سنیما ہمیشہ سے ایسی کہانیوں کا ذریعہ رہا ہے جو سرحدوں، نسلوں اور ثقافتوں کی حدود سے آگے تک سفر کرتی ہیں۔ لیکن ہر فلم کے پس منظر میں ایک اور کہانی بھی ہوتی ہے، جو بیان کیے جانے کی منتظر رہتی ہے۔ یہ کہانی فلم ساز کی ہوتی ہے، تخلیقی عمل کی ہوتی ہے، اس دوران پیش آنے والی مشکلات اور ان لوگوں کی ہوتی ہے جو فلم کو تشکیل دینے میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔
ان کہانیوں کو نمایاں کرتے ہوئے، 57ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (آئی ایف ایف آئی) نے اس سال کے موضوع ‘‘سرحدوں سے ماورا کہانیاں’’ کے تحت ایک نئے شعبے کا آغاز کیا ہے، جس میں توجہ خود سنیما پر مرکوز کی گئی ہے۔ اس شعبے میں نامور فلم سازوں، اداکاروں اور ان فلموں کی کہانیوں کے ذریعے، جو کبھی بن ہی نہیں سکیں، ناظرین کو ان مختلف سفروں سے روشناس ہونے کا موقع ملے گا جو سنیما کی تشکیل کرتے ہیں۔
کیمرے کے پیچھے کی دنیا میں جھانکتے ہوئے، ان کہانیوں، کہانی کاروں اور تخلیقی سفر کو اجاگر کرنے کے لیے جو کسی فلم کو حقیقت کا روپ دیتے ہیں، 57ویں انٹر نیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (آئی ایف ایف آئی) نے ایک نئے شعبے کا آغاز کیا ہے، جہاں سنیما خود بھی کہانی سنانے والا ہے اور کہانی کا موضوع بھی۔ فیسٹیول کی تاریخ میں پہلی بار متعارف کرائے جانے والے اس نئے شعبے ‘فلمز اباوٹ فلمز’ کے تحت، 57ویں آئی ایف ایف آئی میں آنے والے ناظرین کو فلم سازی کے فن اور اس کے مختلف پہلوؤں کو قریب سے جاننے کا موقع ملے گا۔ یہ فیسٹیول 20 سے 28 نومبر 2026 تک گوا میں منعقد ہوگا۔
فلم سازی کے فن اور اس کے مختلف پہلوؤں کو نمایاں کرنے کے مقصد سے معروف فلم سازوں کی تجاویز پر اس نئے شعبے کا آغاز کیا گیا ہے، جس میں پانچ بین الاقوامی فلمیں شامل ہیں۔ برطانیہ، امریکہ، روس، جارجیا، ایسٹونیا، ترکی، سوئٹزرلینڈ، فرانس، جرمنی اور اٹلی سمیت دس ممالک کی مشترکہ کاوش سے تیار ہونے والی ان فلموں کے ذریعے فلموں کے شائقین کو ان شخصیات کی زندگیوں اور ان کی خدمات سے واقف ہونے کا ایک نایاب موقع ملے گا، جنہوں نے عالمی سنیما کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
اس سفر کا آغاز ایک ایسے فلم ساز سے ہوتا ہے، جن کے کام نے سنیما کے اسلوب پر دیرپا نقوش چھوڑے ہیں۔
برنابی تھامپسن کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ‘ماورک: دی ایپک ایڈونچرز آف ڈیوڈ لین’ (برطانیہ، امریکہ | 2026 | انگریزی | 105 منٹ) نامور فلم ساز ڈیوڈ لین کی زندگی اور فلمی سفر کا احاطہ کرتی ہے۔ یہ دستاویزی فلم ان کے تخلیقی وژن، بڑے پیمانے کے پروجیکٹوں اور سنیما کی حدود کو وسعت دینے کے عزم کو اجاگر کرتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی فلم میں ان کی پیشہ ورانہ کامیابیوں کے پس پردہ ذاتی جدوجہد اور جدید سنیما پر ان کے دیرپا اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔

ایک نامور فلم ساز کی وراثت سے آگے بڑھتے ہوئے، یہ انتخاب اب انسانی زندگیوں اور ان رشتوں کی جانب توجہ مرکوز کرتا ہے جو ہماری کہانیوں کو تشکیل دیتے ہیں اور یوں انسانی تجربات کے زیادہ قریبی اور گہرے پہلوؤں کا جائزہ پیش کرتا ہے۔
روس کی فلم ‘راؤل گیڈاروف کی سڈنی لومیٹ کی سالگرہ’ (روس | 2025 | روسی| 92 منٹ) میں 17 سالہ جارجیائی لڑکے داتو کی کہانی پیش کی گئی ہے، جو ایک ایسے خاندان کی باقیات کے درمیان اپنی دادی کے ساتھ رہتا ہے جو کبھی بہت بڑا اور خوشحال تھا۔ طویل عرصے تک غیر حاضر رہنے کے بعد جب اس کی ماں اچانک واپس آتی ہے تو ان کی پُرسکون روزمرہ زندگی میں ہلچل مچ جاتی ہے۔ یہ کہانی خاندانی رشتوں، بلوغت کی جانب سفر اور مشکل حالات میں بھی انسانیت برقرار رکھنے کی جدوجہد کو اجاگر کرتی ہے۔

زندگی اور اداکاری کے درمیان تعلق اگلی فلم کا مرکزی موضوع ہے، جس میں ایک اداکار اور اس کے نبھائے جانے والے کردار کے درمیان فرق مٹنے لگتا ہے۔
انا اروشاڈزے کی فلم معاون کردار (میئورے خارِسخُوانی رولی) (جارجیا، ایسٹونیا، ترکی، سوئٹزرلینڈ، امریکہ | 2026 | جارجیائی، آرمینیائی | 139 منٹ) ایک معروف جارجیائی اداکار کی کہانی بیان کرتی ہے، جو طویل وقفے کے بعد دوبارہ اداکاری کی دنیا میں لوٹتا ہے اور ایک نوجوان ہدایت کار کی پہلی فلم کے لیے آڈیشن دیتا ہے۔ اپنی عادت کے مطابق مرکزی اور ہیرو کے کردار ادا کرنے کے بجائے اسے ایک غیر معمولی معاون کردار کی پیشکش کی جاتی ہے۔ رفتہ رفتہ وہ اس کردار سے ایک گہرا تعلق قائم کر لیتا ہے اور یہ تجربہ اس کی شخصیت میں تبدیلی لانے لگتا ہے۔

ایک اداکار کے ذاتی سفر سے آگے بڑھتے ہوئے، فلموں کے اس انتخاب میں اب ایسی کہانی پیش کی گئی ہے جو ایک ایسی فلم سے متعلق ہے جو کبھی پردۂ سیمیں تک نہ پہنچ سکی۔ یہ کہانی ظاہر کرتی ہے کہ سنیما کی تشکیل پر ان سیاسی اور تاریخی حالات کا بھی اثر پڑتا ہے جن میں فلم بنائی جاتی ہے۔
یورپ کا پاگل کتا (دی میڈ ڈاگ آف یورپ) (فرانس، جرمنی | 2026 | انگریزی زبان | 83 منٹ) میں ہدایت کار روبیکا شاہ نے ہرمن جے مینکیوِچ کے 1932 میں لکھے گئے ایک ایسے فلمی مسودے کا جائزہ لیا ہے جس پر کبھی فلم نہیں بنائی جا سکی۔ اس مسودے میں ایک جرمن یہودی خاندان کی کہانی بیان کی گئی ہے، جسے ہٹلر اور نازی ازم کے عروج کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سیاسی دباؤ اور تجارتی مفادات کے باعث ہالی ووڈ کے فلمی اداروں نے اس پر کبھی فلم نہیں بنائی۔ یہ دستاویزی فلم اس مسودے کو منظرِ عام پر آنے سے روکنے کی وجوہات اور موجودہ دور میں اس کی معنویت کا جائزہ لیتی ہے۔
سنیما کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرنے والی شخصیات کی زندگیوں، ان کی تخلیقی جدوجہد اور وراثت کے اس سفر کا اختتام سنیما کے ایک انتہائی بااثر استاد کو خراج عقیدت پیش کرنے والی فلم سے ہوتا ہے۔

