پوسٹ کرنے کی تاریخ:
11 NOV 2026 8:31PM by PIB Delhi
صدرجمہوریہ ہندمحترمہ دروپدی مرمو نے نئی دہلی کے وگیان بھون میں منعقدہ ’سوچھ سرویکشن ایوارڈز 26-2025‘ میں ہندوستان کے صاف ترین شہروں کو اعزازات سے نوازا۔ اس پروگرام کا اہتمام ہاؤسنگ و شہری امور کی وزارت(ایم او ایچ یو اے) کے شہری ترقی کے محکمے نے کیا۔ فاتحین کو ہاؤسنگ و شہری امور اور توانائی کے مرکزی وزیر جناب منوہر لال اور وزارت ہاؤسنگ و شہری امور کے وزیر مملکت جناب توکھن ساہو کی موجودگی میں اعزازات سے نوازا گیا۔
- سوچھ شہر جوڑی(ایس ایس جے)
- سپر سوچھ لیگ کے سوچھ شہر
- آبادی کے پانچ زمروں میں سوچھ شہر
- سوچھ دریائی کنارے والا شہر
- سوچھ ساحلی شہر
- سوچھ ہمالیائی شہر
- ریاست کا پہلا سوچھ شہر

اس موقع پر صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ صرف کسی ایک ادارے کی کوششوں سے صفائی ستھرائی کا مقصد حاصل نہیں کیا جا سکتا، بلکہ اس کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کی فعال شمولیت بھی ضروری ہے۔ انہوں نے شہریوں کی شرکت، رویوں میں تبدیلی، انتظامی جوابدہی اور عوام کی مسلسل شمولیت کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ بچپن ہی سے صفائی ستھرائی کے اقدار کواپنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پلاسٹک کے کچرے کا انتظام جیسے موضوعات کو اسکولی نصاب میں شامل کیا جانا چاہیے اور بچوں و نوجوانوں کے ساتھ مسلسل تبادلۂ خیال کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ صفائی ستھرائی کے شعبے میں بامعنی پیش رفت اسی وقت ممکن ہے ،جب شہری، مقامی انتظامیہ اور صفائی کارکن مل کر کام کریں اور صفائی کارکنوں کی عملی تجاویز اور شہریوں کی آرا کو مناسب اہمیت دی جائے۔ انہوں نے ’سوچھ شہر جوڑی‘ پہل کی بھی ستائش کی، جو باہمی طور پر سیکھنے کے عمل کو ایک نئی جہت فراہم کرتی ہے۔ اس کے ذریعے شہر اپنی اختراعات ایک دوسرے کے ساتھ بانٹ سکتے ہیں، حل آزما سکتے ہیں اور شہری صفائی ستھرائی کے اعلیٰ معیار حاصل کرنے میں ایک دوسرے کا تعاون کر سکتے ہیں۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، ہاؤسنگ و شہری امور کے مرکزی وزیر جناب منوہر لال نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی دوراندیش قیادت میں سوچھ بھارت مشن ایک ملک گیر عوامی تحریک کی شکل اختیار کر چکا ہے، جس نے شہری صفائی ستھرائی کے نظام کو تبدیل کرنے کے ساتھ ساتھ شہریوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کی بھی حوصلہ افزائی کی ہے۔ 2014 ءسے اب تک حاصل ہونے والی پیش رفت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ شہری کچرے کی پروسیسنگ کی شرح 16 فیصد سے بڑھ کر 80 فیصد ہو گئی ہے، جبکہ گھر گھر جا کر کچرا جمع کرنے کی سہولت کا دائرہ 44 فیصد سے بڑھ کر 96 فیصد سے زیادہ ہو گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرانے کچرے کے ڈھیروں کی صفائی کے نتیجے میں تقریباً 11,000 ایکڑ شہری اراضی خالی ہوئی ہے، جسے اب مفید مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
