بہت چھوٹی، چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کی وزارت

صنعتوں کو مثبت طریقہ کار اپنانا چاہئے اور کووڈ-19 بحران کے خاتمے کےبعد پیدا ہوئے مواقع کو بروئے کار لانا چاہئے: جناب گڈکری

Posted On: 07 MAY 2020 5:15PM by PIB Delhi

 

نئی دہلی، 7 ؍مئی، 2020،ایم ایس ایم ای اور سڑک نقل وحمل نیز شاہراہوں کے وزیر جناب نتن گڈکری نے کہا ہے کہ صنعتوں کو اپنا نظریہ مثبت رکھنا چاہئے اور کووڈ-19وبائی مرض کے خاتمے کےبعد امکانی طور پر سامنے آنے والے مواقع کو بروئے کار لانا چاہئے ۔ وزیر موصوف ‘‘ایم ایس ایم ای اور بنیادی ڈھانچہ، مابعد کووڈ-19:بھارتی معیشت کی  ان دونوں لائف لائنوں کی لائف ’’ کے موضوع پر منعقدہ ایک ویبینار سے خطاب کر رہے تھے۔ اس ویبینار کا اہتمام آج اندور مینجمنٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے کیاگیاتھا۔

 

جناب گڈکری نے صنعت سے کہا کہ اس امر کو یقینی بنایا جانا چاہئے کہ کووڈ-19 کےپھیلاؤ کی روک تھام کے لئے صنعتوں کی جانب سےضروری تدارکی اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اداروں کو یہ یقینی بنانا چاہئے کہ ان کے کارکنان اور عاملین کی نگہداشت کی جائے اور انہیں خوراک، پناہ گاہ فراہم کی جائے اور سماجی طور پر فاصلہ برقرار رکھنے کے قواعد پر بھی عمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صنعت کو مثبت طریقہ کار اپنانا چاہئے اور کووڈ -19 کے خاتمے کے بعد سامنے آنے والے مواقع کو بروئے کار لانا چاہئے۔

 

انہوں نے کہا کہ تما م تر شراکت داروں کو عوام کی زندگی اور روزی روٹی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اس بحران سے نمٹنے کے لئے مربوط طریقہ کار اپنا نا چاہئے۔ جناب گڈکری نے صنعتی شعبے سے یہ بھی کہا کہ وہ اپنا نظریہ مثبت بنائے رکھیں یعنی  انہیں اس مشکل گھڑی میں مثبت طریقہ کار اپنا کر بحران کے خاتمے کی توقع رکھنی چاہئے۔

 

وزیرموصوف نے زور دے کر کہا کہ برآمدات کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کی جانی چاہئے اور یہی وقت کی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ درآمداتی متبادل پر بھی توجہ مرکوز کرنا ضروری ہے تاکہ درآمدات کی جگہ گھریلو پیداوار لے سکے۔ وزیر موصوف نے جاپان کا ذکر کرتےہوئے کہا کہ جاپان نے چین سے جاپانی سرمایہ کاری واپس لینے اور کسی دیگر ملک میں منتقل ہونے کے لئے اپنی صنعتوں کو خصوصی پیکیج کی پیشکش کی ہے۔ انہوں نے خیال ظاہر کیا کہ یہ بھارت کےلئے ایک موقع ہے اور اسے ہاتھ سے نہیں جانے دینا چاہئے۔

 

پیش کی گئی تجاویز اور اٹھائے گئے موضوعات میں سے چند مختصر موضوعات اس طرح ہیں۔کام کاج کی پونجی کو 30فیصد کی اضافی پونجی کے طور پر اضافے سے ہمکنار کرنا یعنی 10فیصد اضافہ، کمپنیوں سے متعلق ایکٹ میں نرمی تاکہ  کووڈ-19 سے متاثرہ مزدوروں کے فوائد کےلئے لکویڈیٹی (ادائیگی کی صلاحیت )فراہم ہو سکے، مزدورقوانین، بجلی کے بلوں وغیرہ کے سلسلے میں لاک ڈاؤن کے دوران نرمی، جی ایس ٹی اور ایڈوانس ٹیکس کو ملتوی کرنا، رضاکارانہ طور پر آمدنی کے انکشاف سے متعلق اسکیم کے مماثل کووڈ-19 کے لئے ایک اسکیم متعارف کرانا وغیرہ۔

 

جناب گڈکری نے نمائندگان کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کا جواب دیا اور حکومت کی جانب سے تمام تر ممکنہ امداد کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ متعلقہ محکموں کے ساتھ یہ موضوعات اٹھائیں گے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 

 

 

م ن۔ک ا۔

U-2366

                      


(Release ID: 1622052) Visitor Counter : 137