جل شکتی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

گاندھی جینتی کے موقع پر خصوصی گرام سبھا کے تحت دیہی بھارت کی 1850 سے زیادہ گرام پنچایتوں میں جل جیون مشن 2.0 کے تحت دیہی پانی کی فراہمی کے نظام پر کمیونٹی کی ذمہ داری کو  مستحکم کرنے کی کوشش   میں ’ جل ارپن‘ کا انعقاد کیا گیا


پہلی بار علاقائی زبانوں میں تیار کیے گئے ’ ہر گھر جل‘ سرٹیفکیٹ ’ جل ارپن‘ ماڈیول کے ذریعے گرام پنچایتوں کو جاری کیے گئے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 03 OCT 2026 5:16PM by PIB Delhi

گاندھی جینتی کے موقع پر ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں منعقدہ خصوصی گرام سبھاؤں کے دوران 1850 سے زیادہ گرام پنچایتوں اور گاؤں میں ’ جل ارپن  ‘ کا انعقاد کیا گیا۔ ’ جل ارپن‘ جل جیون مشن 2.0 کے تحت ایک اہم اصلاح ہے، جس کے ذریعے دیہی پینے کے پانی کے نظام کی ذمہ داری کمیونٹی کو سونپی جاتی ہے۔

اس کے تحت مکمل ہو چکے دیہی پانی کی فراہمی کے منصوبوں کو گرام پنچایتوں اور گاؤں کی پانی و صفائی  ستھرائی سے متعلق کمیٹیوں ( وی ڈبلیو ایس سیز ) کے حوالے کیا گیا۔ یہ قدم مشن میں کمیونٹی کی قیادت میں  بندوبست اور پینے کے پانی کی خدمات کی پائیدار فراہمی کی جانب منتقلی کی عکاسی کرتا ہے۔

 

 

پہلی بار ’ جل ارپن‘ ماڈیول کے ذریعے اہل گرام پنچایتوں اور گاؤں کے لیے علاقائی زبانوں میں ’ ہر گھر جل‘ سرٹیفکیٹ تیار کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی۔ اہل گرام پنچایتوں اور گاؤں کے لیے   346 ’ہر گھر جل‘ سرٹیفکیٹ تیار کیے گئے اور انہیں علاقائی زبانوں میں جاری کیا گیا۔ اس سے سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا عمل مزید آسان اور شہریوں کے لیے سہولت پر مبنی بن گیا  ہے، جب کہ پینے کے پانی کی خدمات کے حوالے سے کمیونٹی کی ذمہ داری بھی مزید مضبوط ہوئی ہے۔

’ جل ارپن‘ ماڈیول میں اب ہندی، انگریزی اور 17 دیگر علاقائی زبانوں میں ’ ہر گھر جل‘ سرٹیفکیٹ تیار کرنے کی سہولت موجود ہے۔ ان زبانوں میں آسامی، بنگالی، بوڈو، گجراتی، کنڑ، کشمیری، کونکنی، ملیالم، منی پوری، مراٹھی، نیپالی، اڑیہ، پنجابی، سنسکرت، تمل، تیلگو اور اردو شامل ہیں۔ اس سے کمیونٹیز کو اپنی زبان میں پروگرام سے متعلق معلومات حاصل کرنے اور سرٹیفکیشن کی سہولت  حاصل ہو  رہی ہے۔

 

 

