وزیراعظم کا دفتر
وزیر اعظم نے پی ایم متسیہ سمپدا یوجنا، ای-گواپال ایپ اور بہار میں بہت سے اقدامات کا آغاز کیا
وزیراعظم نے کہا ملک میں ماہی گیری کے شعبے کے لیے یہ اب تک کا سب سے بڑا پروگرام ہے
اس اسکیم سے ماہی گیروں کو نیا بنیادی ڈھانچہ ، جدید آلات اور نئی مارکیٹ فراہم ہوگی : وزیراعظم
اگلے تین سے چار سال میں مچھلی کی برآمدات دوگنا کرنے کا نشانہ ہے : وزیراعظم
Posted On:
10 SEP 2020 3:39PM by PIB Delhi
نئی دہلی، 10 ستمبر ، 2020 / وزیراعظم نریندر مودی نے پی ایم متسیہ سمپدا یوجنا، ای – گوپال ایپ اور ماہی گیری ، ڈیئری ، مویشویں کی افزائش نسل اور بہار میں زراعت کے متعلق بہت سے اقدامات کا ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے آغاز کیا۔
اس موقعے پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آج شروع کی گئی ان سبھی اسکیموں کا مقصد ہمارے گاوؤں کو بااختیار بنانا اور بھارت کو 21ویں صدی میں خود کفیل (آتم نربھر بھارت) بنانا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ متسیہ سمپدا یوجنا بھی اسی مقصد سے شروع کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسے 20 ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کے ساتھ ملک کی 21 ریاستوں میں شروع کیا جا رہا ہے۔ یہ سرمایہ اگلے چار سے پانچ سال میں خرچ کیا جائے گا۔ اس میں سے آج 1700 کروڑ روپے کی لاگت کے پروجیکٹ شروع کیے گیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت پٹنہ، پورنیہ، سیتامڑھی، مدھے پورا، کشن گنج اور سمستی پور میں بہت سی سہولیات کا آغا ز کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس اسکیم سے ماہی گیری کی صنعت میں سرگرم افراد کو نیا بنیادی ڈھانچہ ، جدید آلات اور نئی منڈیوں تک رسائی حاصل ہوگی ۔ اس کے علاوہ انہیں ماہی گیری اور دیگر ذرائع سے نئے موقع بھی ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد ایسا پہلی بار ہے کہ ملک میں ماہی گیری کے شعبے کے لیے اتنی بڑی اسکیم شروع کی گئی ہے۔
جناب مودی نے کہ اس شعبے کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اور ماہی گیری سے متعلق بہت سے معاملات سے نمٹنے کے لیے حکومت ہند نے ایک علیحدہ وزارت تشکیل دی ہے۔ اس سے ہمارے ماہی گیروں اور اس سے وابستہ پیشہ ور افراد اور فروخت کے لیے آسانی پیدا ہوگی۔
اس کا مقصدآنے والے تین چار برسوں میں مچھلی کی برآمدات کو دوگنا بھی کرنا ہے۔ اس سے ماہی گیری کے شعبے میں بھی روزگار کے لاکھوں نئے موقع پیدا ہوں گے۔ آج اس شعبے سے وابستہ اپنے کئی دوستوں کے ساتھ بات چیت کے بعد مجھے اعتماد ہے کہ اس میں مزید اضافہ ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ماہی گیری ، صاف ستھرے پانی پر منحصر ہے اور صاف ستھری گنگا کی مشن سے اس میں مزید مدد ملے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ماہی گیری کا شعبہ دریا گنگا کے آس پاس کے علاقوں میں دریائی ٹرانسپورٹ کے سلسلے میں جاری کام سے فائدہ اٹھانے کے لیے تیار ہے۔ اس سال 15 اگست کو مشن ڈولفن کا اعلان کیا گیا تھا ، اس کا اثر بھی ماہی گیری کے شعبے پر پڑے گا ۔
وزیراعظم نے ہر گھر میں پینے کے صاف پانی کی سپلائی مہیا کرنے پر بہار سرکار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں چار سے پانچ سال میں محض دو فیصد گھروں کو پانی کے کنکشن دیئے گئے تھے اور اب بہار میں 70 فیصد سے زیادہ گھروں کو پینے کے صاف ستھرا پانی کے کنکشن فراہم کر دیئے گئے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ہند کے جل جیون مشن کو بہار سرکار کی طرف سے کی جانے والی کوششوں سے مدد مل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہاں تک کہ کورونا کے اس دور میں بہار میں تقریباً 70 لاکھ گھروں کو نل کے ذریعے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا چکا ہے اور یہ حقیقت میں ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے مثال کے طور پر کہا کہ اس بحران کی گھڑی میں ہمارے گاؤوں میں کس طرح یہ کام جاری ہے جب ملک میں تقریباً ہر کام رکا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے گاؤوں کی طاقت ہے کہ کورونا کے باوجود اناج، پھل، سبزیاں اور دودھ منڈیوں میں لایا جا رہا ہے۔
