صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
صدرِ جمہوریہ ہند نے 65ویں قومی نمائشِ فنون کے منتخب فنکاروں کو للت کلا اکیڈمی ایوارڈز پیش کیے
نوجوان اور ابھرتے ہوئے فنکاروں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے، اظہار کے نئے ذرائع تلاش کرنے اور اپنی تخلیقی استعداد کو وسعت دینے کے بھرپور مواقع فراہم کیے جائیں:صدر دروپدی مرمو
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
21 OCT 2026 3:08PM by PIB Delhi
صدرِ جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج (21 اکتوبر 2026)نئی دہلی میں65ویں قومی نمائشِ فنون کے منتخب فنکاروں کو للت کلا اکیڈمی ایوارڈز پیش کیے۔ انہوں نے تیسری پرنٹ بینالے انڈیا 2026 کےاعلیٰ انعام جیتنے والوں اور اعزازی تذکروں سے نوازے گئے فنکاروں کو بھی اعزاز سے سرفراز کیا۔

اس موقع پر صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ ایوارڈز پیش کرنے کی یہ تقریب بھارت کے فنّی ورثے، ثقافتی تنوع اور عصری تخلیقی صلاحیتوں کا جشن ہے۔ اس تقریب کے ذریعے ہم بھارت کے متنوع فنون کی بھرپور روایت، اس کی تخلیقی توانائی اور فنّی اظہار کی مسلسل ارتقا پذیر جہتوں کا جشن منا رہے ہیں۔

صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ فن محض کینوس پر بنائی گئی پینٹنگز، پتھر پر تراشے گئے مجسموں یا مختلف دیگر ذرائع سے تخلیق کیے گئے فن پاروں تک محدود نہیں ہے۔ فن ہماری ثقافت کا عکاس ہے۔ اس میں ہماری یادیں، حال کے تجربات اور مستقبل کی آرزوئیں جھلکتی ہیں۔ فن ہمیں اپنے عہد اور معاشرے کو ایک نئے زاویے سے دیکھنے اور سمجھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے اس ضرورت پر زور دیا کہ دور دراز علاقوں میں رہنے والے روایتی فنکاروں کو جدید ٹیکنالوجی اور عصری فنّی تکنیکوں کی تربیت فراہم کی جائے، تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرسکیں اور وسیع تر سطح پر منعقد ہونے والے مقابلوں میں حصہ لے سکیں۔

صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ آج کے دور میں فنکاروں کو نہ صرف تخلیقی مواقع بلکہ مالی معاونت، وسیع تر منڈی تک رسائی اور فن پاروں کے خریداروں سے روابط کی بھی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ للت کلا اکیڈمی اور وزارتِ ثقافت فن پاروں کی فروخت کو فروغ دینے کے لیے کوششیں کر رہی ہیں۔

صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ فن کو صرف آرٹ گیلریوں تک محدود نہیں رہنا چاہیے، بلکہ اسے اسکولوں، یونیورسٹیوں، عوامی مقامات اور معاشرے کے وسیع تر طبقات تک پہنچنا چاہیے۔ انہوں نے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ نوجوان اور ابھرتے ہوئے فنکاروں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے، اظہار کے نئے ذرائع تلاش کرنے اور اپنی تخلیقی استعداد کو وسعت دینے کے بھرپور مواقع فراہم کریں۔
صدرِ جمہوریہ کی تقریر پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں
******
) ش ح – رک )
U.NO- 6405
(ریلیز آئی ڈی: 2325973)
وزیٹر کاؤنٹر : 14