نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

احمد آباد میں برکس ممالک کے روایتی اور مقامی کھیلوں کے مظاہرے 2026 کے ذریعے کھیلوں کے ورثے اور ثقافتی تنوع کا جشن


نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویا نے کہا کہ ہندوستان مستقبل کی ضروریات کے مطابق کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کرکے ملک کی تعمیر میں کھیلوں کو مرکزی حیثیت دے رہا ہے

ڈاکٹر مانڈویا نے برکس کے روایتی اور مقامی کھیلوں کی نشاندہی  کرنے، ماہرین کے درمیان علم و تجربات کا تبادلہ اور ان کھیلوں کے باقاعدہ مظاہروں کا مطالبہ کیا

مرکزی وزیر کھیل نے نوجوانوں کی ترقی، شمولیت، ثقافتی افہام و تفہیم اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ میں روایتی کھیلوں کے کردار کو اجاگر کیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 12 OCT 2026 4:07PM by PIB Delhi

احمد آباد، 12 اکتوبر 2026: برکس کے روایتی اور مقامی کھیلوں کے مظاہرے 2026 کا انعقاد پیر، 12 اکتوبر 2026 کو گجرات کے احمد آباد میں نرن پورہ کے ویر ساورکر اسپورٹس کمپلیکس میں کیا گیا۔

دن بھر جاری رہنے والی اس تقریب میں معزز شخصیات، شریک ممالک کے وفود، کھلاڑیوں، روایتی کھیلوں کے ماہرین، تکنیکی عہدیداروں اور شراکت دار اداروں نے شرکت کی۔ اس تقریب کا مقصد برکس ممالک کے کھیلوں کے ورثے، ثقافتی تنوع اور عوام کے درمیان روابط کو فروغ دینا تھا۔

کھیلوں کا باضابطہ افتتاح کرتے ہوئے نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کے مرکزی  وزیر  ڈاکٹر منسکھ مانڈویا نے کہا کہ ہندوستان مستقبل کی ضروریات کے مطابق کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کرکے ملک کی تعمیر میں کھیلوں کو مرکزی حیثیت دے رہا ہے۔

مرکزی وزیر نے گجرات کے معزز نائب وزیر اعلیٰ جناب ہرش سنگھوی کی موجودگی میں تقریب کا افتتاح کیا۔

برکس کے 10 ممالک کے نمائندوں اور دیگر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر کھیل نے کھیلوں کے فروغ کے لئے ایک مضبوط نظام قائم کرنے کے ہندوستان کے عزم کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا، ’’ہندوستان ملک کی تعمیر میں کھیلوں کو مرکزی حیثیت دے رہا ہے۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان کھیلوں کے میدان سے لے کر بین الاقوامی سطح پر تمغے جیتنے تک، ہر مرحلے پر مواقع فراہم کرکے کھیلوں کے نظام میں تبدیلی لا رہا ہے۔‘‘

ڈاکٹر مانڈویا نے کہا، ’’نچلی سطح پر کھیلوں میں شرکت، صلاحیتوں کی شناخت، تربیت، کھیلوں کی سائنس، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود اور بین الاقوامی تجربات سمیت ایک جامع ہمہ جہت حکمت عملی کے تحت ہندوستان مستقبل کے لیے ایک پائیدار کھیلوں کا نظام تشکیل دے رہا ہے۔‘‘

 

ڈاکٹر مانڈویا نے کہا، ’’اس تبدیلی کو آگے بڑھانے کے لیے ہم نے کھیلو انڈیا پہل کے تحت تقریباً 3.76 ارب امریکی ڈالر مختص کرنے کا عزم کیا ہے۔‘‘

ڈاکٹر مانڈویا نے روایتی اور مقامی کھیلوں کے تحفظ اور فروغ کے لیے برکس ممالک کے درمیان تعاون کے تین عملی شعبوں کی تجویز بھی پیش کی۔

ڈاکٹر مانڈویا نے کہا، ’’برکس کے روایتی اور مقامی کھیل نہ صرف یہ دکھانے کا موقع فراہم کرتے ہیں کہ کوئی کھیل کس طرح کھیلا جاتا ہے، بلکہ اس تاریخ، اقدار اور ثقافتی پس منظر کو بھی اجاگر کرتے ہیں جو ہر روایت کو منفرد بناتے ہیں۔ اس پہل کو آگے بڑھاتے ہوئے ہندوستان تعاون کے تین عملی شعبوں کی تجویز پیش کرتا ہے۔‘‘

