا ہے۔ ہم نے نہ صرف بھارت میں 8.5 ملین سے زیادہ لوگوں کو ٹیکے کی خوراک دی ہے، بلکہ ہماری مدد کے خواہش مند دیگر ممالک کو بھی ٹیکہ کی خوراکیں بھیجی ہیں۔‘‘

ہندوستان میں طبی نگہداشت کی سہولیات  میں ہونے والی پیش رفت، جس نے بھارت میں طبی سیاحت میں اضافہ کیا ہے، کا ذکر کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا، ’’ہندوستان ہمیشہ سے سیاحوں کی پسندیدہ منزل رہا ہے، لیکن گزشتہ چند برسوں میں، یہ طبی سیاحت کے لیے سرفہرست منزل کے طور پر بھی ابھرا ہے۔  ہماری وسیع اور ہمہ گیر صحت طبی صنعت نے اسے دنیا کی بہترین صنعت کے ہم پلہ بنایا ہے۔ ہمارا تعلیمی نظام، جو عالمی سطح کے ڈاکٹر، نرسیں اور پیرامیڈیکل اسٹاف تیار کرتا ہے، کو پوری دنیا میں مقبولیت حاصل ہو رہی ہے۔ اکثر دنیا کی فارمیسی کہا جانے والا بھارت فارماسیوٹیکلس کا سب سے بڑا مینوفیکچرر بھی ہے اور پوری دنیا میں ٹیکوں کا ایک بڑا حصہ سپلائی کرتا ہے۔ ان تمام طاقتوں اور صلاحیتوں نے بھارت کو طبی سیاحت کی ایک اہم منزل بنانے میں بڑا رول ادا کیا ہے۔‘‘

ڈاکٹر ہرش وردھن نے اپنی وزارت کے سامعین کو اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی کہ ان کی وزارت بین الاقوامی سیاحت کے احیا میں وزارتِ سیاحت کو بھی اپنا پورا تعاون فراہم کرے گی۔

مرکزی وزیر نے اپنے خطاب کے آخر میں ایک بار پھر ایف اے آئی ٹی ایچ کو اس پروگرام کے انعقاد کے لیے مبارکباد پیش کی اور اس میں شرکت کرنے والے تمام وفود کو اپنی نیک خواہشات پیش کیں۔

*************

ش ح۔ ق ت۔ ج ا

1700U No.

 


(Release ID: 1699017) Visitor Counter : 219