صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت

وزارت صحت نے کووڈ-19 کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے بازاروں میں انسدادی اقدامات سے متعلق ایس او پی جاری کی

Posted On: 02 DEC 2020 2:03PM by PIB Delhi

 

نئی دہلی،  2 /دسمبر  2020 ۔ صحت و کنبہ بہبود کی وزارت نے ملک میں کووڈ-19 کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے زیر عمل لائے جانے والے انسدادی اور احتیاطی اقدامات سے متعلق معیاری آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پی) جاری کی ہے۔ یہ پروسیجرس حسب ذیل ہیں:

  1. بیک گراؤنڈ

وزارت صحت نے اس حقیقت کا اعتراف کرتے ہوئے کہ بازار ایسی جگہیں ہیں جہاں بڑی تعداد میں لوگ اپنی روز مرہ کی ضرورتوں، خریداری، تفریح اور خورد و نوش کے لئے جاتے ہیں، کووڈ-19 کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ایک پروٹوکول تیار کیا ہے۔ کووڈ کی وبا کے دوران جب کہ اقتصادی سرگرمیوں  کو بتدریج کھولا جارہا ہے، بازاروں میں بڑی تعداد میں لوگوں کا آنا جانا ہورہا ہے۔  کووڈ-19 سے متعلق مناسب برتاؤ کو اختیار کئے بغیر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا اندیشہ ہے۔

  1. منشا (اسکوپ)

اس دستاویز میں متعدد احتیاطی اقدامات کا نقشہ کھینچا گیا ہے، جس پر کووڈ-19 کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے بازاروں میں عمل کیا جانا ہے۔ یہ اقدامات بازاروں سے متعلق مقررہ مخصوص اقدامات کے علاوہ ہیں۔ ان رہنما ہدایات کا اطلاق خوردہ اور تھوک دونوں طرح کے بازاروں پر ہوگا۔ کچھ بڑے بازاروں میں مالس / ہائیپر / سپر مارکیٹ بھی ہوسکتے ہیں۔

ایسے اداروں کے لئے صحت و کنبہ بہبود کی وزارت کے ذریعے پہلے جاری کئے گئے رہنما ہدایات (https://www.mohfw.gov.in/pdf/4SoPstobefollowedinShoppingMalls.pdf پر دستیاب) نافذ ہوں گی۔

بازاروں میں واقع ریستورانوں کے سلسلے میں وزارت کے ذریعے پہلے جاری کی گئیں رہنما ہدایات  (https://www.mohfw.gov.in/pdf/3SoPstobefollowedinRestaurants.pdf) کا نفاذ ہوگا۔

اسی طرح سے دفاتر، مذہبی مقامات / عبادت گاہوں، تربیتی اداروں، یوگا اداروں اور جمنازیم، سنیما ہالوں / تھیٹروں اور کوئی بھی ایسی دیگر مخصوص سرگرمیاں جو کہ بازاروں کا جزو ہیں یا جو مارکیٹ کمپلیکس کے اندر واقع ہیں، کے لئے وزارت کے ذریعے وقتاً فوقتاً جاری کردہ مخصوص رہنما ہدایات قابل  نفاذ ہوں گی۔

کانٹینمنٹ زونوں میں واقع بازار بند رہیں گے۔ صرف کانٹینمنٹ زونوں سے باہر واقع بازاروں کو ہی کھولے جانے کی اجازت ہوگی۔

  1. خطرات کے امکانات والی آبادی کا تحفظ

65سال سے زیادہ عمر کے افراد، حاملہ خواتین اور 10 سے کم عمر کے بچوں کو یہ صلاح دی جاتی ہے کہ وہ گھر پر ہی رہیں، الا یہ کہ کوئی ضروری اور صحت سے متعلق معاملہ ہو۔ مارکیٹ آنرس ایسوسی ایشنوں کو بھی ایسی ہی صلاح دی جاتی ہے۔

ایسے ملازمین جنھیں شدید خطرہ لاحق ہے، یعنی عمر دراز ملازمین، حاملہ ملازمین اور زیر علاج ملازمین  اضافی احتیاط برتیں۔