مرکزی وزیر نے ریاستوں کی حوصلہ افزائی بھی کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کے شہروں اور قصبوں کی درجہ بندی کے لیے ریاستی سطح پر سوچھ سرویکشن مقابلوں کا انعقاد کریں، تاکہ شہری بلدیاتی اداروں (یو ایل بی) کے درمیان صحت مند مسابقت کو فروغ دیا جا سکے اور چھوٹے قصبوں کو صفائی ستھرائی کے معیار بہتر بنانے کی ترغیب ملے۔
جناب منوہر لال نے سوچھ سرویکشن کے بڑھتے ہوئے دائرے اور اثرات کو اجاگر کیا، جس کا آغاز 2016 میں 73 شہروں سے ہوا تھا اور 26-2025ء تک اس میں شامل شہروں کی تعداد بڑھ کر 4,751 ہو گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رواں برس کے سروے کے دوران 2.70 کروڑ شہریوں نے اپنی رائے دی، جبکہ 1,700 سے زائد چھوٹے شہروں نے اپنی درجہ بندی بہتر بنائی اور 350 سے زیادہ شہروں نے اپنی درجہ بندی میں 500 سے زائد درجوں کی بہتری درج کی۔ رویوں میں تبدیلی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ سوچھ سرویکشن کی حقیقی کامیابی محض درجہ بندی بہتر بنانے میں نہیں، بلکہ صفائی ستھرائی کو مستقل عادت اور اجتماعی ذمہ داری بنانے میں مضمر ہے۔ انہوں نے سوچھتا ہی سیوا 2026 میں تقریباً 2.10 کروڑ شہریوں کی شرکت، 33,000 سے زائد خصوصی کیمپوں کے ذریعے تقریباً 17 لاکھ صفائی متروں کو پہنچنے والے فوائد اور گیان یاترا میں تقریباً 4 لاکھ بچوں کی شرکت کا بھی ذکر کیا۔

مرکزی وزیر نے شہری صفائی ستھرائی کے شعبے میں اشتراک کو مضبوط بنانے اور عمدگی کو فروغ دینے کے مقصد سے شروع کیے گئے کئی نئے اقدامات کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ’سوچھ شہر جوڑی‘ پہل کے تحت 70 مینٹر شہروں(رہنما شہر) کو 191 ؍مینٹی شہروں(زیر رہنمائی شہروں) کے ساتھ جوڑا گیا ہے، تاکہ علم و تجربات کے تبادلے میں سہولت فراہم کی جا سکے اور صفائی ستھرائی کے نتائج کو بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے دریا کے کنارے واقع شہروں، ساحلی شہروں اور ہمالیائی شہروں کے لیے خصوصی اعزازی زمروں کے آغاز کے ساتھ ساتھ وسیع تر شرکت کو یقینی بنانے کے لیے آبادی کے پانچ زمروں میں اعزازات دیے جانے کا بھی ذکر کیا۔ ‘پرگتی-50’ پہل کو اجاگر کرتے ہوئے جناب منوہر لال نے کہا کہ ٹیکنالوجی پر مبنی اقدامات اور مسلسل نگرانی کے ذریعے 50 شہروں کو مثالی صاف ستھرے شہروں کے طور پر ترقی دی جائے گی۔ اعزاز حاصل کرنے والے تمام شہروں، شہری بلدیاتی اداروں اور صفائی متروں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت صفائی ستھرائی کو شہری زندگی کا لازمی حصہ بنانے اور سوچھ و وکست بھارت کے تصور کو حقیقت میں بدلنے کے لیے پُرعزم ہے۔
