وزارتِ تعلیم
مرکزی وزیر تعلیم نے نئی دہلی میں منعقدہ ایک آن لائن تقریب میں سی بی ایس ای سے ملحق اسکولوں کے 38 اساتذہ اور پرنسپلوں کو ’سی بی ایس ای ٹیچرس ایوارڈ‘ پیش کئے
Posted On:
09 SEP 2020 4:19PM by PIB Delhi
نئی دہلی، 9/ستمبر 2020 ۔ مرکزی وزیر تعلیم جناب رمیش پوکھریال ’نشنک‘ نے آج نئی دہلی میں منعقدہ ایک آن لائن تقریب میں سی بی ایس ای سے ملحقہ اسکولوں کے 38 اساتذہ اور پرنسپلوں کو سی بی ایس ای ٹیچرس ایوارڈ سے نوازا۔ اس موقع پر تعلیم کے وزیر مملکت جناب سنجے دھوترے بھی موجود تھے۔ اس موقع پر اسکولی تعلیم و خواندگی کے محکمے کی سکریٹری محترمہ انیتا کروال اور سی بی ایس ای کے چیئرمین جناب منوج آہوجا بھی موجود تھے۔ اس پروگرام میں حصہ لینے کے لئے وزارت تعلیم، این وی ایس، کے وی ایس، سی بی ایس ای، پرنسپلوں، اساتذہ، طلباء، والدین اور اہل خانہ کے دیگر معزز مہمان آن لائن شریک ہوئے۔ یہ ایوارڈ 2019-20 کے لئے اساتذہ اور پرنسپلوں کو اسکولی تعلیم، اختراعات اور تندہی کو مزید بہتر بنانے کی سمت میں ان کے گراں قدر تعاون کے اعتراف میں دیے گئے۔
اس موقع پر جناب پوکھریال نے کہا کہ اساتذہ ہی تعلیم کی اصل بنیاد رکھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ تدریس ایک بہت ہی معزز پیشہ ہے اور ان ایوارڈس کا مقصد ملک کے کچھ بہترین اساتذہ کے انوکھے تعاون کا جشن منانا اور ان اساتذہ کو نوازنا ہے جنھوں نے اپنی عہد بستگی کے ذریعے نہ صرف اسکولی تعلیم کے معیار کو بہتر بنایا ہے بلکہ اپنے طلباء کی زندگی کو بھی بہتر کیا ہے۔
وزیر نے اس بات کو نمایاں کیا کہ نئی تعلیمی پالیسی 2020 میں اساتذہ کو تعلیمی نظام کے مرکز میں رکھا گیا ہے۔ پالیسی میں یہ ذکر کیا گیا ہے کہ سبھی اسکولوں میں خاطرخواہ تعداد میں اساتذہ ہونے چاہئیں اور ایسا ماحول دستیاب کرایا جانا چاہئے جس سے اسکولوں میں ورک کلچر کو فروغ دیا جاسکے۔ وزیر موصوف نے ایوارڈ پانے والے اساتذہ کو تعلیم کے شعبے میں بہترین خدمت، فرض شناسی اور غیرمعمولی تعاون کے لئے مبارکباد دی۔
جناب سنجے دھوترے نے ایوارڈ پانے والے اساتذہ کو مبارکباد دی اور ایک سرپرست کے طور پر اہم رول ادا کرنے اور اپنے فرائض کی کامیابی کے ساتھ انجام دہی کے لئے ان کی ستائش کی۔ انھوں نے کہا کہ چوں کہ ہر ایک طالب علم منفرد اور انوکھا ہوتا ہے اس لئے ہر طالب علم کی ذاتی ضرورتوں اور طبیعت کے مطابق تعلیم ملنی چاہئے، تاکہ بچے مضبوط کردار والے، حوصلہ مند اور پراعتماد بن سکیں، نیز اپنے روشن مستقبل کی تعمیر کرسکیں۔
ہر ایوارڈ میں ایک میرٹ سرٹیفکیٹ، ایک شال اور 50000 روپئے کی رقم شامل ہے۔ 2018 کے بعد سے سی بی ایس ای کے ذریعے ایک آن لائن انتخابی عمل کو بروئے کار لایا جارہا ہے۔ ہر زمرے کے تحت عرضی گزاروں کا تجزیہ، عمومی اور خصوصی معیارات اور اسکولی تعلیم سے متعلق متعدد معیارات اور ان کے تعاون کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ 38 ایوارڈ یافتگان میں پرائمری اور مڈل سطح کے اساتذہ، لسانی اساتذہ، سائنس، سماجی علوم، جسمانی ایجوکیشن، ریاضی، معاشیات، اطلاعاتی ٹیکنالوجی، فائن آرٹس کے اساتذہ، اسکول کونسلر، وائس پرنسپل اور پرنسپل شامل ہیں۔
ایوارڈ یافتگان کی فہرست دیکھنے کے لئے یہاں کلک کریں۔
Click here to see the list of awardees
******
م ن۔ م م۔ م ر
U-NO. 5218
(Release ID: 1652833)
Visitor Counter : 185