وزیراعظم کا دفتر

وزیر اعظم اور فرانس کے صدر عالی جناب ایمانوئیل میکرون کے درمیان ٹیلی فون پر بات چیت

Posted On: 07 DEC 2020 10:10PM by PIB Delhi

نئی دہلی،  7 /دسمبر  2020 ۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج جمہوریہ فرانس کے صدر عالی جناب ایمانوئیل میکرون کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی۔

وزیر اعظم نے فرانس میں ہوئے دہشت گردانہ حملوں کے تئیں اپنی تعزیت کا اظہار کیا اور دہشت گردی، شدت پسندی اور انتہاپسندی کے خلاف جنگ میں فرانس کو بھارت کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

دونوں لیڈروں نے دیگر دو فریقی، علاقائی اور باہمی دلچسپی کے عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا، جن میں کووڈ-19 کے ٹیکوں کی قوت خرید اور حصول پذیری، کووڈ کے بعد معاشی بازیابی، ہند – بحر الکاہل خطے میں باہمی تعاون، سمندری تحفظ، دفاعی تعاون، ڈیجیٹل معیشت اور سائبر سکیورٹی، کثیر فریقیت کو تقویت دینا اور موسمیاتی تبدیلی و حیاتیاتی تنوع شامل ہیں۔

دونوں لیڈروں نے اُس گہرائی اور مضبوطی پر اطمینان کا اظہار کیا جو حالیہ برسوں میں بھارت – فرانس اسٹریٹیجک شراکت داری کو حاصل ہوئی ہے۔ دونوں لیڈروں نے کووڈ کے بعد کے دور میں ایک دوسرے کے ساتھ مل جل کر کام کرتے رہنے پر اتفاق کیا۔

وزیر اعظم نے عوامی صحت کی صورت حال کے معمول پر لوٹ آنے کے بعد بھارت میں صدر میکرون کے خیرمقدم کے تئیں اپنی خواہش کا اظہار کیا۔

******

 

م ن۔ م م۔ م ر

U-NO. 7894

07.12.2020


(Release ID: 1678992) Visitor Counter : 250