مارکیٹ ایسوسی ایشنوں کو یہ صلاح دی جائے گی کہ وہ ایسے افراد کو ایسے کاموں میں نہ لگایا جائے جن میں عوام کے ساتھ راست رابطے کی ضرورت پڑتی ہے۔

  1. کووڈ کے نقطہ نظر سے مناسب برتاؤ کو فروغ دینا

کووڈ-19 کے خطرے کو کم کرنے کے لئے عوامی صحت سے متعلق تازہ اصولوں پر عمل کیا جائے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہر وقت دکان داروں اور ادارے کے مالکان، خریداروں اور ورکروں کے ذریعے ان اقدامات پر عمل کیا جائے۔

ان اقدامات میں شامل ہیں:

  1. جہاں تک ممکن ہوسکے کم از کم 6 فٹ کی جسمانی دوری کا خیال رکھا جائے۔
  2. فیس کور / ماسک کے استعمال کو لازمی بنایا جائے۔
  3. ہاتھوں کو اکثر و بیشتر دھویا جائے (کم از کم 40 سے 60 سیکنڈ تک) ہاتھ گندے نظر نہ آئیں تب بھی۔ جہاں تک ممکن ہوسکے دکانوں سے باہر اور دوسری جگہوں پر الکحل پر مبنی ہینڈ سینیٹائزروں کا استعمال کیا جائے (کم از کم 20 سیکنڈ تک)۔
  4. تنفسی اخلاقیات پر سختی سے عمل کیا جائے۔ اس میں کھانستے / چھینکتے وقت ٹیشو / رومال / کہنی وغیرہ سے منھ اور ناک کا ڈھکنا شامل ہے۔
  5. سبھی کے ذریعے اپنی صحت کی نگرانی اور طبیعت خراب ہونے پر جلد از جلد ریاستی اور ضلعی ہیلپ لائن پر اس کی اطلاع دی جائے۔
  6. تھوکنا سختی کے ساتھ منع ہے۔
  7. سبھی لوگوں کو آروگیہ سیتو ایپ انسٹال کرنے اور استعمال کرنے کی صلاح دی جاتی ہے۔
  1. بازاروں میں صحت بخش ماحول کی برقراری

عام دنوں میں بازاروں میں اکثر بھیڑ بھاڑ رہتی ہے جس کی وجہ سے صفائی ستھرائی کی صورت حال بہتر نہیں ہوتی۔

کووڈ-19 کے پھیلاؤ کے خطرے کو دور کرنے کے لئے ضروری ہے کہ بازاروں میں صحت بخش ماحول برقرار رکھا جائے۔

اس میں یہ چیزیں شامل ہیں:

  1. روزمرہ کی سرگرمیوں کے آغاز سے قبل دکان کے اندر کام میں آنے والے سبھی علاقوں کو دکان مالکان کے ذریعے سینیٹائز کیا جائے۔
  2. دکان کھلنے سے پہلے، دن کے ختم ہوتے وقت اور دیگر مناسب اوقات میں اکثر چھوئی جانے والی سطحوں جیسے دروازہ / ہینڈل، ایلیویٹر کے بٹن، ہینڈ ریل، کرسی، ٹیبل وغیرہ کی صفائی کی جائے اور اسے برابر ڈس انفیکٹ کیا جائے۔
  3. دکانوں کے داخلہ دروازے پر ہینڈ ہائیجن بندوبست (سینیٹائزر ڈسپینسر) لازمی طور پر لگایا جائے۔
  4. جن جگہوں پر پارکنگ لاٹ عملے کے ذریعے کاروں کی ری پوزیشننگ کی جاتی ہے وہاں گاڑی مالکان گاڑی کو دوبارہ استعمال کرنے سے پہلے اسٹیئرنگ، ڈور ہینڈلس، چابی وغیرہ کو مناسب طریقے سے ڈس انفیکٹ کریں۔
  5. پبلک یوٹیلٹی ایریاز اور کھلی جگہوں کی 1 فیصد سوڈیم ہائیپوکلورائٹ سالیوشن سے سینیٹائز کیا جائے۔
  6. بیت الخلاء، ہینڈ واشنگ اور ڈرنکنگ واٹر اسٹیشنوں کی روزانہ کم از کم 3 سے چار مرتبہ اچھی طرح سے صفائی کی جائے۔
  7. مارکیٹ ایسوسی ایشنز اپنے ذرائع سے اور شہری اداروں / سیوک ایجنسیوں کی مدد سے پبلک یوٹیلٹی ایریاز اور کھلی جگہوں پر صحت بخش ماحول برقرار رکھنے کا کام کریں۔

