صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت

ڈاکٹر ہرش وردھن نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بہار میں اکیوٹ انسیفلائٹس سنڈروم (اے ای ایس) سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لیا


اے ای ایس بندوبست کے لئے بہار کو مرکز کی جانب سے ہر ممکنہ مدد کا یقین دلایا

Posted On: 01 MAY 2020 8:22PM by PIB Delhi

 

نئی دہلی، یکم مئی 2020 ۔ صحت و کنبہ بہبود کے مرکزی وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن نے آج اکیوٹ انسیفلائٹس سنڈروم (اے ای ایس) کے معاملات کی روک تھام اور بندوبست کے لئے حکومت بہار کو ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔ انھوں نے بہار کے وزیر صحت جناب منگل پانڈے کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اے ایس ایس سے متعلق جائزہ میٹنگ کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا اور عہدے داروں کے ساتھ زمینی سطح پر صورت حال کا جائزہ بھی لیا۔ صحت و کنبہ بہبود کے مرکزی وزیر مملکت جناب اشونی کمار چوبے بھی اس میٹنگ کے دوران موجود تھے۔

میٹنگ کے دوران اے ایس ایس سے بچوں کی موت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر ہرش وردھن نے کہا کہ یہ جاننا تکلیف دہ ہے کہ گرمیوں کے دوران 15 مئی سے جون کے مہینے کے وسط تک ایک خاص وقت میں بہار میں اے ای ایس کے سبب چھوٹے بچوں کی شرح اموات میں اضافہ ہوتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کئی سطحوں پر مناسب اقدامات کے ساتھ وقت پر صحیح دیکھ بھال کے ذریعے اس شرح اموات کو قابو میں کیا جاسکتا ہے۔ ڈاکٹر ہرش وردھن نے کہا کہ اے ای ایس کے خلاف لڑائی پرانی ہے اور وہ اس سے واقف ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس مسئلے کے ازالے کے لئے ایک منظم نقطہ نظر کے توسط سے وقت سے قبل حفاظتی، انسدادی اور وسیع تر تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ مرکزی وزیر صحت نے اے ای ایس کے قہر کے دوران 2014 اور 2019 میں اپنے دورۂ بہار کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت بھی انھوں نے بذات خود صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے مریض بچوں اور ان کے والدین سے ملاقات کرکے اس کے بنیادی اسباب کی جانکاری لی تھی۔

ڈاکٹر ہرش وردھن نے کہا کہ اس بار بھی ہم صورت حال کی مسلسل نگرانی کررہے ہیں اور اے ای ایس کی صورت حال کے بندوبست کے لئے ریاست کے صحت افسران کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ انھوں نے ریاست کے افسروں سے متاثرہ علاقوں میں چوبیس گھنٹے نگرانی رکھنے اور وقت پر انسدادی کارروائی کرنے کا مشورہ دینے کے لئے ماہرین کی ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دی۔ انھوں نے کہا کہ اس طرح کے نقطہ نظر سے ہم مستقبل میں اے ای ایس کے معاملات میں اضافہ کو روکنے میں کامیاب ہوپائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ صحت و کنبہ بہبود کی وزارت صحت تحفظ کو مضبوط کرنے کے لئے قومی صحت مشن (این ایچ ایم) کے توسط سے ریاستی حکومت کو مکمل حمایت اور تعاون دے گی۔ ڈاکٹر ہرش وردھن نے کہا کہ خواتین و اطفال بہبود کی وزارت سمیت مرکزی حکومت کی دیگر وزارتوں سے بھی فوری اور طویل مدتی تدابیر کے تحت تعاون کرنے کی درخواست کی ہے۔

ریاست بہار کو دی جارہی مدد پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے ڈاکٹر ہرش وردھن نے کہا کہ صورت حال کی یومیہ نگرانی کے لئے ماہرین کی کمیٹی کی تشکیل کے علاوہ، قومی امراض کنٹرول مرکز (این سی ڈی سی)، نیشنل ویکٹر بورن ڈیسیز کنٹرول پروگرام (این وی بی ڈی سی پی)، انڈین کونسل فار میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر)، ایمس پٹنہ، صحت و کنبہ بہبود کی مرکزی وزارت کے صحت اطفال ڈویژن کے ماہرین کی اعلیٰ سطحی انٹر-ڈسپیلنری اسپیشلسٹ ہائی لیول ٹیم کی تشکیل کی بھی فوری ضرورت ہے، تاکہ اے ای ایس اور جاپانی انسیفلائٹس کے معاملات میں ریاست کی مدد کے لئے پالیسی جاتی اقدامات میں رہنمائی حاصل کی جاسکے۔

ریاست کے ذریعے فوری طور پر اٹھائے جانے والے مخصوص اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہمیں یہ یقینی بنانا ہوگا کہ ایسی بیماری کے لئے نئے پیڈیاٹرک آئی سی یو کو فوری طور پر فعال بنایا جائے، قرب و جوار کے اضلاع میں کم از کم 10 بستروں والے پیڈیاٹرک آئی سی او کے ساتھ خاطرخواہ طبی سہولتیں دستیاب کرائی جائیں۔ رات 10 بجے سے صبح 8 بجے کے درمیان بھی ایمبولینس سروس دستیاب کرائی جائے۔ جب زیادہ تر بچوں میں بخار، دورے، سینسوریم وغیرہ جیسے اے ای ایس کی علامات دیکھنے کو ملیں تو پیک آور میں ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل اور صحت ٹیموں کو کسی بھی چیلنج کا سامنا کرنے کے لئے تیار کریں۔ جدید ترین صحت سہولتوں سے لیس اسپتال اور دیگر مجوزہ بنیادی ڈھانچے میں بہتری کے کام میں تیزی لائی جائے۔

ڈاکٹر ہرش وردھن نے سبھی کو یہ یقینی بنانے کے لئے بھی کہا کہ کووڈ کے قہر کے وقت اے ای ایس کے معاملات کو نظرانداز نہیں کیا جانا چاہئے۔

اس میٹنگ میں ایچ ایف ڈبلیو کی سکریٹری محترمہ پریتی سودن، ایچ ایف ڈبلیو کے او ایس ڈی جناب راجیش بھوشن، اسپیشل سکریٹری (صحت) جناب سنجیو کمار، (این ایچ ایم) کی اے ایس اور ایم ڈی محترمہ وندنا گرنانی کے علاوہ حکومت بہار کے صحت و کنبہ بہبود محکمہ کے پرنسپل سکریٹری، بہار سواستھ سرکشا سمیتی کے سکریٹری نیز سی ای او، بہار کے ہیلتھ سروسیز کے ڈائریکٹر، این سی ڈی سی ، دہلی کے ڈائریکٹر، ایمس پٹنہ کے ڈائریکٹر اور بہار کے سبھی اضلاع کے ضلع کلکٹر ؍ ضلع مجسٹریٹ بھی شامل ہوئے۔ بہار سرکار کے ماتحت سبھی میڈیکل کالجوں کے پرنسپل، بہار کے سبھی اضلاع کے ریاستی نگرانی افسر اور بہار کے سبھی اضلاع کے سی ڈی ایم او ؍ سی ایم ایچ او نے بھی ویب لنک کے ذریعے اس میٹنگ میں حصہ لیا۔

******

م ن۔ م م۔ م ر

U-NO. 2207


(Release ID: 1620575) Visitor Counter : 170