پوسٹ کرنے کی تاریخ:
25 NOV 2026 3:25PM by PIB Delhi
وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی صدارت میں اقتصادی امور سے متعلق کابینہ کمیٹی نے کامراجار پورٹ لمیٹڈ (کے پی ایل) میں دوسرے کنٹینر ٹرمینل کی تعمیر کے مجوزہ منصوبے کو سرکاری و نجی شراکت داری (پی پی پی) کے تحت ڈیزائن، تعمیر، مالی اعانت، آپریشن اور منتقلی (ڈی بی ایف او ٹی) کی بنیاد پر منظوری دے دی ہے۔ اس منصوبے پر جی ایس ٹی سمیت 4,288.26 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت آئے گی۔ اس منصوبے کے تحت 900 میٹر طویل کنٹینر ٹرمینل کی تعمیر ہوگی، جس کی ڈیزائن کے مطابق گہرائی 18 میٹر ہوگی اور اس میں سالانہ 20 لاکھ بیس فٹ کے مساوی اکائیوں (ٹی ای یو) کے کنٹینر سنبھالنے کی صلاحیت ہوگی۔ اس منصوبے کو دو مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا۔
اخراجات کی تفصیلات:
پی پی پی پروجیکٹ کے لیے منصوبے کی تخمینہ لاگت جی ایس ٹی سمیت 4,288.26 کروڑ روپے ہے، جس میں پہلے مرحلے کے لیے 2,429.32 کروڑ روپے اور دوسرے مرحلے کے لیے 1,858.94 کروڑ روپے مختص ہیں۔ ڈی بی ایف او ٹی ماڈل کے تحت منتخب مراعات یافتہ ادارہ اس سرمایہ کاری کا بندوبست کرے گا۔ منصوبے کی تجویز میں الگ سے 450 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے ڈریجنگ بھی شامل ہے، جس کا خرچ کے پی ایل برداشت کرے گا۔
تفصیلات:
- اس منصوبے کے تحت 900 میٹر طویل دوسرا کنٹینر ٹرمینل تعمیر کیا جائے گا، جس کی برتھ کی چوڑائی 30 میٹر اور سالانہ 20 لاکھ ٹی ای یو کے کنٹینر سنبھالنے کی صلاحیت ہوگی۔ یہ ٹرمینل دو مرحلوں میں تیار کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں 11 لاکھ ٹی ای یو اور دوسرے مرحلے میں 9 لاکھ ٹی ای یو کے کنٹینر سنبھالنے کی صلاحیت پیدا کی جائے گی۔
- اس ٹرمینل کو بڑے کنٹینر بردار جہازوں کی آمدورفت اور انہیں سنبھالنے کے لیے تیار کیا جائے گا۔ اس میں 24,346 ٹی ای یو تک کی گنجائش اور مجموعی طور پر 400 میٹر لمبائی والے جہازوں کے لیے سہولت ہوگی، جبکہ ڈیزائن کے مطابق پانی کی گہرائی 18 میٹر ہوگی۔ اس سے کے پی ایل کی بڑے مرکزی بحری جہازوں کو سنبھالنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور بین الاقوامی بحری راستوں سے رابطہ بہتر ہوگا۔
- اس منصوبے کا مقصد چنئی-اینور صنعتی اور اقتصادی خطے کے ساتھ جنوبی ہندکے وسیع تر اندرونی علاقوں سے برآمدات و درآمدات (ایگزم) کے لیے کنٹینر بند مال کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنا ہے۔ اس سلسلے میں اہم مال پیدا کرنے والے شعبوں میں موٹر گاڑیوں اور ان کے پرزے، انجینئرنگ کی مصنوعات، الیکٹرانکس، کیمیکلز اور دیگر تیار شدہ مصنوعات شامل ہیں۔
- کے پی ایل نے مالی سال 2025-26 کے دوران 49.08 ملین ٹن مال اور 1,008 جہازوں کی آمدورفت کو سنبھالا، جس میں 7 لاکھ سے زیادہ ٹی ای یو کے کنٹینر ٹریفک شامل تھے۔ موجودہ کنٹینر ٹرمینل کی سالانہ قائمہ صلاحیت 8 لاکھ ٹی ای یوہے اور اس نے مالی سال 2025-26 میں تقریباً 7 لاکھ ٹی ای یو کے کنٹینر سنبھالے، جو اس کی مجموعی صلاحیت کا تقریباً 88 فیصد ہے۔