محکمہ شہری ترقی،وزارت ہاؤسنگ و شہری امور کےسکریٹری جناب ستندر سنگھ نے بتایا کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران ’سوچھ سرویکشن‘ نے شہری صفائی ستھرائی کی خدمات کے جائزے اور ان میں بہتری کے عمل کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ اس مشن کے تحت زمینی سطح پر ٹھوس نتائج بھی فراہم کیے ہیں۔ وزارت ہاؤسنگ و شہری امور کے سکریٹری نے مزید کہا کہ ’سوچھ سرویکشن‘ محض ایک جائزہ نہیں، بلکہ ’سوچھ بھارت‘ کے تصور کے لیے پُرعزم لاکھوں لوگوں کی اجتماعی آواز ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج کا دن ہمارے شہروں اور شہریوں کی جانب سے صفائی ستھرائی کو فروغ دینے کے لیے کی جانے والی بہترین کوششوں کا جشن منانے کا دن ہے۔‘‘

سوچھ سرویکشن 26-2025کے نتائج شہری ہندوستان میں صفائی ستھرائی کے شعبے میں نمایاں پیش رفت کی عکاسی کرتے ہیں۔ 350 سے زائد شہری بلدیاتی اداروں (یو ایل بی) نے اپنی درجہ بندی میں 500 سے زیادہ درجوں کی بہتری درج کی ہے۔ چھوٹے شہر اس مثبت تبدیلی میں نمایاں کردار ادا کرتے ہوئے سامنے آئے ہیں، جہاں 50 ہزار سے کم آبادی والے 1,700 سے زائد شہری بلدیاتی اداروں نے 25-2024کے مقابلے میں اپنی درجہ بندی میں بہتری درج کی ہے۔ یہ ظاہر کرتا ہے کہ مسلسل کوششوں اور شہریوں کی شرکت سے ہر حجم کے شہروں اور قصبوں میں صفائی ستھرائی کی تحریک کو تیز رفتاری مل رہی ہے۔
باہمی تعاون اور ایک دوسرے سے سیکھنے کے عمل میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی جوڑیوں—احمد آباد (رہنما شہر) اور سانند (زیرِ رہنمائی شہر)، اندور (رہنما شہر) اور دیپال پور (زیررہنمائی شہر)، نیز تروپتی (رہنما شہر) اور کپّم (زیررہنمائی شہر)—کو ’سوچھ شہر جوڑی‘ ایوارڈ کے تحت سرفہرست جوڑی قرار دیاگیا ہے۔ سوچھ شہر کی تین سرفہرست جوڑیوں کا انتخاب رہنما شہر (سوچھ سرویکشن 25-2024کا ایوارڈ یافتہ) اور اس کے ساتھ جوڑے گئے زیررہنمائی شہر(مینٹی سٹی) کے مشترکہ اسکور کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ یہ ’سوچھ شہر جوڑی‘ پہل کے تحت دونوں شہروں کی مشترکہ کارکردگی اور باہمی تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔ اس طرح مجموعی صفائی ستھرائی اور خدمات کی فراہمی میں بہتری کے ساتھ ساتھ، رہنمائی کے نتائج کو بھی تسلیم کیا جاتا ہے۔ جوڑی ایوارڈ کا مقصد یہ ہے کہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے شہر کم اسکور حاصل کرنے والے شہروں کی رہنمائی کریں اور ان کی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد دیں۔ یہ پہل 25-2024 کی ایوارڈ تقریب کے بعد ’ہر ایک، ایک کو سکھائے‘ کے جذبے کے تحت شروع کی گئی تھی۔ اس کی بنیاد ہندوستان کی قدیم استاد-شاگرد(گرو-ششیہ) روایت پر ہے، جس میں علم، تجربات اور بہترین طریقۂ کار ایک شہر سے دوسرے شہر تک منتقل کیے جاتے ہیں، تاکہ تمام شہر مل کر شہری ترقی اور صفائی ستھرائی کے سفر کو آگے بڑھا سکیں۔