’ جل ارپن‘ کی تقریبات میں پورے دیہی بھارت کی گرام پنچایتوں، گاؤں کی پانی و صفائی  ستھرائی سے متعفلق کمیٹیوں  ( وی ڈبلیو ایس سیز ) ، صفائی  ستھرائی و پانی سے متعلق فیلڈ کارکنوں، خواتین رضا کاروں اور کمیونٹی کے ارکان نے سرگرمی سے حصہ لیا۔ مکمل ہو چکے دیہی پانی کی فراہمی کے منصوبوں کو مقررہ آزمائشی مدت کے بعد کامیابی سے شروع کیے جانے کے بعد باضابطہ طور پر گرام پنچایتوں اور وی ڈبلیو ایس سیز کے حوالے کیا گیا، تاکہ ان کے آپریشن، دیکھ بھال اور طویل مدتی پائیداری کو یقینی بنایا جا سکے۔ کئی گاؤں میں ’ جل سنکلپ‘ ، ’ جل بندھن‘ ، فیلڈ ٹیسٹ کٹس  (  ایف ٹی کے )  کے ذریعے پانی کے معیار کی جانچ کے عملی مظاہرے، بیداری پروگرام اور کمیونٹی کے لیے خدمات انجام دینے والے افراد کی حوصلہ افزائی جیسی سرگرمیاں منعقد کی گئیں۔ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں پانی کے معیار کی نگرانی اور جانچ سے متعلق سرگرمیاں بھی انجام دی گئیں۔ پینے کے پانی کی خدمات کو محفوظ اور قابلِ اعتماد بنانے کے لیے مانسون کے بعد پانی کے ذرائع کے پانی کے معیار کی جانچ کی گئی۔ خواتین کی فعال شرکت کے ذریعے کمیونٹی کی قیادت میں پانی کے معیار کی نگرانی کو مزید مضبوط کیا جا رہا ہے۔

جل جیون مشن 2.0 کے تحت سُجلم بھارت کے ذریعے ڈیجیٹل حکمرانی اور اثاثوں کے بندوبست کو مزید مستحکم کیا جا رہا ہے، جس کے تحت پانی کی فراہمی کے اثاثوں اور پائپ کے ذریعے پانی کی فراہمی کے ذرائع کی جیو ٹیگنگ کی جا رہی ہے۔ اسی موقع پر  ، ملک بھر میں 2691 پانی کی فراہمی سے متعلق اثاثوں، جن میں تقریباً 700 پانی کے ذرائع شامل ہیں، ان کی جیو ٹیگنگ کی گئی۔ یہ کوششیں دیہی پانی کی فراہمی کے نظام کی بہتر منصوبہ بندی، نگرانی اور طویل مدتی پائیداری میں مدد دے رہی ہیں، جب کہ پینے کے پانی سے متعلق اثاثوں کی ایک جامع ڈیجیٹل فہرست بھی تیار کی جا رہی ہے۔

 

 

ملک کو پانی کے حوالے سے خود کفیل اور مضبوط بنانے کے سفر میں، اب تک 15.96 کروڑ سے زیادہ دیہی گھرانوں کو ، جو ملک کے 82 فی صد سے زیادہ دیہی گھرانوں کے برابر ہیں،  جل جیون مشن کے تحت پینے کے پانی کے نل کے کنکشن فراہم کیے جا چکے ہیں۔ اس عمل میں شفافیت، جواب دہی اور حقیقی وقت میں نگرانی لانے کے لیے پینے کے پانی  اور صفائی ستھرائی  کے محکمے نے جل جیون مشن کے تحت ایک مخصوص ’ جل ارپن‘ ڈیجیٹل ماڈیول تیار کیا ہے۔ یہ ماڈیول پانی کی فراہمی کے منصوبوں کو حوالے کیے جانے کا منظم ڈیجیٹل ریکارڈ فراہم کرتا ہے اور پینے کے پانی کے دیہی نظام کے گرام پنچایت کی قیادت میں بندوبست میں معاونت کرتا ہے۔ حکومتِ ہند  ، ریاستوں، مرکز کے زیر انتظام علاقوں، گرام پنچایتوں اور مقامی کمیونٹیز کے ساتھ مل کر کام کرنے کے اپنے عزم پر قائم ہے، تاکہ ہر دیہی گھرانے کو محفوظ، مناسب اور قابلِ اعتماد پینے کے پانی کی خدمات مسلسل فراہم ہوتی رہیں۔

’ جل ارپن‘ کا انعقاد مہاتما گاندھی کے کمیونٹی کی شرکت، مقامی خود حکمرانی اور اجتماعی ذمہ داری کے تصور سے ہم آہنگ ہے، جس میں گرام پنچایتیں اور گاؤں کی کمیونٹیز پینے کے پانی کی خدمات کو برقرار رکھنے اور طویل مدتی  پانی کی یقینی فراہمی کو ممکن بنانے میں مرکزی کردار ادا کرتی ہیں۔

 

۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

(ش ح ۔ ا ع خ ۔ ر ا )

U.No. 4585


(ریلیز آئی ڈی: 2318703) وزیٹر کاؤنٹر : 12