- ہندوستان میں گزشتہ پانچ برسوں کے دوران کنٹینر ٹریفک میں اوسط سالانہ مرکب شرح نمو (سی اے جی آر) تقریباً 7 فیصد رہی ہے، جبکہ اسی مدت میں کے پی ایل کے کنٹینر ٹریفک میں تقریباً 9.9 فیصد کی شرح سے اضافہ ہوا ہے۔ فزیبلٹی اسٹڈی کے مطابق جنوب مشرقی خطے میں کنٹینر ٹریفک میں مسلسل اضافے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر کے پی ایل کی صلاحیت میں اضافہ ناگزیر ہوگیا ہے۔
- اس منصوبے کو ڈی بی ایف او ٹی کی بنیاد پر 40 سالہ رعایتی مدت میں انجام دیا جائے گا، جس میں تعمیراتی مدت 48 ماہ ہوگی۔ پہلے مرحلے کی تکمیل رعایتی معاہدے کی منظوری کی تاریخ سے 24 ماہ کے اندر طے ہے اور 25ویں ماہ میں تجارتی سرگرمیاں شروع ہو جائیں گی۔ دوسرے مرحلے کی تعمیر 25ویں سے 48ویں ماہ کے دوران کی جائے گی اور 49ویں ماہ میں مکمل طور پر تجارتی سرگرمیاں شروع ہو جائیں گی۔
- اس منصوبے کی تخمینہ لاگت جی ایس ٹی سمیت 4,288.26 کروڑ روپے ہے، جس میں پہلے مرحلے کے لیے 2,429.32 کروڑ روپے اور دوسرے مرحلے کے لیے 1,858.94 کروڑ روپے شامل ہیں۔ ڈی بی ایف او ٹی نظام کے تحت منتخب مراعاتی ادارہ اس لاگت کے لیے مالی وسائل کا انتظام کرے گا۔ اس کے علاوہ منصوبے کی تجویز کے مطابق کے پی ایل کو ڈریجنگ پر تقریباً 450 کروڑ روپے خرچ کرنے ہوں گے۔
- اس منصوبے کو شفاف اور کھلی گلوبل ٹینڈرکے عمل کے ذریعے نافذ کرنے کی تجویز ہے۔ مراعات یافتہ ادارہ مطلوبہ مالی وسائل کا بندوبست کرے گا اور رعایتی معاہدے کی شرائط اور قابل اطلاق محصولاتی نظام کے مطابق صارفین سے وصول کیے جانے والے چارجز کے ذریعے اپنی سرمایہ کاری کی رقم حاصل کرے گا۔
- یہ منصوبہ میری ٹائم انڈیا وژن 2030 اور میری ٹائم امرت کال وژن 2047 سے ہم آہنگ ہے۔ اس سے ہندوستان کے مشرقی ساحل پر کنٹینر کی تجارت کے اہم مرکز کے طور پر کے پی ایل کی پوزیشن مستحکم ہونے، بحری رسد کے سلسلے کی کارکردگی بہتر بنانے اور برآمدات و درآمدات کی تجارت کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔
منصوبے کےنفاذ کی حکمت عملی اور اہداف:
اس منصوبے کو منتخب مراعات یافتہ ادارہ ڈی بی ایف او ٹی ماڈل کے تحت نافذ کرے گا۔ پہلے مرحلے میں 11 لاکھ ٹی ای یو کی صلاحیت 24 ماہ کے اندر، رعایتی معاہدے کی منظوری کی تاریخ سے مکمل کی جائے گی اور 25ویں ماہ میں تجارتی سرگرمیاں شروع ہو جائیں گی۔ دوسرے مرحلے میں 9 لاکھ ٹی ای یوکی صلاحیت 48ویں ماہ تک مکمل کی جائے گی اور 49ویں ماہ میں مکمل طور پر تجارتی سرگرمیاں شروع ہو جائیں گی۔ منصوبے کی تجویز میں درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ سے قبل مقررہ مدت کے اندر ماحولیاتی اور دیگر ضروری منظوریوں کے حصول کی گنجائش بھی رکھی گئی ہے۔
اہم اثرات:
- سالانہ 20 لاکھ ٹی ای یو کی اضافی صلاحیت سے کے پی ایل کی بڑھتی ہوئی کنٹینر ٹریفک کو سنبھالنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ اس سے تمل ناڈو کے صنعتی مراکز اور ملحقہ اندرونی علاقوں سے برآمدات و درآمدات کے مال کی نقل و حمل کے لیے اضافی بحری راستہ بھی دستیاب ہوگا۔
