صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
گاندھی جینتی کے موقع پر قوم کے نام صدر جمہوریہ ہند کا پیغام
Posted On:
01 OCT 2020 4:41PM by PIB Delhi
صدر جمہوریہ ہند جناب رام ناتھ کووند نے گاندھی جینتی کے موقع پرقوم کے نام درج ذیل پیغام جاری کیا ہے۔
اپنے پیغام میں صدر جمہوریہ ہند نے کہا، ‘‘بابائے قوم مہاتماگاندھی کی 151ویں سالگرہ کے موقع پر، میں احسان مند قوم کی جانب سے انہیں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔
دو اکتوبر کو ہر سال، نہ صرف ہندوستان میں بلکہ پوری دنیا میں گاندھی جینتی منایا جاتا ہے۔ وہ تمام انسانیت کیلئے بدستور تحریک کے باعث ہیں۔ ان کی زندگی کی کہانی سماج کے کمزور طبقات کو بااختیار اور مستحکم بناتی ہے۔ سچائی، عدم تشدد اور محبت کا ان کا پیغام معاشرے میں ہم آہنگی اور مساوات لاکر دنیا کی فلاح وبہبود کی راہ ہموار کرتا ہے۔ ان کی زندگی کے اقدارکل بھی اتنی ہی معنویت کے حامل تھے جتنی کہ آج ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے۔
لوگ اب اس حقیقت سے باخبر ہوچکے ہیں کہ بڑے سے بڑے مسائل کا حل گاندھی جی کے بتائے ہوئے خیرسگالی اور رواداری کے راستے سے نکالا جاسکتا ہے۔ گاندھی جی کی اپنی زندگی اس راستے پر چلنے کی ایک روشن مثال ہے۔ انہوں نے ہمیں سکھایا کہ ہمیں ان لوگوں کے ساتھ اچھا برتاؤ کرنا چاہئے جو ہمارے خیرخواہ بھی نہیں ہیں اور سب کے ساتھ ہمیں محبت، مہربانی اور معافی کاا حساس رکھنا چاہئے۔ ہمارے خیالات، الفاظ اور اعمال میں ہم آہنگی ہونی چاہئے۔
گاندھی جی اپنی کوششوں میں اخلاقیات اور اہداف و ذرائع کی پاکیزگی کو بیحد اہمیت دیتےتھے۔ مجھے خوشی ہے کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کی جارہی ہماری حکومت کی متعدد کوششوں مثلاً سوچھ بھارت مشن، خواتین کو بااختیار بنانے، غریبوں اور پسماندہ لوگوں کو بااختیاربنانے، کسانوں کی مدد کرنے اور گاؤں میں ضروری سہولتوں کی فراہمی وغیرہ کے اقدار میں گاندھی جی کے افکار اور تعلیمات پنہاں ہیں۔
گاندھی جینتی کے اس مقدس موقع پر آئیے ہم ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنے آپ کو دوبارہ وقف کرنے کا عہدکریں۔ سچائی اور عدم تشدد کے منتر کواپنائیں اور ایک صاف ستھرا، قابل، مضبوط اور خوشحال ہندوستان کی تعمیر کاعزم کریں اور گاندھی جی کے خواب کو سچ بنانے کا عہد کریں’’۔
-----------------------
م ن۔م ع۔ ع ن
U NO: 6011
(Release ID: 1660771)
Visitor Counter : 282