57th International Film Festival of India 2026
20 – 28 Nov 2026

اِفی کے 57ویں ایڈیشن میں مراٹھی فلم آدی اننت مختلف نسلوں کے درمیان رشتوں، محبت اور تیمارداری کی حقیقت  کو اجاگر کرتی ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 24 NOV 2026 2:21PMby PIB Delhiریلیز آئی ڈی: 2340885Views: 5

گوا، 24 نومبر 2026

فلم ساز مہیش لِمَیے نے گوا میں 57ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (اِفی) کے دوران پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی بی) کے زیرِ اہتمام منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں اپنی مراٹھی فیچر فلم 'آدی اننت' کے تخلیقی سفر کی روداد بیان کی، جسے 'انڈین پینوراما' سیکشن میں دکھایا گیا ہے۔

137  منٹ طویل یہ فلم خود کو منوانے کی جدوجہد کرنے والے ایک نوجوان اداکار آدتیہ اور اس کے زندہ دل دادا اننت راؤ کے درمیان رشتے کو بیان کرتی ہے، جن کے کردار بالترتیب سنکرشن کراڈے اور معروف سینئر اداکار اشوک صراف نے ادا کیے ہیں۔ صراف کو حال ہی میں پدم شری اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/WhatsAppImage2026-11-24at2.08.41PM_20261124142422_1041f1.jpeg

میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے لِمَیے نے بتایا کہ کس طرح یہ کہانی محبت، ہلکی پھلکی نوک جھونک اور باہمی تعاون کے ذریعے آگے بڑھتی ہے، جبکہ دونوں کردار مالی اور ذاتی چنوتیوں کا سامنا کر رہے ہوتے ہیں۔ ان کے رشتے میں اس وقت ایک مشکل موڑ آتا ہے جب ایک حادثے کے نتیجے میں اننت راؤ صاحبِ فراش ہو جاتے ہیں، جس سے آدتیہ کو اپنی دیکھ بھال کی ذمہ داریوں اور اداکاری کے عزائم کے درمیان توازن برقرار رکھنا پڑتا ہے۔ جیسے جیسے دباؤ اور مایوسی ان کے رشتے میں تناؤ پیدا کرنے لگتی ہے، فلم خاندانی ذمہ داری، دیکھ بھال کے اکثر نظر انداز کیے جانے والے حقائق اور موجودہ دور کی زندگی میں کامیابی کے مفہوم کو اجاگر کرتی ہے۔

لِمَیے نے یاد کرتے ہوئے بتایا کہ جب اداکار و مصنف سنکرشن کراڈے نے پہلی مرتبہ انہیں اسکرپٹ سنائی تو وہ بے حد جذباتی ہو گئے تھے، کیونکہ اس سے انہیں اپنے والد کے آخری ایام میں ان کی دیکھ بھال کرنے کی یادیں تازہ ہو گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ یہ فلم مراٹھی قصہ گوئی کی روایت سے جڑی ہوئی ہے، لیکن اس کا جذباتی پہلو لسانی حدود سے ماورا ہے اور یہ پورے ہندوستان اور اس سے باہر کے خاندانوں کے مشترکہ تجربات کی عکاسی کرتی ہے۔

فلم کی موسیقی اور باہمی تعاون کے جذبے کے بارے میں بات کرتے ہوئے، لِمَیے نے انکشاف کیا کہ 'آدی اننت' میں کلاسیکی گلوکار راہل دیشپانڈے کی آواز میں گایا گیا ایک عقیدت مندانہ بھجن شامل ہے، جس میں اشوک صراف اسکرین پر طبلہ بجاتے نظر آتے ہیں۔ انہوں نے صراف کی انکساری اور لگن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس سینئر اداکار نے اس پیچیدہ اور غیر مانوس کردار کو ایک نئے فنکار کی سی کشادہ دلی کے ساتھ اپنایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صراف اور کراڈے کے درمیان باہمی احترام نے اسکرین پر ان کے رشتے میں ایک بے ساختہ اور فطری ہم آہنگی پیدا کر دی۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/WhatsAppImage2026-11-24at2.08.40PM_20261124142444_55bbc8.jpeg

فلم کا عنوان 'آدی اننت'، 'آدی' (یعنی آغاز) اور 'اننت' (یعنی لازوال یا لامحدود) کے درمیان تضاد کو سموئے ہوئے ہے، جو مختلف نسلوں کے درمیان رشتوں کی کھوج پر مبنی فلم کے موضوع کی عکاسی کرتا ہے۔

ممبئی کے جے جے اسکول آف آرٹ کے سابق طالب علم مہیش لِمَیے ایک سنیماٹوگرافر اور ہدایت کار ہیں۔ ان کی بطور ہدایت کار پہلی فلم 'یلو' نے تین نیشنل فلم ایوارڈز جیتے، جبکہ ان کی دوسری فیچر فلم 'جگو آنی جولیٹ'  کو سات مہاراشٹر اسٹیٹ فلم ایوارڈز حاصل ہوئے۔ 'آدی اننت' بطور ہدایت کار ان کی تیسری فیچر فلم ہے۔

شیوراج گنگوال نے اس پریس کانفرنس کی نظامت کی۔

اِفی لوئیڈ یہاں ملاحظہ کریں: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1&reg=48

**********

 (ش ح –ا ب ن)

U.No:8180


Great films resonate through passionate voices. Share your love for cinema with #IFFI2026 and #StoriesWithoutBorders. Tag us @pibindia on Instagram and @PIB_India on X, and we will help amplify your festival moments!

For accredited journalists, critics, bloggers, and vloggers seeking 1-on-1 interviews with filmmakers and festival juries, write to us at:
iffi.mediadesk@pib.gov.in with the subject line: Take One with PIB.


Official Release ID: 2340885
•
Media Centre: Goa
•
Festival Dates: Nov 20 – 28, 2026