وزارت خزانہ
ڈی آر آئی کی منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائی میں مزید شدت؛ تین کارروائیوں میں تقریباً 7 کلو امفیٹامین،5 کلو کوکین اور 3.5 کلو ہیروئن ضبط، 5 افراد گرفتار
تیز رفتار تعاقب، چاکلیٹ ٹیوبوں میں چھپائی گئی کوکین اور کار پولنگ ٹیکسی میں سوار مسافر سے ہیروئن کی برآمدگی ملک بھر میں خفیہ اطلاعات پر مبنی کارروائیوں کی نمایاں جھلکیاں رہیں
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
04 OCT 2026 9:05PM by PIB Delhi
غیر قانونی منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف اپنی مسلسل کارروائی کو جاری رکھتے ہوئے، ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس(ڈی آر آئی) نے 29–30.09.2026 کو خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی تین الگ الگ کارروائیوں میں امفیٹامین، کوکین اور ہیروئن سمیت خطرناک منشیات کی مجموعی طور پر 15.59 کلو گرام مقدار ضبط کی ہے۔ این ڈی پی ایس ایکٹ-1985 کی دفعات کے تحت پانچ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
مورخہ 30.09.2026 کو ایک اہم کارروائی میں ڈی آر آئی نے سینٹرل بیورو آف نارکوٹکس(سی بی این) کے ساتھ مل کر مدھیہ پردیش میں اجین–دیواس ٹول پلازہ پر ایک مہندرا تھار کو روکا، جس میں امفیٹامین لے جائے جانے کا شبہ تھا۔ رکنے کا اشارہ ملنے پر ڈرائیور نے بیریکیڈ توڑ دیا اور گاڑی تیزی سے بھگا لے گیا۔ افسران نے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک تیز رفتار تعاقب کیا اور آخرکار اندور کے قریب بیچولی مردانہ کے مقام پر گاڑی کو روکنے میں کامیاب رہے۔ گاڑی کی تفصیلی تلاشی کے دوران تھار کے عقبی دروازے پر نصب اسپیئر (اسٹیپنی) ٹائر کے اندر منشیات چھپانے کا ایک انتہائی چالاک طریقہ سامنے آیا۔ ٹائر کھولنے پر افسران نے 21 پیکٹ برآمد کیے، جن میں 7.116 کلو گرام (مجموعی وزن) سفید مائل زرد رنگ کا قلمی مادہ موجود تھا۔ این ڈی پی ایس فیلڈ ٹسٹ کٹ کے ذریعے جانچ میں اس مادے میں امفیٹامین کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔ امفیٹامین کے ساتھ گاڑی بھی ضبط کر لی گئی اور گاڑی میں سوار تینوں افراد کو این ڈی پی ایس ایکٹ-1985 کے تحت گرفتار کر لیا گیا۔


مورخہ 29.09.2026 کو ایک اور کارروائی میں، کوکین کی اسمگلنگ سے متعلق مخصوص خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ڈی آر آئی نے حیدرآباد کے راجیو گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر دوحہ سے آنے والے ایک ہندوستانی مسافر کو روکا۔ اس کے کیبن بیگ کی جانچ کے دوران چاکلیٹ کی سات ٹیوبیں معمول کے درج وزن کے مقابلہ میں غیر معمولی طور پر بھاری پائی گئیں۔ ٹیوبیں کھولنے پر افسران کو چاکلیٹ کے ساتھ انتہائی چالاکی سے چھپائے گئے ہلکے زرد رنگ کے بیضوی شکل کے 207 کیپسول ملے۔ کیپسولوں کی جانچ سے ان میں سفید پاؤڈر نما مادہ موجود پایا گیا، جس کا نارکوٹک ڈرگ ڈیٹیکشن کٹ کے ذریعے ٹسٹ کرنے پر کوکین کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔ مجموعی طور پر 4.9 کلو گرام (مجموعی وزن) کوکین برآمد کرکے ضبط کی گئی۔ مسافر کو این ڈی پی ایس ایکٹ-1985 کی دفعات کے تحت گرفتار کر لیا گیا۔
مورخہ 29.09.2026 کو کی گئی تیسری کارروائی میں منشیات کی منتقلی سے متعلق مخصوص خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ڈی آر آئی کے افسران نے پنجاب کے جالندھر کے مضافات میں پھلّور کے قریب مشترکہ نگرانی شروع کی۔ ستلج ندی پر واقع پل کے قریب متعدد گاڑیوں کی جانچ کے بعد مشتبہ شخص کی شناخت ایک کرایہ کی کار پولنگ ٹیکسی میں بطور مسافر سفر کرتے ہوئے ہوئی۔
مشتبہ شخص کی ذاتی تلاشی کے دوران اس کی گود میں رکھے نیلے رنگ کے بیگ کے اندر چھپائے گئے تین پیکٹ برآمد ہوئے، جن میں سے ہر پیکٹ کے اندر مزید دو چھوٹے پیکٹ موجود تھے۔ فیلڈ ٹسٹنگ کٹ کے ذریعہ جانچ میں مادے میں ہیروئن کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔ مجموعی طور پر 3.574 کلو گرام ہیروئن برآمد کرکے ضبط کی گئی اور منشیات لے جانے والے شخص کو این ڈی پی ایس ایکٹ-1985 کے تحت گرفتار کر لیا گیا۔
تینوں کارروائیاں مختلف اسمگلنگ راستوں اور منشیات چھپانے کے نت نئے طریقوں کا سراغ لگانے میں ڈی آر آئی کے خفیہ اطلاعات پر مبنی طریق کار کی مؤثریت کو ظاہر کرتی ہیں۔ ڈی آر آئی منظم منشیات اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کو ختم کرنے اور ملک بھر میں منشیات اور نفسیاتی اثرات پیدا کرنے والے مادوں کی نقل و حرکت کو روکنے کے لیے پُرعزم ہے۔
********
(ش ح –ظ الف- ش ہ ب)
UR No. 4619
(ریلیز آئی ڈی: 2319050)
وزیٹر کاؤنٹر : 4