ا قتصادی امور کی کابینہ کمیٹی
azadi ka amrit mahotsav

کابینہ نے ’ایک نیٹ ورک، اسمارٹر ٹریفک‘ منصوبے کو منظوری دی: دہلی میں بروقت ٹریفک بندوبست

دہلی کے لیے انٹیلیجینٹ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کے لیے 1,789.52 کروڑ روپے کی منظوری


مصنوعی ذہانت سے فعال موافق ٹریفک سگنل، ٹیکنالوجی پر مبنی نفاذ اور حقیقی وقت کی ٹریفک معلومات کے ذریعے سفر کو زیادہ محفوظ، آسان اور مؤثر بنایا جائے گا اوردہلی کی 42 ٹریفک راہداریوں کو تین مراحل میں منصوبے کے دائرے میں لایا جائے گا


یہ نظام ایمبولینسوں کی ترجیحی نقل و حرکت اور ٹریفک جام و سڑک حادثات پر فوری ردعمل میں سہولت فراہم کرے گا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 30 SEP 2026 3:15PM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی امور کی کمیٹی (سی سی ای اے) نے دہلی پولیس کی جانب سے آئی ٹی ایم ایس منصوبے کے نفاذ کو منظوری دے دی ہے۔ اس منصوبے پر ٹیکس سمیت 1,789.52 کروڑ روپے کی تخمینی لاگت آئے گی۔ منصوبے کے تحت 42 شناخت شدہ ٹریفک راہداریوں کو شامل کیا جائے گا اور اسے 24 ماہ میں تین مراحل کے ذریعے نافذ کیا جائے گا، جس کے بعد پانچ سال تک اس کا آپریشن اور دیکھ بھال کی جائے گی۔

قومی دارالحکومت میں ٹریفک مینجمنٹ، ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے اور شہری نقل و حرکت کو بہتر بنانے کے لیے مرکزی حکومت اور دہلی حکومت کی جانب سے کی جانے والی وسیع تر کوششوں کے تحت اب انٹیلی جنٹ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم (آئی ٹی ایم ایس) کے ذریعے ٹیکنالوجی پر مبنی ایک بڑا قدم اٹھایا جائے گا۔ یہ منصوبہ حقیقی وقت کے ٹریفک اعداد و شمار، موافق ٹریفک سگنل، خودکار نفاذ اور مربوط کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے ذریعے دہلی کے موجودہ سڑک نیٹ ورک کا زیادہ ذہانت کے ساتھ انتظام کرنے میں مدد دے گا۔

دہلی میں تقریباً 71 لاکھ فعال رجسٹرڈ گاڑیاں ہیں۔ سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے میں توسیع کے مقابلے میں گاڑیوں کی تعداد میں کہیں زیادہ اضافہ ہوا ہے، جبکہ ٹریفک کا نظم و ضبط اب بھی بڑی حد تک مقررہ سگنل اوقات اور دستی اقدامات پر منحصر ہے۔ آئی ٹی ایم ایس کا مقصد سڑکوں پر حقیقی حالات کے مطابق ٹریفک بندوبست کو متحرک طور پر عمل کرنے کے قابل بنا کر دستیاب سڑک گنجائش کا زیادہ بہتر استعمال کرنا ہے۔

فوائد:

