کامرس اور صنعت کی وزارتہ
جناب پیوش گوئل نے ہند-امریکہ تجارت کو نہایت بلندی پر پہنچانے کی اپیل کے ساتھ کہا ہے کہ دونوں ممالک عالمی اہمیت والے مضبوط اور بااعتماد شراکت دار بن کر ابھر سکتے ہیں
وزیر موصوف نے کہا کہ ہندوستان ، امریکہ کے ساتھ ابتدائی محدود تجارتی پیکیج پر دستخط کرنے کو تیار ہے
Posted On:
01 SEP 2020 7:49PM by PIB Delhi
نئی دلی، یکم ستمبر، صنعت و تجارت کے وزیر جناب پیوش گوئل نے امریکی صنعتی و تجارتی گھرانوں کو دعوت دی ہے کہ وہ اپنے ہندوستانی ہم منصبوں کے ساتھ مل کر باہمی تجارت کو انتہائی بلندیوں پر لے جائیں۔ ورچوول کانفرنس کے ذریعے آج ہند-امریکہ حکمت انگیز شراکت داری کی مجلس (یو ایس آئی ایس پی ایف)، سے خطاب کرتے ہوئے جناب گوئل نے کہا کہ دونوں جمہوری ممالک سرکاری، تجارتی اور بین عوامی سطحوں پر ایک دوسرے کے ساتھ خاطر خواہ طورپر عہد بند ہیں۔ دونوں ممالک آزادانہ اور بے لاگ تجارت پر یقین رکھتے ہیں اور امریکہ ، ہندوستان کا ایک بڑا تجارتی ساجھیدار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بین مربوط دنیا میں دونوں ممالک تجارت کے دائرے سے باہر عالمی اہمیت والے مضبوط اور بااعتماد شراکت دار بن کر ابھر سکتے ہیں۔
جناب گوئل نے یو ایس آئی ایس پی ایف کے اراکین کو بتایا کہ ملک میں صنعت اور سرمایہ کاری کے حق میں کیا کچھ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جغرافیائی اطلاعاتی نظام کے تحت لینڈ بینک تجرباتی بنیاد پر شروع کئے گئے ہیں۔اس کے لئے 6 ریاستوں میں قدم اٹھایا گیا ہے۔اس سے سرمایہ کاروں کو زمین اور علاقے کی شناخت میں مدد ملے گی۔ وزیرموصوف نے اجازت نامے جاری کرنے کیلئے سنگل ونڈو سسٹم کا بھی ذکر کیا، جس کا نظم مرکزی حکومت، ریاستی حکومت اور بلدیاتی اداروں کی سطحوں پر مختلف حکام اور ایجنسیوں کے تعاون سے کیا جا رہا ہے۔ ہندوستان اورامریکہ کے درمیان تجارتی معاہدے کے تعلق سے جناب گوئل نے کہا کہ ہندوستان ابتدائی محدود تجارتی پیکیج پر دستخط کرنے کوتیار ہے اور اب اس رُخ پر امریکہ کو قدم آگے بڑھانا ہے۔
جناب گوئل نے کہا کہ آگے کا راستہ آزمائشوں کے ساتھ ساتھ امکانات سے بھی بھرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اقتصادی سرگرمی کو عالمی وبا سے نقصان پہنچا ہے، لیکن اس بات کے اشارے بھی ملے ہیں کہ معیشت کی تیزی سے احیا عمل میں آئی ہے۔ بھارتی ریلوے نے کتنی مال برداری کی ، اس بابت انہوں نے بتایا کہ اگست 2020 میں 2019 کے اگست کے مہینے کے مقابلے میں 4فیصد زیادہ مال برداری کی گئی ہے۔ اسی طرح برآمدات جولائی 2019 کے مقابلے میں، جولائی 2020 میں 88 فیصد پہنچ گئیں اور اس میں مزید تیزی آئی ہے۔ اگست کے اعداد و شمار ابھی طے کئے جا رہے ہیں،جو بظاہر اور بہتر ہو سکتے ہیں۔ تیل اور ہیرے جواہرات کے شعبوں کے اعداد و شمار کو مجموعی برآمدات سے الگ کر کے دیکھا جائے، تو یہ اعداد و شمار اور زیادہ ہوں گے۔
وزیر موصوف نے کہا کہ کووڈ -19 کو پھیلنے سے روکنے کے لئے ہندوستان نے بروقت اور مضبوطی کے ساتھ جو اقدامات کئے، ان کے نتیجے میں اموات کی شرح 2فیصد سے بھی کم ہے اور صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 75فیصد سے بھی زیادہ ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ انتہائی بڑی آبادی کے باوجود ہندوستان کے لوگوں نے وقت کے ساتھ خود کو ہم آہنگ کرنے کی بے پناہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے وقفے کو صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، راحت رسانی کو متحرک کرنے اور عالمی وبا کا مقابلہ کرنے میں لوگوں کی مدد کیلئے استعمال کیا گیا ہے۔وزیراعظم کے کردار اورقیادت کی ستائش کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہاکہ جناب نریندر مودی اپنی منصوبہ بندی میں ہمیشہ دو قدم آگے رہتے ہیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ہندوستان کامیاب بن کر ابھرےگا، ضائع وقت کی بھرپائی کرے گا اور اگلے 5 برسوں میں پانچ کھرب ڈالر کی معیشت بننے کا نشانہ پار کرنے اور ملک کے ایک ارب 30 کروڑ عوام کو خوشحال بنانے کی طرف لوٹے گا۔
*************
( م ن ۔ ع س۔ ک ا(
U. No. 5011
(Release ID: 1650592)
Visitor Counter : 157