زراعت اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کی وزارت
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
17 NOV 2026 12:25PM by PIB Delhi
مرکزی وزیر زراعت و کسانوں کی بہبود اور دیہی ترقیات جناب شیوراج سنگھ چوہان نے آج 2025-26 کے لیے باغبانی فصلوں کے رقبے اور پیداوار کے تیسرے پیشگی تخمینے جاری کیے، جو ملک کے کسانوں کے لیے خوش آئند خبر ہے۔ تازہ ترین تخمینوں کے مطابق، 2025-26 میں ہندوستان کی باغبانی کی مجموعی پیداوار 3,869.15 لاکھ ٹن تک پہنچنے کی توقع ہے، جو 2024-25 میں درج کی گئی 3,707.38 لاکھ ٹن پیداوار کے مقابلے میں 161.77 لاکھ ٹن یا 4.36 فیصد زیادہ ہے۔ جناب شیوراج سنگھ چوہان نے متوقع اضافے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ باغبانی پیداوار میں یہ نمایاں اضافہ ہندوستانی کسانوں کی محنت اور وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں حکومت کی کاشت کاری موافق پالیسیوں کے اثرات کا مظہر ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ پیداوار کا یہ ریکارڈ نہ صرف ملک کی خوراک اور تغذیہ سے متعلق سلامتی کو مضبوط بنائے گا بلکہ باغبانی سے وابستہ کسانوں کی آمدنی میں اضافے کے لیے بھی براہِ راست معاون ہوگا۔ انہوں نے ملک بھر کے کسانوں کو اپنی کوششوں پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پیداوار میں یہ اضافہ ہندوستان کی کسان برادری کی لگن اور محنت کی عکاسی کرتا ہے۔
جناب شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ ہندوستانی زراعت میں نمایاں اور حوصلہ افزا تنوع دیکھنے میں آ رہا ہے۔ کسان اب روایتی فصلوں سے آگے بڑھ کر پھلوں، سبزیوں، پھولوں، مصالحوں، کاجو، ناریل اور کوکوا جیسی باغاتی فصلوں کے ساتھ خوشبودار اور دواؤں میں استعمال ہونے والے پودوں کی کاشت کی طرف بھی تیزی سے راغب ہو رہے ہیں۔ تجارتی اور زیادہ قیمت والی فصلوں میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کسانوں کے لیے آمدنی کے نئے راستے کھول رہی ہے اور زراعتی شعبے کی خود کفالت اور ترقی کے نئے مواقع بھی پیدا کر رہی ہے۔ وزیر موصوف کے مطابق، تازہ ترین تخمینوں کا ایک اہم پہلو یہ ہے کہ باغبانی کے زیرِ کاشت رقبے میں کمی کے باوجود پیداوار میں اضافہ متوقع ہے۔ 2025-26 میں باغبانی فصلوں کے زیرِ کاشت کل رقبے کا تخمینہ تقریباً 297.21 لاکھ ہیکٹیئر لگایا گیا ہے، جبکہ 2024-25 میں یہ رقبہ 301.36 لاکھ ہیکٹیئر تھا۔ کاشت کے رقبے میں کمی کے باوجود پھلوں، سبزیوں، پھولوں، باغاتی فصلوں اور خوشبودار و دواؤں میں استعمال ہونے والے پودوں کی پیداوار میں اضافے کا امکان ہے۔
