نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ

راجیہ سبھا کے چیئرمین نے موجودہ وبا کے دوران عوام اور اراکین پارلیمنٹ کے تحفظ کیلئے اپنی فکر کا اعادہ کیا


انہوں نے اراکین پارلیمنٹ کو ماسک پہننے، محفوظ دوری برقرار رکھنے، اچھی حفظان صحت اور قوت مدافعت کو بڑھانے کیلئے تلقین کی
راجیہ سبھا کے چیئرمین نے کہا کہ کووڈ-19 سے بہترین بچاؤ ماسک پہننا ہے

جب تک یہ مہاماری ختم نہیں ہوجاتی ہے سرکشت دوری ضروری ہے
چیئرمین نے اراکین پارلیمنٹ سے ایوان میں محفوظ دوری برقرار رکھنے کے لئے زور دیا

Posted On: 19 SEP 2020 1:58PM by PIB Delhi

 

نئی دہلی:19 ستمبر، 2020:

راجیہ سبھا کے چیئرمین جناب ایم وینکیانائیڈو نے آج جاری وبا کے دوران عموماً لوگوں اور خصوصاً اراکین پارلیمنٹ کے  تحفظ کیلئے اپنی فکر کا اعادہ کیا۔

چیئرمین جناب نائیڈو نے اراکین کو مطلع کیا کہ انہوں نے کووڈ-19 وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے کیے گئے اقدامات، اوراراکین پارلیمنٹ کے ذریعے کیے گئے تحفظاتی اور امتناعی اقدامات کے بارے میں داخلہ سکریٹری، جوائنٹ سکریٹری، صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت اور ٹی جی ، آئی سی ایم آر کے ڈائرکٹر جنرل اور راجیہ سبھا سکریٹریٹ کے افسران کے ساتھ ایک میٹنگ کی تھی۔

چیئرمین جناب نائیڈو نے چار کلیدی اقدامات کو اجاگر کیا جس سے وبا کو قابو کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ جیسا کہ میٹنگ میں بھی مشورہ دیا گیا ، جاری وبا کے دوران ماسک پہننا وائرس سے سب سے بہترین بچاؤ ہے۔ ماسک پہننا اس وقت اہم ہوجاتا ہے جب آپ اپنے گھر کے باہر لوگوں بشمول اپنے گھروں میں کام کرنے والے باہری لوگوں کے ساتھ ملتے ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ یہ نہایت اہم ہے۔

چیئرمین نے کہا کہ دوسری سب سے اہم احتیاتی تدبیر محفوظ دوری قائم رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا ‘‘دوسری چیز محفوظ دوری، سرکشت دوری یا جو بھی کہیں ، قائم رکھنا ہے۔ جب تک یہ مہاماری ختم نہیں ہوجاتی یہ کام بہت ضروری ہے’’۔

انہوں نے کہا کہ محفوظ رہنے کیلئے تیسرا اہم عنصر صفائی ستھرائی کا خیال رکھنا ہے۔انہوں نے کہا ‘‘تیسری چیز صفائی ستھرائی کا خیال رکھنا ہے۔تھوڑی تھوڑی دیر بعد ہاتھوں کو دھلنا، ڈیٹول یادیگر صابن سے ہاتھوں کو صاف کرنا، آپ کو کسی بھی انفیکشن سے پاک رکھے گا’’۔

چیئرمین کے ذریعے بتائی گئی چوتھی حفاظتی تدبیر قوت مدافعت کو بڑھانا ہے۔ قوت مدافعت کی سطح کو بڑھانے کے طور طریقوں کو بتلاتے ہوئے انہوں نے کہا ‘‘یہ کام صحتمند کھانے کی عادتوں، صحتمند طرز زندگی اور تھوڑی مقدار میں ورزش، خواہ یہ چلنا ہو یا یوگا، کے ذریعے ممکن ہے’’۔

جناب نائیڈو نے کہا کہ صحتمند خوراک لینا بیحد اہم ہے۔ صحتمند خوراک کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا ‘‘اپنی متعلقہ جگہوں میں دادی کی باتوں کو یاد کیجئے، عام حالات میں ، کھانا پکانے، کھانے اور رہنے میں کیا کیا جاسکتا ہے،اس کو یاد کرنا ہوگا’’۔

اراکین پارلیمنٹ کے تحفظ کیلئے اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین نے ان سے محفوظ دوری برقرار رکھنے اور چھ قدم کی دوری برقرار رکھنے کی درخواست  کی۔ جناب نائیڈو نے اراکین سے کہا کہ وہ آفیسر یا چیئرمین سے بات کرنے کیلئے ایوان کی میز تک آنے سے پرہیز کریں اور اس کی جگہ ایک سلپ بھیجیں۔

پارلیمنٹ میں موجود سہولتیں اور کیے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے جناب نائیڈو نے کہا پارلیمنٹ کے موجودہ  اجلاس کے دوران ہر دن صبح ساڑھے دس بجے سے لیکر شام پانچ بجے تک پارلیمنٹ ہاؤس انیکسی کے گراؤنڈ فلور میں واقع آڈیٹوریم میں اور پارلیمنٹ ہاؤس کے دفتر استقبالیہ میں صبح آٹھ بجے سے لیکر دوپہر ڈھائی بجے تک کووڈ-19 جانچ کی سہولت، ریپڈاینٹیجن آر ٹی -پی سی آر دونوں دستیاب ہے۔ اراکین پارلیمنٹ کو مشورہ دیاگیا کہ وہ اس سہولت سے فائدہ  اٹھائیں اور اپنی ضرورت اور آسانی کے مطابق اپنی جانچ کروائیں۔ علاوہ ازیں پارلیمنٹ ہاؤس میں واقع فرسٹ ایڈ پوسٹ اور پارلیمنٹ ہاؤس انیکسی میں واقع میڈیکل سینٹر میں بڑی تعداد میں اراکین پارلیمنٹ کی آکسیجن سطح کو جانچنے کیلئے آکسی میٹر دستیاب ہیں۔

انہوں نے سیفٹی کیلئے آئی سی ایم آر ،وزارت صحت  اور وزارت داخلہ کے ذریعے  بنائے گئے اصول و ضوابط  پر عمل کرنے کیلئے تمام اراکین سے تعاون کا مطالبہ کیا۔

وقت کی قلت کا لحاظ رکھتے ہوئے انہوں نے اراکین پارلیمنٹ کو مشورہ دیا کہ وہ وقت کا مؤثر استعمال کریں اور ایوان کی کارروائیوں کو آسانی سے چلانے میں تعاون دیں۔

 

 

-----------------------

م ن۔م ع۔ ع ن

U NO:5649


(Release ID: 1656749) Visitor Counter : 252