نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
نائب صدر جمہوریہ جناب سی پی رادھا کرشنن نے کاروار میں بھارتی بحریہ کے پہلے مقامی طور پر تیار کردہ کثیر المقاصد جہاز آئی این ایس سمرتھک کو بحریہ کے حوالے کیا
75 فیصد سے زائد مقامی اجزا پر مشتمل آئی این ایس سمرتھک دفاعی مینوفیکچرنگ میں بھارت کی بڑھتی ہوئی خود انحصاری کی عکاسی کرتا ہے: نائب صدر جمہوریہ
’’بھارتی بحریہ بھارت کے بحری مفادات کے تحفظ کے لیے ہمیشہ چوکس اور جنگی تیاری کی حالت میں رہتی ہے‘‘: نائب صدر جمہوریہ
’’آئی این ایس سمرتھک بھارت کی نجی جہاز سازی کی صنعت کے بڑھتے ہوئے کردار کی عکاسی کرتا ہے‘‘: نائب صدر جمہوریہ
’’کاروار بھارت کے شاندار بحری ورثے اور بحری مستقبل، دونوں کی علامت ہے‘‘: نائب صدر جمہوریہ
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
16 OCT 2026 3:08PM by PIB Delhi
بھارت کے نائب صدر جناب سی پی رادھا کرشنن نے آج کرناٹک کے کاروار میں بھارتی بحریہ کے پہلے مقامی طور پر تیار کردہ کثیر المقاصد جہاز آئی این ایس سمرتھک کو بحریہ میں شامل کیا۔ اس جہاز کی شمولیت دفاعی سازوسامان کی تیاری میں خود انحصاری اور جدید مقامی بحری صلاحیتوں کی ترقی کی جانب بھارت کے سفر میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ 75 فیصد سے زائد مقامی اجزا پر مشتمل آئی این ایس سمرتھک بھارت کی صنعتی، تکنیکی اور جہاز سازی کی صلاحیتوں کی بڑھتی ہوئی قوت کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی شعبے میں خود انحصاری اب محض ایک خواہش نہیں رہی، بلکہ ایک ابھرتی ہوئی حقیقت بن چکی ہے، جو بھارت کی تزویراتی خود مختاری اور وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے پیش کردہ وکست اور آتم نربھر بھارت کے وژن کو تقویت فراہم کر رہی ہے۔
بھارت کے مالا مال بحری ورثے کو اجاگر کرتے ہوئے جناب سی پی رادھا کرشنن نے چھترپتی شیواجی مہاراج اور چولا سلطنت کی بحری روایات کا ذکر کیا، جنہوں نے بحر ہند اور جنوب مشرقی ایشیا تک بھارت کے بحری اثر و رسوخ کو وسعت دی۔
نائب صدر جمہوریہ نے قومی خودمختاری اور بحری مفادات کے تحفظ میں نمایاں خدمات انجام دینے پر بھارتی بحریہ کی ستائش کی۔ انہوں نے بحر ہند کے خطے میں فوری امداد فراہم کرنے والے اولین ادارے اور ایک ترجیحی سکیورٹی شراکت دار کے طور پر بھارتی بحریہ کے کردار کو بھی سراہا۔ اس سلسلے میں بحری قزاقی کے خلاف کارروائیاں، بھارتی شہریوں کا انخلا، انسانی امداد اور آفات کے دوران راحت رسانی کے مشن شامل ہیں۔
آئی این ایس سمرتھک کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ یہ جہاز اگلی نسل کے ہتھیاروں، سینسرز اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کی آزمائش اور جانچ کے لیے ایک کثیر المقاصد پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔ اس کی صلاحیتیں بحری نگرانی اور جاسوسی، ساحل سے دور سمندری علاقوں میں گشت، اہداف کو چھوڑنے اور واپس لانے، بغیر پائلٹ کے نظاموں پر مشتمل کارروائیوں، نیز انسانی امداد اور آفات کے دوران راحت رسانی کے کاموں میں بھی معاون ثابت ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کا پلیٹ فارم بھارتی بحریہ کو ابھرتی ہوئی تکنیکی پیش رفت کے مطابق زیادہ تیزی سے خود کو ڈھالنے اور مقامی اختراعات کو عملی آپریشنل صلاحیتوں میں تبدیل کرنے کے قابل بنائے گا۔
کاروار کی تزویراتی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے جناب سی پی رادھا کرشنن نے کہا کہ اس کی گہری قدرتی بندرگاہ اور بحیرۂ عرب سے قربت اسے بھارت کے بحری سلامتی کے نظام کا ایک اہم حصہ بناتی ہے۔ انہوں نے پروجیکٹ سی برڈ کے تحت جدید بحری بنیادی ڈھانچے کی جاری ترقی کو اجاگر کیا، جو جہازوں اور آبدوزوں کو تعینات کرنے اور ان کی ضروریات پوری کرنے کی بھارتی بحریہ کی صلاحیت میں اضافہ کر رہی ہے، ساتھ ہی اس خطے میں وسیع تر اقتصادی مواقع بھی پیدا کر رہی ہے۔
نائب صدر جمہوریہ نے بھارت کے دفاعی مینوفیکچرنگ کے نظام کو مضبوط بنانے میں بھارتی بحریہ، دفاعی سرکاری شعبے کے اداروں، نجی جہاز سازی کے کارخانوں، دفاعی تحقیق و ترقی کی تنظیم (ڈی آر ڈی او)، تعلیمی اداروں، مائیکرو، چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں (ایم ایس ایم ایز) اور اسٹارٹ اَپس کے درمیان بڑھتی ہوئی شراکت داری کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے اس منصوبے میں تعاون کے لیے لارسن اینڈ ٹوبرو (ایل اینڈ ٹی)کی ستائش کی اور مقامی بحری صلاحیتوں کی تیاری میں بحری ڈیزائنرز، پیداواری اداروں، جہاز سازی کے کارخانوں کے ماہرین، انجینئروں، تکنیکی ماہرین، سپلائرز اور معاون صنعتوں کی کوششوں کو سراہا۔
اس موقع پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل کرشنا سوامی ناتھن؛ فلیگ آفیسر کمانڈنگ اِن چیف وائس ایڈمرل سنجے وتسایان؛ کنٹرولر وارشپ پروڈکشن اینڈ ایکوزیشن وائس ایڈمرل سنجے سادھو؛ فلیگ آفیسر (کرناٹک) ریئر ایڈمرل وکرم مینن؛ ایل اینڈ ٹی میں جہاز سازی کے سربراہ ریٹائرڈ ریئر ایڈمرل جی کے ہریش؛ آئی این ایس سمرتھک کے کمانڈنگ آفیسر کمانڈر سشیل کمار سنگھ؛ بھارتی بحریہ اور وزارتِ دفاع کے سینئر افسران اور دیگر معزز مہمان موجود تھے۔
******
ش ح۔ ا ک۔ ر ب
U.NO.6204
(ریلیز آئی ڈی: 2324377)
وزیٹر کاؤنٹر : 7