صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ایف ایس ایس اے آئی کی جانب سے چھ ماہ تک کے بچوں کی غذائی مصنوعات میں سکروز اور فرکٹوز شامل کرنے پر پابندی کی تجویز، بچوں کی غذائیت کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی کوشش


ایف ایس ایس اے آئی نے شیر خوار بچوں کی غذائیت سے متعلق ضوابط میں ترمیم کا مسودہ جاری کیا ہے، جس میں ابتدائی عمر میں اضافی شکر کے استعمال کو روکنے کے لیے مزید سخت اقدامات تجویز کیے گئے ہیں

اس مجوزہ پابندی کا مقصد زندگی کے پہلے چھ ماہ کے دوران بچوں کو مناسب اور صحت بخش غذا فراہم کرنا اور ان کی صحت مند نشوونما کو یقینی بنانے میں مدد دینا ہے

یہ اقدام احتیاطی طبی نگہداشت، بچوں کی بہتر غذائیت اور ان کی طویل مدتی صحت و تندرستی کو فروغ دینے کے لیے حکومت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 17 OCT 2026 1:59PM by PIB Delhi

شیر خوار بچوں کی غذائیت کے تحفظ کو مزید مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے، فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز اتھارٹی آف انڈیا (ایف ایس ایس اے آئی) نے فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز (شیر خوار بچوں کی غذائیت سے متعلق غذائی اشیاء) ضوابط، 2020 میں ترمیم کا ایک مسودہ جاری کیا ہے۔ اس میں چھ ماہ تک کی عمر کے بچوں کے لیے تیار کی جانے والی غذائی مصنوعات میں سکروز اور فرکٹوز شامل کرنے پر پابندی عائد کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز (شیر خوار بچوں کی غذائیت سے متعلق غذائی اشیاء) ترمیمی ضوابط، 2026 کا مسودہ 16 اکتوبر 2026 کو گزٹ آف انڈیا میں شائع کیا گیا۔ اس کا مقصد موجودہ ضابطہ جاتی نظام کو مزید مضبوط بنانا ہے، تاکہ بچوں کی غذائی مصنوعات ان کی عمر کے مطابق غذائی ضروریات کے مدنظر تیار کی جائیں۔ اس سلسلے میں زندگی کے ابتدائی مراحل میں اضافی شکر کے استعمال کو کم سے کم رکھنے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

موجودہ ضوابط میں پیدائش سے لے کر 24 ماہ تک کے بچوں کے لیے تیار کی جانے والی مختلف اقسام کی غذائی مصنوعات کی غذائی ترکیب، معیار اور حفاظت سے متعلق جامع معیارات مقرر کیے گئے ہیں۔ موجودہ دفعات کے تحت کاربوہائیڈریٹس کے لیے لیکٹوز اور گلوکوز پولیمر کو ترجیح دی جاتی ہے، جبکہ سکروز اور یا فرکٹوز صرف اسی صورت میں شامل کیے جا سکتے ہیں جب کاربوہائیڈریٹس کے ذریعے کے طور پر ان کی ضرورت ہو، اور وہ بھی مقررہ حدود کے اندر۔

ان موجودہ دفعات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مجوزہ ترمیم میں چھ ماہ تک کی عمر کے بچوں کے لیے تیار کردہ مصنوعات میں سکروز اور فرکٹوز شامل کرنے پر خصوصی پابندی عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ مسودے میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ ’’چھ ماہ تک کی عمر کے بچوں کے لیے تیار کی جانے والی مصنوعات میں سکروز اور فرکٹوز شامل نہیں کیے جائیں گے۔‘‘

زندگی کے پہلے چھ ماہ بچوں کی صحت مند نشوونما کے لیے نہایت اہم ہوتے ہیں، اس لیے اس دوران مناسب غذائیت کی خصوصی اہمیت ہے۔ مجوزہ پابندی کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ شیر خوار بچوں کے لیے تیار کی جانے والی غذائی مصنوعات ان کی ضروریات کے مطابق ہوں اور ان میں سکروز اور فرکٹوز کا غیر ضروری اضافہ نہ کیا جائے۔ اس اقدام کا مقصد صحتِ عامہ سے متعلق ان وسیع تر کوششوں کو بھی تقویت دینا ہے جن کے تحت کم عمری میں اضافی شکر کے استعمال سے وابستہ خدشات، بشمول بچپن میں موٹاپے اور اس سے متعلق دیگر صحت کے مسائل کے خطرات، کو کم کرنے پر توجہ دی جاتی ہے۔

یہ اقدام صحتِ عامہ سے متعلق ان تسلیم شدہ سفارشات سے بھی ہم آہنگ ہے جن میں زندگی کے پہلے چھ ماہ تک بچوں کو صرف ماں کا دودھ پلانے کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ شیر خوار بچوں کی غذائی مصنوعات کے معیارات کو مزید مضبوط بنا کر مجوزہ ترمیم کا مقصد بچوں کو مناسب غذا فراہم کرنے کے طریقوں کو فروغ دینا اورمینوفیکچررز  کو ایسی مصنوعات بنانے کی ترغیب دینا ہے جو کم عمر بچوں کی مخصوص غذائی ضروریات کو ترجیح دیں۔

یہ مجوزہ ضابطہ جاتی اقدام سائنسی بنیادوں پر خوراک کے معیارات وضع کرنے، مصنوعات کی تیاری میں ذمہ دارانہ طریقۂ کار اپنانے اور احتیاطی غذائیت کو فروغ دینے کے لیے ایف ایس ایس اے آئی کی مسلسل کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ اس بات کو بھی اجاگر کرتا ہے کہ بچوں کی زندگی کے ابتدائی مراحل ہی سے ان کی غذائی ضروریات اور صحت و تندرستی کا تحفظ ملک کی وسیع تر صحتِ عامہ کی ترجیحات کا ایک اہم حصہ ہے۔

مجوزہ ترمیم کا نوٹیفکیشن عوامی مشاورت کے لیے جاری کیا گیا ہے۔ اس کے تحت متعلقہ فریقین سے نوٹیفکیشن پر اعتراضات اور تجاویز طلب کی گئی ہیں، جنہیں گزٹ آف انڈیا کی متعلقہ اشاعت کی نقول عوام کے لیے دستیاب ہونے کی تاریخ سے 60 دن کے اندر جمع کرایا جا سکتا ہے۔ مقررہ مدت کے اندر موصول ہونے والے اعتراضات اور تجاویز پر ایف ایس ایس اے آئی کی جانب سے ترمیم کو حتمی شکل دینے سے پہلے غور کیا جائے گا۔

گزٹ نوٹیفکیشن لنک پر  دستیاب ہے:

https://egazette.gov.in/(S(3nckv5a5rxblmebm3laawlkr))/ViewPDF.aspx

*********

ش ح-ا ع خ    ۔ر  ا

U-No- 6249


(ریلیز آئی ڈی: 2324677) وزیٹر کاؤنٹر : 8