تفصیلی رہنما ہدایات https://www.mohfw.gov.in/pdf/Guidelinesondisinfectionofcomm

onpublicplacesincludingoffices.pdf پر دستیاب ہیں۔

  1. بازاروں میں کووڈ سے متعلق مناسب برتاؤ کے لئے منصوبہ بندی

6.1  بازاروں میں کووڈ سے متعلق مناسب برتاؤ کو اپنے طور پر منضبط کرنا

متعدد اقدامات کے ذریعے مارکیٹ ایسوسی ایشنز بازاروں میں کووڈ سے متعلق مناسب برتاؤ کو اپنے طور پر منضبط کرسکتی ہیں۔ ان میں اس طرح کے اقدامات ہوسکتے ہیں:

  1. ہر مارکیٹ کے لئے ایک ذیلی کمیٹی کی تخلیق، تاکہ وہ کووڈ سے متعلق مناسب برتاؤ کے نفاذ کی سہولت بہم پہنچاسکے اور نگرانی کرسکے۔
  2. حکومت کے ذریعے منظور شدہ شرحوں پر داخلے کی جگہوں اور پارکنگ لاٹ میں ماسک ڈسپنسنگ کیوسکس لگائے جاسکتے ہیں۔
  3. ان لوگوں کے لئے جو استطاعت نہ رکھتے ہوں مفت ماسک کی تقسیم کا التزام۔
  4. پبلک یوٹیلٹی ایریاز میں ہینڈ واشنگ اسٹیشنوں کی تنصیب اور صابن و پانی کی دستیابی کو یقینی بنانا۔ پیر سے آپریٹ کئے جانے والے نلوں اور سوپ ڈسپنسروں کی دستیابی کی صلاح دی جاتی ہے۔
  5. بازاروں میں داخل ہونے کی جگہوں پر ماسک تھرمل اسکریننگ کی سہولت کی فراہمی۔
  6. پبلک یوٹیلٹی ایریاز کے سینیٹائزیشن کے لئے تھرمل گنوں، سینیٹائزرس، ڈس انفیکٹینٹس کی خرید۔
  7. اہم جگہوں پر کووڈ سے متعلق مناسب برتاؤ کے سلسلے میں آئی ای سی مٹیریل اور سائنیج۔

6.2  انفورسمنٹ ایجنسیوں کے ذریعے کووڈ سے متعلق مناسب برتاؤ کو یقینی بنانا

جہاں پر خود انضباطی نقطہ نظر کام نہ کرے یا اس کا اثر نہ ہو، وہاں جہاں مطلوب ہو تنفیذی اقدامات کئے جانے چاہئیں، اس میں شامل ہیں:

  1. ماسک / فیس کور نہ پہننے والوں یا جسمانی دوری سے متعلق ضابطوں پر عمل نہ کرنے والوں پر جرمانہ عائد کیا جائے۔
  2. اس متبادل پر غور کیا جائے کہ بازار / دکان متبادل دنوں میں کھلیں۔
  3. بڑی تعداد میں انفیکشن کے معاملات کی خبر ملنے پر بازاروں کو بند کیا جانا۔

6.3  بازار میں دکان مالکان / یوٹیلٹیز آپریٹر کے ذریعے کووڈ سے متعلق مناسب برتاؤ کو یقینی بنانے کے لئے منصوبہ بندی

مالکان یقینی بنائیں کہ:

  1. دکانوں / یوٹیلیز کے اندر اور باہر کم از کم 6 فٹ کی جسمانی دوری یقینی بنے۔
  2. دکانوں / یوٹیلٹیز کے اندر اور باہر قطار بندی۔
  3. جسمانی دوری سے متعلق ضابطوں پر عمل کے سلسلے میں قطار کی نگرانی کے لئے خاطرخواہ عملے کی تعیناتی۔
  4. دکانوں / یوٹیلٹیز میں بغیر ماسک کے داخل ہونے والے خریداروں کے لئے تین سطحی ماسک / فیس کور کا التزام۔
  5. وزیٹرس کے ذریعے ہینڈ سینیٹائزیشن کے واسطے دکان / ادارے کے داخلے کی جگہ پر ہینڈ سینیٹائزرس کا التزام۔
  6. کانٹیکٹ لیس پیمنٹ کے لئے جہاں تک ممکن ہو مناسب بندوبست۔