انہوں نے کہا، ’’اول، ہمیں روایتی اور مقامی کھیلوں کا ایک رضاکارانہ برکس فہرست تیار کرنے کی سمت کام کرنا چاہیے، جس میں ان کھیلوں کی تاریخ، ثقافتی اہمیت، قواعد، آلات اور کھیل کے میدان سے متعلق ضروریات کو درج کیا جائے۔‘‘

مرکزی وزیر کھیل نے مزید کہا، ’’دوسرا، ہمیں برکس ممالک کے درمیان روایتی کھیلوں سے وابستہ افراد، کوچوں، محققین، تعلیمی اداروں اور ثقافتی ماہرین کے تبادلے کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’تیسرا، ہمیں مستقبل میں برکس کے کھیلوں سے متعلق پروگراموں میں روایتی اور مقامی کھیلوں کے باقاعدہ مظاہروں کے انعقاد کے امکانات تلاش کرنے چاہئیں۔‘‘

ڈاکٹر مانڈویا نے مزید بتایا کہ ہندوستان ’فٹ انڈیا تحریک‘ کے ذریعے کھیلوں کو طرزِ زندگی کا حصہ بنانے کی سمت میں اہم پیش رفت کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا، ’’فٹ انڈیا تحریک کے ذریعے ہم جسمانی تندرستی کو طرزِ زندگی کا حصہ بنانے کے لئے کام کر رہے ہیں۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’ہمارے ’سنڈیز آن سائیکل‘ (اتوار کو سائیکل چلانے)مہم کو زبردست کامیابی ملی ہے۔ ہر اتوار 3 لاکھ سے زیادہ مقامات پر 50 لاکھ سے زائد افراد سائیکل چلانے کے لیے جمع ہوتے ہیں۔ اب تک ہندوستان بھر میں ’سنڈیز آن سائیکل‘ مہم کے 94 پروگرام منعقد کیے جا چکے ہیں۔‘‘

ویر ساورکر اسپورٹس کمپلیکس میں برکس کے 10 شریک ممالک نے اپنے متعدد روایتی اور مقامی کھیلوں کا مظاہرہ کیا:

بیلاروس: گوروڈکی

بولیویا: لوچا ڈی چولیٹاس، ٹنکو، رایوایلا، ٹرومپو، کچیناس اور تھیلوں کی دوڑ

برازیل: زراباٹانا (مقامی بلوپائپ)، کوریڈا ڈی ٹورسا(لاگ ریس) ، برازیلیائی پیرا جیو جِتسو اور کیپوئیرا

چین: ووشو، شیر کا رقص اور صحت بخش چی گونگ

ہندوستان: ملاکھمب، یوگاسن اور کلاری پیٹّو

ایران: زورخانہ، ہفت سنگ اور غانیہ

قزاقستان: آسیک آتو، توغیز کومالک اور قزاق کُریشی

روس: گوروڈکی اور سامبو

جنوبی افریقہ: کگاتی اور اینٹونگا

متحدہ عرب امارات: الطباح

ان کھیلوں کے مظاہروں کے ساتھ ثقافتی پروگرام اور ناظرین کی شرکت پر مبنی سرگرمیاں بھی منعقد کی گئیں۔ پروگرام کے اختتام پر شریک ٹیموں کو اعزاز سے نوازا گیا۔

ان کھیلوں نے برکس ممالک کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کیا، جہاں وہ اپنے روایتی کھیلوں کی تاریخ، اقدار، ثقافتی پس منظر اور کھیلنے کے طریقوں کو پیش کر سکے۔

اس تقریب نے اس اہمیت کو اجاگر کیا کہ کھیلوں کو جدید بنانے کے ساتھ ساتھ کمیونٹی کے روایتی علم اور ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھا جائے، کھیلوں میں سب کی شمولیت کو فروغ دیا جائے، اور برکس (BRICS) ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے۔

برکس روایتی اور مقامی کھیلوں کے نمائشی مقابلے2026  📍 احمد آباد

https://t.co/T29nAZ1Hqq

 ڈاکٹر منسکھ مانڈویا (@mansukhmandviya)، 12 اکتوبر 2026

***

ش ح۔ ک ا ۔ ن ع

U.NO.5023

 

 


(ریلیز آئی ڈی: 2322407) وزیٹر کاؤنٹر : 4
یہ ریلیز پڑھیں: English , Gujarati