  • زیادہ اسمارٹ ٹریفک سگنل اور آمدورفت میں بہتری: موافق ٹریفک کنٹرول سسٹم ٹریفک کی موجودہ صورتحال کے مطابق سگنل کے اوقات میں خودکار طور پر تبدیلی کرے گا اور شناخت شدہ ٹریفک راہداریوں میں سگنلوں کے درمیان تال میل قائم کرے گا، جس سے غیر ضروری رکنے اور تاخیر میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔
  • ایمبولینس اور ہنگامی گاڑیوں کو ترجیح: یہ نظام ہنگامی گاڑیوں کے لیے گرین کوریڈور اور ترجیحی نقل و حرکت کی سہولت فراہم کرے گا، جس سے ٹریفک کے باعث بھیڑ والے راستوں پر ان کی تیز رفتار آمدورفت ممکن ہوگی۔
  • ٹریفک جام اور حادثات پر فوری ردعمل: ٹریفک جام، سست رفتار ٹریفک اور سڑک پر پیش آنے والے واقعات کی حقیقی وقت میں نشاندہی سے دہلی پولیس کو راستوں میں فوری تبدیلی اور انتظامی اقدامات کرنے میں مدد ملے گی۔
  • مسافروں کے لیے بروقت معلومات: متغیر پیغاماتی سائن بورڈز اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم ٹریفک جام، راستوں میں تبدیلی، پارکنگ کی دستیابی اور ٹریفک کی صورتحال سے متعلق معلومات فراہم کریں گے۔ یہ معلومات نیوی گیشن خدمات فراہم کرنے والوں کے ساتھ بھی شیئر کی جا سکتی ہیں، جس سے مسافروں کو سفر کے بہتر راستے کا انتخاب کرنے میں مدد ملے گی۔
  • زیادہ مؤثر اور ٹیکنالوجی پر مبنی نفاذ: یہ نظام ریڈ لائٹ اور اسٹاپ لائن کی خلاف ورزی، مقررہ رفتار سے زیادہ گاڑی چلانے، غلط سمت میں گاڑی چلانے، ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کا استعمال نہ کرنے، غیر قانونی پارکنگ اور گاڑی چلاتے وقت موبائل فون کے استعمال جیسی خلاف ورزیوں کی خودکار نشاندہی کو مزید مؤثر بنائے گا۔ مصنوعی ذہانت پر مبنی تجزیاتی نظام چوری شدہ، ہاٹ لسٹ اور بلیک لسٹ میں شامل گاڑیوں، بار بار خلاف ورزی کرنے والوں اور ہٹ اینڈ رن کے واقعات سے منسلک گاڑیوں کی نشاندہی میں بھی مدد کرے گا۔

شہر بھر میں مربوط ٹریفک بندوبست:

ٹریفک کے نظم و نسق، قوانین کے نفاذ اور معلومات کی فراہمی کو ٹریفک کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز کے ذریعے ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر لایا جائے گا، جسے محفوظ ڈیٹا سینٹر اور ڈیزاسٹر ریکوری کے بنیادی ڈھانچے سے تعاون حاصل ہوگا۔ یہ نظام اوپن اسٹینڈرڈز اور اے پی آئیز پر مبنی ہوگا، جس سے مستقبل میں اس کے انضمام اور توسیع کی راہ ہموار ہوگی۔

اس منصوبے کے تحت 1,092 موافق ٹریفک کنٹرول سسٹم اور 1,029 نفاذ کے مقامات شامل کیے جائیں گے۔ منصوبے کا نفاذ کارکردگی کی بنیاد پر کیا جائے گا، جس میں ہر اگلا مرحلہ مقررہ جانچ، کمیشننگ، منظوری اور کارکردگی کے پیمانوں کے مطابق پچھلے مرحلے کی جانچ اور جائزے کے بعد شروع کیا جائے گا۔

دہلی پولیس مسابقتی بولی کے ذریعے منتخب کیے گئے ماسٹر سسٹم انٹیگریٹر کے ذریعے اس منصوبے کو نافذ کرے گی۔ سی ڈیک منصوبے کے انتظامی مشیر کی حیثیت سے تکنیکی معاونت فراہم کرے گا، جس میں نفاذ اور آپریشن و دیکھ بھال کے دوران تکنیکی جانچ پڑتال، نگرانی، توثیق اور منظوری شامل ہوگی۔

آئی ٹی ایم ایس دہلی کے سڑک اور ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے جاری کوششوں کو مزید تقویت دے گا اور موجودہ سڑک نیٹ ورک کو زیادہ مؤثر طریقے سے استعمال کرنے کے لیے درکار ٹیکنالوجی اور حقیقی وقت کی معلومات فراہم کرے گا۔ توقع ہے کہ اس منصوبے سے ٹریفک کی آمد و رفت بہتر ہوگی، سڑکیں زیادہ محفوظ ہوں گی، حادثات اور دیگر واقعات پر فوری ردعمل ممکن ہوگا، قوانین کا نفاذ زیادہ مؤثر ہوگا اور شہریوں کے لیے سفر کا تجربہ زیادہ قابل توقع ہوگا۔

******

 

ش ح۔ک ح۔ت ع

U. No. 4356


(ریلیز آئی ڈی: 2317025) وزیٹر کاؤنٹر : 10