6.4  وینٹی لیشن کو یقینی بنانا

  1. جہاں تک ممکن ہوسکے، قدرتی طور پر ہوا آنے جانے (وینٹی لیشن) کو یقینی بنایا جائے اور چھوٹے نیز بند جگہوں کے استعمال کی حوصلہ شکنی کی جائے۔
  2. آؤٹ ڈور ایئر کے سرکولیشن میں جہاں تک ممکن ہوسکے، اضافہ کئے جانے کی ضرورت ہے۔ اس کے لئے کھڑکیوں اور دروازوں کو کھلا رکھا جاسکتا ہے، پنکھوں کا استعمال کیا جاسکتا ہے یا کوئی دوسرا طریقہ اپنایا جاسکتا ہے۔
  3. ایئر کنڈیشننگ / وینٹی لیشن کے لئے سی پی ڈبلیو ڈی کی رہنما ہدایات پر عمل کیا جانا چاہئے۔

6.5  کراؤڈ مینجمنٹ یعنی بھیڑ کو قابو میں کرنا

بھیڑ کی صورت حال ہر وقت یکساں نہیں رہ سکتی۔ عام طور پر ہفتے کے دنوں میں شام کے اوقات میں بھیڑ زیادہ ہوتی ہے۔ اختتام ہفتہ پر اور چھٹیوں میں بازاروں میں بھیڑ بڑھ جاتی ہے اور اس کا سلسلہ دن کے زیادہ تر اوقات سے لے کر دیر شام تک رہتا ہے۔ ان بھیڑ بھاڑ والے دنوں / اوقات کے لئے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔ اس سلسلے میں بھیڑ کو قابو میں کرنے کے لئے مارکیٹ ایسوسی ایشنوں کے اشتراک سے قانون کا نفاذ کرنے والی ایجنسیوں کے ذریعے متعدد قسم کی حکمت عملی وضع کی جاسکتی ہے۔

ان میں شامل ہے:

  1. بھیڑ کو قابو میں کرنے کے لئے سول ڈیفنس والنٹیئروں / ہوم گارڈوں / رضاکاروں وغیرہ کو لگانا۔
  2. گاڑیوں کے محدود داخلے کے لئے پارکنگ لاٹس میں آمد پر کنٹرول۔
  3. داخل ہونے اور نکلنے کے لئے اگر ممکن ہو تو الگ الگ دروازے / راستے۔
  4. بازاروں کے اندر کی سڑکوں کو گاڑیوں سے پاک بنایا جاسکتا ہے اور ایسا التزام کیا جاسکتا ہے کہ صرف پیدل چلنے والے یا سائیکل والے ہی اندر آئیں۔
  5. قانون کا نفاذ کرنے والی اتھارٹیز بازار کی سڑکوں پر غیر قانونی پارکنگ کے لئے سخت تعزیری اقدامات کرسکتی ہیں۔
  6. گاڑیوں کو صرف مطلوبہ پارکنگ لاٹس میں پارک کرنے کی اجازت ہو۔
  7. ضرورت سے زیادہ بھیڑ کا پتہ لگانے کے لئے سی سی ٹی وی کے ذریعے نگرانی پر غور کیا جاسکتا ہے۔
  8. دکانوں / یوٹیلٹیز کے زیادہ وقت تک کھلے رکھنے کے متبادل پر غور کیا جاسکتا ہے۔
  9. براہ راست بازاروں سے جڑے ہوئے میٹرو ریل اسٹیشنوں پر بھیڑ کو قابو کرنے کا مناسب بندوبست۔
  10. کیرانہ سامانوں کی گھر پر ڈیلیوری کے لئے آن لائن بکنگ کے التزامات کی حوصلہ افزائی۔
  11. ان اوقات میں جب بھیڑ بھاڑ نہیں ہوتی، خریداری کرنے والوں کو مراعات / ڈسکاؤنٹ ۔