اس فلمی انتخاب کی آخری کڑی کے طور پر فرانچیسکو زِپّل کی فلم ویٹوریو ڈی سیکا - اسٹیجنگ لائف (اٹلی | 2026 | اطالوی، فرانسیسی، انگریزی، روسی اور فارسی | 100 منٹ) پیش کی جا رہی ہے، جس میں عالمی سنیما کے عظیم فن کاروں میں سے ایک ویٹوریو ڈی سیکا کی زندگی کا ایک قریبی اور دل نشیں خاکہ پیش کیا گیا ہے۔ نایاب محفوظ شدہ دستاویزی مواد، خاندان تک خصوصی رسائی اور فلم سازوں و عصرحاضر کے فن کاروں کے بیانات کی مدد سے یہ دستاویزی فلم ان کی زندگی، کام اور سنیما کے لیے ان کی خدمات کا احاطہ کرتی ہے۔

یہ پانچوں فلمیں مل کر سنیما کی تخلیق کے عمل کی محض ایک جھلک ہی پیش نہیں کرتیں، بلکہ کیمرے کے پیچھے کام کرنے والی شخصیات، اداکاری کو متاثر کرنے والی زندگیوں، ان کہانیوں کو بھی اجاگر کرتی ہیں جو کبھی بیان نہیں ہو سکیں اور ان وراثتوں کو بھی نمایاں کرتی ہیں جو فلم سازوں کی نسلوں کو مسلسل متاثر کر رہی ہیں۔ ان متنوع سفروں کو یکجا کرکے یہ نیا شعبہ آئی ایف ایف آئی کے موضوع ‘‘سرحدوں سے ماورا کہانیاں’’ کو ایک نئی جہت عطا کرتا ہے اور ناظرین کو یاد دلاتا ہے کہ سنیما کا دائرہ پردۂ سیمیں پر دکھائی جانے والی کہانیوں تک محدود نہیں، بلکہ اس میں وہ تخلیقی سفر، تاریخی پس منظر اور انسانی تجربات بھی شامل ہیں جو ان کہانیوں کو زندگی بخشتے ہیں۔ ’فلموں کے بارے میں فلمیں‘ کے اس نئے شعبے کے آغاز سے ناظرین کو فلم سازی کے فن اور ہنر کو ایک نئے زاویے سے سمجھنے اور اس سے وابستہ ہونے کا موقع بھی ملے گا۔
ہندوستان کا 57واں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (آئی ایف ایف آئی)، جو 20 سے 28 نومبر 2026 تک گوا میں منعقد ہوگا، ‘سرحدوں سے ماورا کہانیاں’کے موضوع کے تحت ہندوستان اور دنیا بھر کے فلم سازوں، فلمی صنعت سے وابستہ ماہرین اور سنیما کے شائقین کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرے گا۔
نیا متعارف کرایا گیا شعبہ ’فلمزاباوٹ فلمز’ اس موضوع کی عکاسی کرتا ہے۔ اس میں مختلف ممالک اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے فلم سازوں، اداکاروں اور سنیما کی وراثت سے جڑی کہانیوں کو یکجا کیا گیا ہے، جو یہ ظاہر کرتی ہیں کہ فلم سازی کا فن خود جغرافیائی سرحدوں سے ماورا ہے۔
سنیما کے پس پردہ شخصیات، خیالات اور تجربات کا جائزہ لیتے ہوئے یہ شعبہ ان آفاقی تخلیقی سفروں کو اجاگر کرتا ہے جو دنیا بھر کے فلم سازوں اور ناظرین کو ایک دوسرے سے جوڑتے ہیں۔ ہندوستانی اور بین الاقوامی فلموں کے متنوع انتخاب، خصوصی ملکی نمائشوں، پہلی بار پیش کی جانے والی فلموں، مقابلوں اور فلمی صنعت سے وابستہ سرگرمیوں کے ساتھ، آئی ایف ایف آئی 2026 سنیما کے فن اورمعیار کا جشن منانے اور فلموں کے ذریعے مختلف ثقافتوں کے درمیان تبادلے کو فروغ دینے کی اپنی روایت کو برقرار رکھے ہوئے ہے۔
***
ش ح۔ ش آ ۔ ش ہ ب
U. No-7831