گوا میں ہندوستان کے 57ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول (آئی ایف ایف آئی) کے آغاز کے ساتھ ہی فیسٹیول کے ڈائریکٹر اور معروف فلم ساز جناب آشوتوش گوواریکر نے آج وزارت اطلاعات و نشریات کے پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی بی) کے ذریعے شائع کیے جانے والے ڈیلی فیسٹیول نیوز لیٹر آئی ایف ایف آئی لوئڈ کے جلد 5، شمارہ 1 کا اجرا کیا۔
آئی ایف ایف آئی کے ایک اور ایڈیشن میں واپسی کرتے ہوئے آئی ایف ایف آئی لوئڈ اپنے قارئین کو سنیما کی متحرک دنیا کی ایک جھلک پیش کرتا ہے۔ اس میں فلموں، فلم سازوں، تبادلۂ خیال اور ان یادگار لمحات کو یکجا کیا گیا ہے، جو اس میلے کو کہانی سنانے کے فن کے جشن میں تبدیل کرتے ہیں۔

اس نیوز لیٹر میں فیسٹیول کی اہم جھلکیوں، دلچسپ مضامین، تصاویر، پروگراموں کے نظام الاوقات اور اہم تقریبات سے متعلق تازہ ترین معلومات شامل ہوں گی۔ اس میں فلموں کی خصوصی نمائشوں، فلم سازوں کے ساتھ ملاقاتوں اور تبادلۂ خیال کے علاوہ میلے کے دوران ہونے والی مختلف سرگرمیوں اور ان سے وابستہ یادگار لمحات کو بھی پیش کیا جائے گا۔
57ویں آئی ایف ایف آئی کے موضوع ‘‘سرحدوں سے ماورا کہانیاں’’ کی عکاسی کرتے ہوئے یہ نیوز لیٹر عوام، ثقافتوں اور نقطۂ نظر کو ایک دوسرے سے جوڑنے کی سنیما کی قوت کا جشن مناتا ہے۔ اس کا مقصد فیسٹیول کو فلموں کی نمائش کے مقامات سے آگے تک پہنچانا ہے، تاکہ سنیما کے شائقین اور قارئین آئی ایف ایف آئی کی تازہ ترین سرگرمیوں سے باخبر اور جڑے رہ سکیں۔
مورخہ20 سے 29 نومبر تک فیسٹیول کے دوران روزانہ شائع ہونے والا آئی ایف ایف آئی لوئڈ، آسان فہم اور دیدہ زیب انداز میں فیسٹیول کی تازہ ترین معلومات اور نمایاں جھلکیاں پیش کرکے آئی ایف ایف آئی سے متعلق پی آئی بی کی سرکاری کوریج کو مزید مؤثر بناتا ہے۔
آئی ایف ایف آئی لوئڈ کا پہلا شمارہ پی آئی بی کے سرکاری آئی ایف ایف آئی پورٹل پر دستیاب ہے۔ دلچسپی رکھنے والے قارئین اس نیوز لیٹر سے استفادہ کر سکتے ہیں اور فیسٹیول کے دوران اس کے آئندہ شماروں کا بھی مطالعہ کر سکتے ہیں۔
آئی ایف ایف آئی لوئڈ یہاں ملاحظہ کریں:
https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1®=48
****
ش ح ۔م ع ن۔ ن م
U. No.7964