ریاستوں، مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں اور دیگر سرکاری اداروں سے موصول ہونے والی معلومات کےمطابق محکمہ زراعت و کسانوں کی بہبود کی جانب سے جاری کیے جانے والی یہ تخمینے اس شعبے کی مسلسل ترقی اور بہتر پیداواری صلاحیت کی عکاسی کرتے ہیں۔
پھلوں کی پیداوار میں 4.60 فیصد اضافے کا امکان
پھلوں کی پیداوار 2024-25 میں 1,176.49 لاکھ ٹن سے بڑھ کر 2025-26 میں 1,230.66 لاکھ ٹن ہونے کا تخمینہ ہے۔ اس طرح اس میں 54.18 لاکھ ٹن یا 4.60 فیصد اضافے کی توقع ہے۔ پیداوار میں اس اضافےکی بنیادی وجہ کیلا، آم، پپیتا، سیب، انار اور کٹہل کی زیادہ پیداوار ہے۔
سبزیوں کی پیداوار 2,272.68 لاکھ ٹن تک پہنچنے کی توقع
کسانوں نے سبزیوں کی کاشت میں بھی حوصلہ افزا ترقی درج کی ہے۔ سبزیوں کے زیرِ کاشت رقبے 117.91 لاکھ ہیکٹیئر سے بڑھ کر 119.31 لاکھ ہیکٹیئر ہونے کا تخمینہ ہے۔ 2024-25 میں سبزیوں کی پیداوار 2,177.97 لاکھ ٹن تھی، جو 2025-26 میں 4.35 فیصد اضافے کے ساتھ 2,272.68 لاکھ ٹن ہونے کی توقع ہے۔ اس اضافے کی بنیادی وجہ آلو، ٹماٹر، بینگن، لوکی، کھیرا، بند گوبھی، پھلیوں اور مٹر کی زیادہ پیداوار ہے۔ آلو اور ٹماٹر دونوں کی پیداوار میں نمایاں اضافے کا امکان ہے۔ آلو کی پیداوار گزشتہ سال کے 585.71 لاکھ ٹن کے مقابلے 11.95 فیصد اضافے کے ساتھ 655.70 لاکھ ٹن ہونے کا تخمینہ ہے۔ ٹماٹر کی پیداوار 205.99 لاکھ ٹن سے بڑھ کر 214.11 لاکھ ٹن ہونے کی توقع ہے۔ پیاز کی پیداوار 288.96 لاکھ ٹن رہنے کا تخمینہ ہے۔
پھولوں کی پیداوار میں تقریباً 14.5 فیصد اضافہ
پھولوں کی پیداوار میں بھی نمایاں اضافے کی توقع ہے۔ 2024-25 میں یہ پیداوار 42.65 لاکھ ٹن تھی، جو 2025-26 میں تقریباً 14.45 فیصد اضافے کے ساتھ 48.82 لاکھ ٹن ہونے کا امکان ہے۔ پھولوں کی کاشت کا رقبہ بھی بڑھ کر 4.10 لاکھ ہیکٹیئر ہو گیا ہے۔
باغاتی فصلوں اور دواؤں میں استعمال ہونے والے پودوں کی پیداوار میں اضافہ
تیسرے پیشگی تخمینے کے مطابق، سپاری، ناریل، کاجو، پان کے پتے اور کوکوا سمیت باغاتی فصلوں کے زیرِ کاشت رقبے اور پیداوار، دونوں میں اضافہ متوقع ہے۔ ان فصلوں کی مجموعی پیداوار 7.56 فیصد اضافے کے ساتھ 182.64 لاکھ ٹن ہونے کا تخمینہ ہے۔ خوشبودار اور دواؤں میں استعمال ہونے والے پودوں کی پیداوار بھی 9.01 لاکھ ٹن سے بڑھ کر 9.28 لاکھ ٹن ہونے کی توقع ہے۔
مصالحوں کی پیداوار 123.54 لاکھ ٹن رہنے کا تخمینہ
سپاری اور مصالحوں کی ترقی کے ڈائریکٹوریٹ کے اعداد و شمار کے مطابق، ہلدی، لہسن، کڑی پتے اور الائچی کی بہتر پیداوار سے مصالحوں کے شعبے میں ترقی کو تقویت ملنے کی توقع ہے۔ 2025-26 میں مصالحوں کے زیرِ کاشت کل رقبے کا تخمینہ 47.56 لاکھ ہیکٹیئر ہے، جبکہ ان کی پیداوار 123.54 لاکھ ٹن رہنے کا امکان ہے۔
****
ش ح۔ م ش ع۔ ش ب ن
U7772