وزارت اطلاعات ونشریات
ڈاکٹر ایل مروگن نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ’وکست بھارت @ 2047‘ کی جانب بھارت کے سفر کی قیادت کریں
نوجوانوں کو ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اپنانے اور تخلیقی معیشت میں موجود مواقع تلاش کرنے کی ترغیب
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
08 OCT 2026 4:06PM by PIB Delhi
اطلاعات و نشریات اور پارلیمانی امورسے متعلق مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر ایل مروگن نے آج بھارتی نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں، تخلیقی فکر اور اختراعی استعداد کو بروئے کار لاتے ہوئے وکست بھارت @ 2047 کے وژن میں اپنا کردار ادا کریں۔ نوئیڈا کے ایک ادارے میں طلبہ اور زیرِ تعلیم افراد سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے معیاری تعلیم، مسلسل سیکھنے، ہنر مندی کی ترقی اور کاروباری صلاحیتوں کی اہمیت پر زور دیا تاکہ بھارت کے نوجوانوں کو ابھرتے ہوئے مواقع کے لیے تیار کیا جا سکے۔
ملک کی تعمیر و ترقی میں نوجوانوں کے مرکزی کردار کو اجاگر کرتے ہوئے ڈاکٹر مروگن نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے اس وژن کو دہرایا کہ یووا شکتی کو وکست بھارت @ 2047 کی جانب بھارت کے سفر کے مرکز میں رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وکست بھارت کوئی دور کا خواب نہیں بلکہ ایک ایسا مستقبل ہے جس کی تشکیل میں آج کے نوجوان اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے ایسے ماحول اور نظام کی ضرورت پر زور دیا جو تعلیم کو ہنر، ٹیکنالوجی، تحقیق، کاروباری صلاحیتوں اور روزگار سے مربوط کرے۔

بدلتی ہوئی دنیا کے لیے تعلیمی اصلاحات
وزیر موصوف نے قومی تعلیمی پالیسی 2020 کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے تعلیم کو مزید لچک دار، کثیرجہتی اور ہنر پر مبنی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں سیکھنے کا عمل پوری زندگی جاری رہنا چاہیے، تاکہ افراد اپنے پیشہ ورانہ سفر کے مختلف مراحل میں نئی مہارتیں اور اسناد حاصل کر سکیں۔
آن لائن تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ڈاکٹر مروگن نے ایسی قابلِ رسائی تعلیمی سہولیات کی ضرورت پر زور دیا جو مختلف ضروریات اور حالات سے ہم آہنگ ہوں، تاکہ طلبہ اپنی مہارتوں کو بہتر بنا سکیں اور بدلتی ہوئی پیشہ ورانہ ضروریات کے مطابق خود کو ڈھال سکیں۔
علم تک رسائی کو عام کرنا
ڈاکٹر مروگن نے حکومت کے ون نیشن، ون سبسکرپشن (او این او ایس) اقدام کو معیاری تعلیمی تحقیق اور عالمی علمی وسائل تک رسائی کو وسعت دینے کی سمت میں ایک اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ معیاری تحقیق تک رسائی کو ادارہ جاتی یا جغرافیائی حدود تک محدود نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ’’صلاحیت ہر جگہ موجود ہے اور مواقع بھی ہر جگہ ہونے چاہئیں۔‘‘
تعلیم، ہنر اور روزگار کے مواقع
روزگار کے مواقع کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر موصوف نے روزگار پیدا کرنے میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی، مینوفیکچرنگ، خدمات، کاروباری سرگرمیوں اور ہنر مندی کی ترقی کے کردار کو اجاگر کیا۔ آر بی آئی-کلیمز کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بھارت میں 2014-15 سے 2023-24 کے درمیان تقریباً 17.1 کروڑ ملازمتوں کا اضافہ ہوا۔
انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ صرف ڈگریوں تک محدود نہ رہیں بلکہ عملی مہارتیں، مسائل حل کرنے کی صلاحیت اور بدلتی ہوئی معیشت کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے اعتماد پیدا کریں۔ انہوں نے نوجوانوں کو ایسی صلاحیتیں پروان چڑھانےکی ترغیب دی جو انہیں جدت طرازی کے ساتھ ساتھ دوسروں کے لیے بھی روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے قابل بنائیں۔

ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور تخلیقی معیشت
ڈاکٹر مروگن نے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ٹیکنالوجی اور تخلیقی صلاحیتوں کے امتزاج پر خصوصاً مصنوعی ذہانت، گیمنگ، اینیمیشن، ویژول ایفیکٹس، ایکسٹینڈڈ ریئلٹی اور ڈیجیٹل مواد جیسے شعبوں میں مواقع کا بغور جائزہ لیں۔
انہوں نے بھارت کے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل مواد کے محض صارف بننے تک محدود نہ رہیں بلکہ دنیا کے لیے تخلیق کار بننے کی کوشش کریں۔ مسلسل سیکھنے اور جدت طرازی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی پر مبنی صنعتوں میں حصہ لینے کے لیے درکار مہارتیں حاصل کریں۔
آئینی اقدار اور ذمہ دار شہریّت
وزیر موصوف نے تعلیم اور ملک کی تعمیر و ترقی میں آئینی اقدار کی اہمیت کی جانب بھی توجہ دلائی۔ آئین میں درج بنیادی فرائض کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے نوجوان شہریوں میں سائنسی مزاج، تحقیق و جستجو کا جذبہ اور بہترین کارکردگی کے عزم کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
اپنے خطاب کے اختتام پر ڈاکٹر مروگن نے بھارتی نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مسلسل سیکھتے رہیں، تخلیق کرتے رہیں اور دوسروں کے لیے مواقع پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ وکست بھارت @ 2047 کی جانب ملک کی پیش رفت کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ نوجوان کس حد تک مہارتیں حاصل کرتے ہیں، جدت طرازی کو فروغ دیتے ہیں اور ایک زیادہ خوشحال ملک کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔
*****
ش ح۔ ک ح۔ ج
U.No. 4843
(ریلیز آئی ڈی: 2320832)
وزیٹر کاؤنٹر : 7