امور صارفین، خوراک اور عوامی تقسیم کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

حکومت نے صارفین کو راحت فراہم کرنے کیلئے اہم خوردنی تیلوں پر درآمدی ڈیوٹی کم کی


خام سورج مکھی کے تیل پر بنیادی کسٹم ڈیوٹی کم کر کے صفر کر دی گئی ہے،  سویا بین اور پام آئل پر ڈیوٹی کم کرکے 5 فیصد کی گئی

خام اور ریفائنڈ خوردنی تیل کے درمیان 19.25 فیصد درآمدی ڈیوٹی کا فرق برقرار رکھا گیا تاکہ ملک میں تیل صاف کرنے کی صنعت کو فروغ دیا جا سکے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 24 SEP 2026 12:43PM by PIB Delhi

حکومت ہند نے ملک میں خوردنی تیل کی قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے، صارفین کو راحت فراہم کرنے اور بین الاقوامی خوردنی تیل کی قیمتوں میں تیز اضافے سے پیدا ہونے والے افراط زر کے دباؤ کو کم کرنے کے مقصد سے اہم درآمد شدہ خام خوردنی تیلوں پر بنیادی کسٹم ڈیوٹی (بی سی ڈی) کم کردی ہے۔

اس کے مطابق، خام سورج مکھی کے تیل پر بنیادی کسٹم ڈیوٹی 10 فیصد سے کم کرکے صفر کردی گئی ہے، جبکہ خام سویا بین تیل اور خام پام آئل پر بنیادی کسٹم ڈیوٹی 10 فیصد سے کم کرکے 5 فیصد کردی گئی ہے۔ حکومت نے متعلقہ صاف شدہ خوردنی تیلوں پر بھی قابل اطلاق بنیادی کسٹم ڈیوٹی میں کمی کی ہے، جبکہ خام اور صاف شدہ خوردنی تیلوں کے درمیان درآمدی ڈیوٹی کا 19.25 فیصد فرق برقرار رکھا گیا ہے۔

ڈیوٹی میں یہ تبدیلی بین الاقوامی خوردنی تیل کی قیمتوں میں اضافے اور اس کے نتیجے میں ملک میں درآمد شدہ تیل کی لاگت اور خوردہ قیمتوں میں ہونے والے اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔ درآمدی ڈیوٹی، درآمد شدہ خوردنی تیل کی مجموعی لاگت کا ایک اہم حصہ ہوتی ہے اور اس لیے اس کا اثر ملکی منڈی میں قیمتوں پر بھی پڑتا ہے۔

خام خوردنی تیلوں پر بنیادی کسٹم ڈیوٹی میں کمی سے ان کی درآمدی لاگت کم ہونے اور اس کا فائدہ ملکی سپلائی چین کے ذریعے صارفین تک منتقل ہونے کی توقع ہے۔ اس اقدام کا مقصد صارفین کو راحت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ غذائی اشیا کی قیمتوں اور مجموعی افراط زر کے دباؤ کو قابو میں رکھنے کے وسیع تر مقصد میں تعاون کرنا ہے۔

حکومت نے خام اور صاف شدہ خوردنی تیلوں کے درمیان ڈیوٹی کا فرق برقرار رکھا ہے تاکہ ملک میں موجود تیل صاف کرنے کی صلاحیت کا بہتر استعمال یقینی بنایا جا سکے اور صاف شدہ خوردنی تیل کی ضرورت سے زیادہ درآمد کی حوصلہ شکنی ہو۔ اس اقدام سے ملکی تیل صاف کرنے والی صنعت کو یکساں مواقع میسر آنے اور ملک کے اندر مسلسل قدر میں اضافے کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔

درآمدی ڈیوٹی میں کمی کا فائدہ صارفین تک پہنچانے کیلئے صنعت کو ہدایت

حکومت نے خوردنی تیل کی انجمنوں اور صنعت سے وابستہ فریق کو یہ بھی ہدایت دی ہے کہ درآمدی ڈیوٹی میں کمی سے حاصل ہونے والا پورا فائدہ صارفین تک منتقل کیا جائے۔

صنعت سے وابستہ فریقوں سے درخواست کی گئی ہے کہ درآمدی لاگت میں کمی کے مطابق ڈسٹری بیوٹرز کے لیے قیمت (پی ٹی ڈی) اور زیادہ سے زیادہ خوردہ قیمت (ایم آر پی) میں فوری طور پر نظرثانی کریں۔ خوردنی تیل کی انجمنوں سے بھی درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنے اراکین کو متعلقہ قیمتوں میں کمی کو بلا تاخیر نافذ کرنے کا مشورہ دیں۔

حکومت بین الاقوامی خوردنی تیل کی منڈیوں اور ملکی قیمتوں میں ہونے والی تبدیلیوں پر مسلسل نظر رکھے گی اور ضرورت کے مطابق مناسب اقدامات کرے گی تاکہ کسانوں اور ملکی خوردنی تیل کی صنعت کیلئے متوازن پالیسی ماحول برقرار رکھتے ہوئے صارفین کے مفادات کا تحفظ کیا جا سکے۔

***

ش ح۔ ک ا۔ م ش

U.NO.4014


(ریلیز آئی ڈی: 2314321) وزیٹر کاؤنٹر : 9