نہ صرف یہ بلکہ ڈیئری کی صنعت نے اس مشکل صورتحال کے باوجود ریکارڈ خریداری کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پی ایم کسان سمان ندھی میں بھی ملک کے 10 کروڑ سے زیادہ کسانوں ، خاص طور پر بہار میں تقریباً 75 لاکھ کسانوں کے بینک کھاتوں میں پیسہ براہ راست منتقل کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کام بھی قابل ستائش ہے کیونکہ بہار نے کورونا کے ساتھ ساتھ سیلاب کا بھی بہادری سے مقابلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی سرکار اور مرکزی حکومت دونوں نے ہی راحت کا کام تیزی سے مکمل کرنے کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے مفت راشن اور پردھان منتری غریب کلیان روزگار ابھیان کی اسکیم کے فوائد ہر ضرورتمند شخص اور ہر اس مائیگرینٹ کنبے کو پہنچانے پر زور دیا، جو ریاست کے باہر سے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لہذا مفت راشن کی اسکیم میں جون کے بعد دیوالی اور چھٹھ پوجا تک توسیع کر دی گئی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ جو کارکن شہر کے باہر سے آئے ہیں اُن میں سے بہت سے کورونا بحران کی وجہ سے مویشیوں کی افزائش نسل کی طرف رجوع ہورہے ہیں اور انہیں مرکزی حکومت اور بہار سرکار کی بہت سی اسکیموں سے فائدہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نئی مصنوعات ، نئی اختراعات جیسے ملک کے ڈیئری کے شعبے کو توسیع دینے کے لیے لگاتار کوشش کر رہی ہے تاکہ مویشی پروروں کی آمدنی میں اضافہ ہو سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ ملک میں مویشیوں کی کوالیٹی کو بہتر بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے تاکہ ان کی صفائی ستھرائی اور صحت پر توجہ دی جا سکے اور انہیں تغذیہ بخش خوراک مل سکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس مقصد سے ایک مفت ٹیکہ مہم آج شروع کی گئی ہے جس کےپیر اور منھ اور گروسیلوسیز کی بیماری والے 50 کروڑ سے زیادہ مویشیوں کے ٹیکہ لگایا جا سکے۔ مختلف اسکیموں کے تحت مویشیوں کے بہتر چارے کے لیے بھی انتظامات کیے گیے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک میں بہتر دیسی اقسام تیار کرنے کے لیے مشن گوکل جاری ہے۔ مادئے تولید کو مصنوعی طور پر مادہ کے جسم میں پہنچانے کے لیے ایک ملک گیر پروگرام ایک سال پہلے شروع کیا گیا تھا جس کا پہلا مرحلہ آج مکمل ہو گیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بہار ملک میں ہی اچھی کوالیٹی کے مویشی پیدا کرنے کا ایک بڑا مرکز بن رہا ہے۔ بہار قومی گوکل مشن کے تحت آج پورنیہ ، پٹنہ اور برونی میں جدید سہولتوں کی فراہمی کی وجہ سے ڈیئری کے شعبے میں مضبوط ہونے والا ہے۔ پورنیہ میں جو مرکز بنایا گیا ہے وہ بھارت میں سب سے بڑے مرکزوں میں سے ایک ہے ۔ اس سے نہ صرف بہار کو بڑے پیمانے پر فائدہ ہوگا بلکہ مشرقی بھارت کے ایک بڑے حصے کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس مرکز سے ترقی اور بچھوڑ اور ریڈ پورنیہ جیسی بہار کی دیسی اقسام کے تحفظ کو فروغ حاصل ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ عام طور پر ایک گائے ایک سال میں ایک بچہ دیتی ہے ، لیکن آئی وی ایف ٹکنالوجی کی مدد سے ایک سال میں بہت سے بچوں کی پیدائش ممکن ہے۔ ہمارا مقصد اس ٹکنالوجی کو ہر گاؤں تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مویشیوں کی اچھی نسل کے ساتھ ان کی دیکھ بھال کے بارے میں بالکل صحیح سائنسی معلومات کی بھی اہمیت ہے۔ آج جو ای گوپال ایپ شروع کیا گیا ہےیہ ایک آن لائن ڈیجیٹل وسیلہ ہوگا ۔ اس سے کسانوں کو بہتر کوالٹی کی مویشی چننے اور بچولیوں سے آزادی حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ اس ایپ سے مویشیوں کی دیکھ بھال کے بارے میں، پیداواریت سے لے کر صحت اور خوراک تک کی معلومات حاصل ہوگی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب یہ کام مکمل ہوگا ، تو ای گوپال ایپ میں مویشی کا آدھار نمبر جوڑنے سے اُس مویشی کے بارے میں پوری معلومات آسانی سے حاصل ہو جائے گی۔ اس سے مویشیوں کے مالکان کومویشی خریدنے اور بیچنے میں آسانی ہو جائے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ سائنسی طریقے اختیار کرنا اور گاؤوں میں جدید بنیادی ڈھانچے تیار کرنا ضروری ہے تاکہ زراعت ، مویشیوں کی افزائش نسل اور ماہی گیری جیسے شعبوں کو فروغ دیا جا سکے ۔ بہار زراعت سے متعلق تعلیم اور تحقیق کا ایک اہم مرکز رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہت کم لوگ یہ بات جانتے ہیں کہ دلی میں پوسا انسٹی ٹیوٹ ، بہار میں سمستی پور کے قریب پوسا ٹاؤن کا حوالہ دیتا ہے۔ نوآبادیاتی دور میں یہ خود زرعی تحقیق کا ایک قومی سطح کا مرکز تھا جو سمستی پور میں پوسا میں قائم کیا گیا تھا۔ انہوں نے ڈاکٹر راجیندر پرساد اور جن نائک کرپوری ٹھاکر جیسے رہنماؤں کی تعریف کی کہ انہوں آزادی کے بعد اس روایت کو آگے بڑھایا۔
ان کوششوں سے جذبہ حاصل کرنے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ 2016 میں زراعت کی ڈاکٹر راجیندر پرساد یونیورسٹی کو ایک مرکزی یونیورسٹی کی حیثیت سے تسلیم کر لیا گیا تھا۔ اس کے بعد یونیورسٹی میں اور اس سے منسلک کالجوں میں نصابات کو توسیع دی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس کو اور آگے لے جاتےہوئے زرعی تجارت اور دیہی بندوبست کے اسکول کی ایک عمارت کا افتتاح کیا گیا۔ اس کے علاوہ نئے ہاسٹل ، اسٹیڈیم اور گیسٹ ہاؤس بھی بنائے گئے۔ زرعی شعبے کی جدید ضرورتوں پر غور کرتے ہوئے تین مرکزی زرعی یونیورسٹیاں ملک میں قائم کی گئی ہیں، جبکہ پانچ چھ سال پہلے محض ایک یونورسٹی تھی۔ بہار میں ہر سال آنے والے سیلاب سے زراعت کو بچانے کے لیے بہار مہاتما گاندھی تحقیقی مرکز کا افتتاح کیا گیا۔ اسی طرح موتی پور میں ماہی گیری کے لیے علاقائی تحقیق و ترقی کا مرکز ، موتیہاری میں مویشیوں کی افزائش نسل اور ڈیری کے فروغ کا مرکز نیز اس طرح کے بہت سے ادارے شروع کیے گیے تاکہ زراعت کو سائنس و ٹکنالوجی سے جوڑا جا سکے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ خوراک کی ڈبہ بندی اور تحقیقی مراکز کے کلسٹرز گاؤوں کے پاس قائم کیے گیے ہیں اور اس کے ساتھ ہی ہم جے کسان ، جے وگیان اور جے انسندھان کا نشانہ حاصل کر سکتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ مرکزی حکومت نے ایک لاکھ کروڑ روپے کےبنیادی ڈھانچے کی ترقی کا فنڈ قائم کیا ہے، جس کا مقصد خصوصی انفرااسٹرکچر کو تیار کرنا اور ایف پی او ، کو- آپریٹیو گروپوں کو مدد فراہم کرنا ہے تاکہ اسٹوریج ، کولڈ اسٹوریج اور دیگر سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔
یہاں تک کہ ایس ایچ جی کو بھی اچھی خاصی مدد مل رہی ہے اور یہ مدد پچھلے چھ سال میں 32 گنا بڑھائی جا چکی ہے۔
جناب نریندر مودی نے کہا کہ ملک کے سبھی گاؤوں کو ترقی کے انجن کے طور پر اس کام میں شامل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں اور بھارت کو خود کفیل بنانے میں ان کی مدد کی جا رہی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
م ن ۔ اس۔ ت ح ۔
U – 5247
(Release ID: 1653233)
Visitor Counter : 234
Read this release in:
English
,
Marathi
,
Hindi
,
Manipuri
,
Bengali
,
Assamese
,
Punjabi
,
Gujarati
,
Odia
,
Tamil
,
Telugu
,
Kannada
,
Malayalam