- ٹرمینل میں 18 میٹر کی ڈیزائن گہرائی اور بڑے کنٹینر بردار جہازوں کو سنبھالنے کی صلاحیت پیدا ہونے سے بین الاقوامی بحری رابطوں میں بہتری آنے، بڑے مرکزی بحری جہازوں کی براہ راست آمدورفت ممکن ہونے اور گہرے پانی والی بیرونی مرکزی بندرگاہوں پر انحصار اور وہاں سے چھوٹے جہازوں کے ذریعے مال کی منتقلی پر آنے والے اخراجات میں کمی آنے کی توقع ہے۔
- اس منصوبے سے بحری رسد کے نظام کی کارکردگی بہتر ہونے، تجارت اور صنعت کو فروغ ملنے، بندرگاہ کی آمدنی میں اضافے کے امکانات پیدا ہونے اور ہندوستان کی بحری مسابقتی صلاحیت مستحکم ہونے کی توقع ہے۔
- تعمیراتی مرحلے کے دوران اس منصوبے سے براہ راست اور بالواسطہ طور پر تقریباً 750 افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہونے اور آپریشنل مرحلے میں تقریباً 800 مزید افراد کو روزگار ملنے کی توقع ہے۔
- یہ منصوبہ آتم نربھر بھارت کے مقاصد کی تکمیل میں معاون ہوگا، کیونکہ اس سے ملک کے اندر بندرگاہوں کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور تمل ناڈو، کرناٹک، آندھرا پردیش، تلنگانہ اور ملحقہ اندرونی علاقوں میں صنعتوں اور سازوسامان تیار کرنے والی کمپنیوں (او ای ایم) کو بہتر رسدی سہولتیں فراہم ہوں گی۔
- پی پی پی زمرے کے تحت سرمایہ کاری کا انتظام منتخب مراعاتی ادارہ کرے گا، اس لیے حکومت ہند پر کوئی مالی بوجھ نہیں پڑے گا۔
پس منظر:
- کامراجار پورٹ لمیٹڈ، جو پہلے اینور پورٹ لمیٹڈ کے نام سے معروف تھی، ہندوستان کی 12 بڑی بندرگاہوں میں سے ایک ہے۔ اس کی مکمل ملکیت وزارت بندرگاہ، جہاز رانی اور آبی گزرگاہ کے تحت چنئی پورٹ اتھارٹی کے پاس ہے۔ تمل ناڈو کے مشرقی ساحل پر چنئی کے صنعتی اور اقتصادی خطے کے قریب واقع یہ بندرگاہ کوئلہ، پیٹرولیم، تیل اور لبریکینٹس، مائع قدرتی گیس (ایل این جی)، مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی)، کنٹینر، موٹر گاڑیوں اور عام مال سمیت مختلف اقسام کے سامان کی نقل و حمل کی سرگرمی انجام دیتی ہے۔
- مالی سال 2025-26 کے دوران کے پی ایل نے تقریباً 1,280 کروڑ روپے کی آمدنی اور 924 کروڑ روپے کا قبل از ٹیکس منافعہ درج کیا۔ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران بندرگاہ میں مال برداری کی شرح نمو 13.64 فیصد کی اوسط سالانہ مرکب شرح رہی ہے، جو اس کے اندرونی علاقوں میں اقتصادی سرگرمیوں اور تجارت کے فروغ کی عکاسی کرتی ہے۔
- چنئی-اینور خطہ ہندوستان کا ایک اہم صنعتی اور مینوفیکچرنگ مرکز ہے۔ تجارت اور کنٹینر کے ذریعے مال کی نقل و حمل میں اضافے کے ساتھ، تمل ناڈو، جنوبی آندھرا پردیش اور وسیع تر جنوبی اندرونی علاقوں سے برآمدات و درآمدات کے مال کی نقل و حرکت کی سہولت فراہم کرنے کے لیے کنٹینر سنبھالنے کی اضافی صلاحیت اور بڑے جہازوں کے لیے مؤثر سہولتوں کی ضرورت ہے۔
*****
(ش ح – م ش ع –م ذ)
U. No.8243