وزارت خزانہ

وزیر خزانہ نے سری لنکا اقتصادی سربراہ ملاقات 2020 کے افتتاح کے موقع پر کلیدی خطبہ دیا

Posted On: 01 DEC 2020 5:25PM by PIB Delhi

نئی دہلی،یکم دسمبر 2020،  خزانہ اور کمپنی امور کی وزیر محترمہ نرملا سیتارمن نے آج ورچوول طور سے سری لنکا اقتصادی سربراہ ملاقات2020  کے 20ویں ایڈیشن کے افتتاح کے موقع پر ایک کلیدی خطبہ دیا۔ ایس ایل ای ایس سالانہ بنیاد پر سیلون چیمبرآف کامرس کے ذریعے منعقد کیا جاتا ہے اور یہ سری لنکا کا ایک مقتدر فورم ہے، جو اقتصادی اور کاروباری موضوعات پر تبادلہ خیالات کا اہتمام کرتا ہے۔ اس سال کی تقریب کا عنوان ‘شروعات کے لیے لائحہ عمل، عوام پر مرتکز اقتصادی احیا’ ہے۔ سری لنکا کے صدر عالی جناب گوٹابیا راج پکشا اس افتتاحی اجلاس میں مہمان خصوصی کے طور پر شریک تھے۔

وزیرخزانہ نے بھارت کی جانب سے وبائی مرض سے متعلق چنوتیوں سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اقدامات کو اجاگر کیا۔ سری لنکا کی ترقی کے لیے اقتصادی شروعات اور کلیدی پالیسی سازوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ محترمہ نے اپنے کلیدی خطبہ میں کہا کہ بھارت کا ‘آتم نربھر بھارت ابھیان’ اور سری لنکا کا ‘خودکفیل سری لنکا کا نظریہ’ ایک دوسرے سے مماثلت رکھتے ہیں اور ایک دوسرے کے مقاصد کی تکمیل میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں اور دونوں ممالک کی جانب سے اقتصادی احیا کے لیے کی جانے والی کوششوں کو مستحکم بنانے کےلیے ان کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور سری لنکا کے مابین تعاون ایسی ہمہ گیر نمو کے لیے مفید ثابت ہوگا، جو دونوں ممالک کے عوام پر مرتکز ترقیات کے نظریے کا جزو لا ینفک ہے۔

وزیرخزانہ نے بطور خاص اس بات کا ذکر کیا کہ بھارت، سری لنکا کے ساتھ ترقیاتی تعاون کا مضبوط شراکت دار رہا ہے۔ انہوں نے اپنی جانب سے باہمی فوائد کے لیے بامعنی اقتصادی تعاون جاری رکھنے کے سلسلے میں اپنی مستعدی کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے ضابطہ جاتی ہم آہنگی اور صنعتی و نجی شعبے کے لیے یقینی پالیسی  سازی کی ضرورت اور اس کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

U-7776

م ن۔     ت ع۔


(Release ID: 1677975) Visitor Counter : 206