گوا، 17 نومبر 2026
شمال مشرقی ہندوستان کی متنوع ثقافتیں، دل کو چھو لینے والی کہانیاں اور سنیما کے منفرد انداز 57ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (آئی ایف ایف آئی) میں نمایاں مقام حاصل کریں گے۔ اس خطے کی چار فلموں کو باوقار انڈین پینورما سیکشن کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ 20 سے 28 نومبر 2026 تک گوا میں منعقد ہونے والے اس فلم فیسٹول میں شمال مشرقی ہندوستان کی دو فیچر فلمیں اور دو غیر فیچر فلمیں پیش کی جائیں گی، جن کے ذریعے ناظرین کو اس خطے کے مقامی ورثے، سماجی تبدیلیوں اور روزمرہ زندگی کی جھلک دیکھنے کا موقع ملے گا۔
فیچر فلموں کے زمرے میں سب سے نمایاں انتخاب اروم (روح) ہے، جو آئی ایف ایف آئی کے انڈین پینورما سیکشن کے لیے منتخب ہونے والی پہلی نییشی زبان کی فلم ہونے کا تاریخی اعزاز حاصل کر رہی ہے۔ دیو تبیو کی ہدایت کاری میں بنی اروناچل پردیش کی یہ نفسیاتی سنسنی خیز فلم میلے میں عالمی سطح پر پہلی بار پیش کی جائے گی۔ اروناچل پردیش کے ایک دور افتادہ پہاڑی گاؤں کے پس منظر میں بنائی گئی یہ فلم ایک ایسے باپ کی کہانی کے ذریعے مقامی لوگوں کی اجتماعی یادداشت، صدمے اور پوشیدہ حقائق کو اجاگر کرتی ہے، جو اپنی کم عمر بیٹی کو کھونے کے بعد اس کے خوابوں اور احساسِ جرم سے پریشان رہتا ہے۔

عالمی سطح پر پہلی بار پیش کی جانے والی فیچر فلموں کی فہرست میں اروم کے ساتھ سوریہ مکھی (سورج مکھی) بھی شامل ہے۔ یہ آسامی ڈرامہ فلم اداکارہ، ہدایت کارہ اور تھیٹر سے وابستہ فن کارہ انترہ جی جی چودھری کی ہدایت کاری میں بنی ہے۔ شہری پس منظر میں بنائی گئی یہ فلم دو نوجوان ساتھیوں پشپل اور پرارتھنا کی کہانی بیان کرتی ہے، جن کے درمیان ابتدائی رقابت رفتہ رفتہ دوستی اور محبت میں بدل جاتی ہے۔ تاہم، رقم سے بھرا ایک گم شدہ بیگ ملنے کے بعد غیر متوقع اخلاقی الجھنوں کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے، جو ان کے فیصلوں اور باہمی تعلقات کا امتحان لیتا ہے۔

انڈین پینورما کے غیر فیچر فلموں کے زمرے میں آسام اور میزورم کی دو منفرد کہانیاں پیش کی جائیں گی۔ ایوارڈ یافتہ فلم ساز ایمی باروا کی تحریر کردہ اور ہدایت کاری میں بنی 30 منٹ کی آسامی دستاویزی فلم ریڈ کارپٹ روایتی دست کاری اور ہتھ کرگھے کی بُنائی کے دیرپا ورثے کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ آسام کی کاربی آنگلونگ پہاڑیوں کے پس منظر میں بنائی گئی یہ فلم ڈونکاموکام گاؤں کی ایک کاربی بُنکَر کے غیر معمولی سفر کی کہانی بیان کرتی ہے، جو اسے کانز کے ریڈ کارپٹ تک لے جاتا ہے۔ اس کی کہانی کے ذریعے یہ دستاویزی فلم مقامی دست کاروں کے عزم و حوصلے، کاربی بُنائی کی روایات کی ثروت مندی اور آبائی دست کاری کے ورثے کو محفوظ رکھنے کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔

غیر فیچر فلموں کے زمرے میں دوسری منتخب فلم چلو انڈیا ود ایرک جی – میزورم ہے۔ راج دیپ چودھری کی ہدایت کاری میں بنی 48 منٹ کی یہ انگریزی دستاویزی فلم برطانیہ کے سابق رکنِ پارلیمنٹ اور تاریخ کے استاد ایرک اولرینشا او بی ای کے سفر کو پیش کرتی ہے، جو میزورم کے سماجی اور ثقافتی منظرنامے کا جائزہ لیتے ہیں۔ یہ فلم ریاست میں شرحِ خواندگی کی بلند سطح، شہری نظم و ضبط اور فٹ بال کی متحرک ثقافت کی جھلک پیش کرتی ہے، ساتھ ہی کاروبار، تعلیم اور سماجی قیادت کے شعبوں میں میزو خواتین کی نمایاں خدمات کو بھی اجاگر کرتی ہے۔
*****
ش ح۔ ا ع خ۔ ق ر
U.no-7795