مہاراشٹر کے نوی ممبئی، گجرات کے سورت اور آندھرا پردیش کے وجے واڑہ نے سپر سوچھ لیگ کے سرفہرست تین صاف ستھرے شہروں
میں اپنی جگہ بنائی۔
صاف ستھرے شہروں کی ایک نئی نسل کے ابھرنے کی علامت کے طور پر، جی وی ایم سی وشاکھاپٹنم، جبل پور اور لکھنؤ نے 10 لاکھ سے زیادہ آبادی والے شہروں کے زمرے میں ہندوستان کے سرفہرست سوچھ شہروں کا مقام حاصل کیا۔


’سوچھ سرویکشن ایوارڈز26-2025‘ کے دائرۂ کار کو وسعت دیتے ہوئے اس میں پہاڑی اور ہمالیائی شہروں کے ساتھ ساتھ دریائی کنارے اور ساحلی قصبوں کو بھی شامل کیا گیا۔ اتراکھنڈ کے رودرپور، جموں و کشمیر کے جموں اور شوپیاں کو سرفہرست تین صاف ستھرے ہمالیائی شہروں کے طور پر قرار دیا گیا ہے۔دریائی کنارے، ساحلی علاقے اور آبی ذخائر قدرتی اور ثقافتی ورثے کا لازمی حصہ ہیں۔ ان کی صفائی نہ صرف ماحولیاتی پائیداری بلکہ مقامی برادریوں کی صحت اور روزگار کے لیے بھی ضروری ہے۔ اسی مناسبت سے سوچھ دریائی کنارے والے قصبے کے زمرے میں سرفہرست تین مقامات بالترتیب مدھیہ پردیش کے ریوا، چھتیس گڑھ کے بلاس پور اور اتر پردیش کے وارانسی کو دیے گئے، جبکہ سوچھ ساحلی قصبے کے ایوارڈ اوڈیشہ کے پوری، کیرالہ کے الاپّوزھا اور مہاراشٹر کے رتناگیری کو عطا کیے گئے۔
ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں میں نمایاں کارکردگی کو تسلیم کرنے اور اس کی حوصلہ افزائی کے لیے ریاست کا پہلا سوچھ شہر ایوارڈ 30 بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے شہروں کو دیا گیا۔ ایوارڈز کے لیے مرکز کے زیرانتظام علاقوں کو دو زمروں (1) 5 تک شہری بلدیاتی ادارے (یو ایل بی) اور (2) 5 سے زیادہ شہری بلدیاتی ادارے میں تقسیم کیا گیا ہے۔

سوچھ سرویکشن کے دسویں ایڈیشن کے تحت شہری بلدیاتی اداروں (یو ایل بی) کی جانچ 10 اہم شعبوں کے 43 اشاریوں کی بنیاد پر کی گئی۔ ان شعبوں میں کچرے کی علیحدہ علیحدہ چھانٹی، کچرے کا جمع کرنا اور نقل و حمل، ٹھوس کچرے کا انتظام، نمایاں صفائی ستھرائی، صفائی کی سہولتوں تک رسائی، گاد نکالنے کی خدمات میں مشینوں کا استعمال، ماحولیاتی نظام کو مستحکم بنانا اور ادارہ جاتی معیارات، استعمال شدہ پانی کا انتظام، صفائی ستھرائی کے لیے بیداری و ترغیب، صفائی کارکنوں کی مجموعی فلاح و بہبود، شہریوں کی رائے اور شکایات کا ازالہ شامل تھے۔ ملک بھر میں 3,000 سے زائد تربیت یافتہ جائزہ کاروں نے زمینی سطح پر وسیع پیمانے پر جانچ کی، جس میں حقیقی وقت میں جی پی ایس کے ذریعے نگرانی کا نظام بھی معاون رہا۔ شواہد جمع کرنے سے لے کر ان کی تصدیق تک، جانچ کا پورا عمل مکمل طور پر ڈیجیٹل، شفاف اور سخت معیار کی جانچ کے حامل نظام کے تحت انجام دیا گیا، تاکہ ہر مرحلے پر اعتبار اور یکسانیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
***
ش ح۔ م ع ن- ج
U.NO.7527