6.6  بیداری پیدا کرنا

  1. ایسے التزامات کئے جائیں کہ کووڈ-19 کی روک تھام کے متعلق پوسٹرس / اسٹینڈیز / اے وی میڈیا بازاروں میں نمایاں جگہوں پر لگائے جائیں، جس میں یہ درج ہو کہ کیا کرنا ہے اور کیا نہیں کرنا ہے۔
  2. بازار کے احاطے میں نصب شدہ اے وی سسٹمز کے ذریعے کووڈ-19 سے متعلق مناسب برتاؤ پر مشتمل احتیاطی اقدامات پر مبنی  پیغامات  نشر کئے جائیں۔
  3. اگر دکانوں کی کوئی ویب سائٹ یا موبائل اپلی کیشن ہو تو اس پر کووڈ-19 کی روک تھام سے متعلق احتیاطی اقدامات پر مشتمل باتیں ڈسپلے کی جائیں۔
  4. نمایاں جگہوں پر اسٹیٹ ہیلپ لائن نمبر اور لوکل ہیلتھ اتھارٹیز کے نمبر ڈسپلے کئے جائیں۔

6.7  کووڈ سے متعلق سپلائیز کی دستیابی

  1. ضرورت کے مطابق دکان مالکان کے ذریعے اپنے ملازمین کو ذاتی تحفظ سے متعلق اشیاء جیسے ماسک، ہینڈ سینیٹائزر، صابن وغیرہ دستیاب کرائے جائیں۔
  2. تھرمل گنوں کی خاطرخواہ مقدار میں دستیابی کرائی جائے۔
  3. سی پی سی بی کی رہنما ہدایات کے مطابق کچرے کے بندوبست کے لئے خاطرخواہ تعداد میں ڈھکے ہوئے ڈسٹ بن اور ٹریش کین کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ (https://cpcb.nic.in/uploads/Projects/BioMedical-Waste/BMWGUIDELINES- COVID_1.pdf پر دستیاب)

 

  1. بازاروں میں صحت بخش آپریشنز کی برقراری
  1. کانٹینمنٹ زون میں رہنے والے دکان مالکان، ملازمین اور خریداروں کو بازاروں میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔
  2. دکانوں میں داخلے کی جگہ پر سبھی ملازمین / خریداروں کے لئے ہینڈ ہائیجین اور تھرمل اسکریننگ ضروری ہوگی۔ صرف بغیر علامات والے ملازمین / خریداروں کو دکانوں کے اندر جانے کی اجازت ہوگی۔
  3. سبھی ملازمین یا خریداروں کو داخلے کی اجازت تبھی ہوگی جب وہ ماسک / فیس کور پہنے ہوئے ہوں۔ دکان کے اندر یا باہر ہر وقت ماسک یا فیس کور لگائے رکھنا ہوگا۔
  4. داخلے کے لئے قطار بندی کے وقت کم از کم 6 فٹ کی جسمانی دوری کے اصول پر عمل درآمد کے لئے خریداروں کو الگ الگ کھڑا کیا جائے۔
  5. جسمانی دوری سے متعلق اصولوں پر عمل درآمد کے لئے دکان کے اندر خریداروں کی تعداد کو کم سے کم رکھا جائے۔
  6. اگر دکانوں کے اندر بیٹھنے کا کوئی انتظام ہو تو جہاں تک ممکن ہوسکے، کرسیوں، بینچوں وغیرہ کے درمیان 6 فٹ کی دوری کو یقینی بنایا جائے۔
  7. ایلیویٹر / لفٹ کے اندر لوگوں کی تعداد محدود کی جائے، تاکہ جسمانی دوری سے متعلق اصولوں پر عمل ہوسکے۔
  8. اسکلیٹرس کے استعمال کے وقت لوگوں کے متبادل سیڑھیوں پر کھڑے ہونے کی حوصلہ افزائی کی جائے۔
  9. دکان دار / اسٹاف اکثر و بیشتر ہاتھ دھوتے رہیں / ہینڈ سینیٹائزر کا استعمال کرتے رہیں۔

 

 

م ن۔ م م۔ م ر

U-NO. 7751

 



(Release ID: 1677893) Visitor Counter : 224