صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
صدر جمہوریہ ہند نے مہاراجہ سیاجی راؤ یونیورسٹی آف بڑودہ کی 75ویں سالانہ کنووکیشن تقریب میں شرکت کی
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا کہ تعلیم اسی وقت بامعنی ہوگی ، جب اس سے ملک اور معاشرے کو فائدہ پہنچے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
23 SEP 2026 4:39PM by PIB Delhi
صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج (23 ستمبر ، 2026ء ) گجرات کے وڈودرا میں مہاراجہ سیاجی راؤ یونیورسٹی آف بڑودہ کی 75ویں سالانہ کنووکیشن تقریب میں شرکت کی۔
اس موقع پر صدر جمہوریہ نے کہا کہ گزشتہ 75 برسوں سے یہ یونیورسٹی علم کے مختلف شعبوں کو یکجا کرتے ہوئے ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ آج کی دنیا میں کسی بھی مسئلے کا حل صرف ایک شعبے تک محدود نہیں ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اہم چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مختلف شعبوں کو یکجا کرکے کام کرنا ضروری ہے۔ ہمیں سائنس دان کی جستجو، فن کار کی حساسیت، مورخ کا نقطہ نظر، ماہر اقتصادیات کی بصیرت اور سماجیات کے ماہر کا شعور درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاراجہ سیاجی راؤ یونیورسٹی جیسے اعلیٰ تعلیمی اداروں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اس سمت میں مسلسل چوکس اور متحرک رہیں گے۔

صدر جمہوریہ نے فارغ التحصیل طلباء سے کہا کہ وہ اپنی تعلیم اور علم کے مقصد پر غور کریں۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ ملک اور معاشرے کے مفادات کو ترجیح دیتے ہوئے اپنے پیشہ ورانہ میدان میں آگے بڑھیں گے تو وہ خود بھی ترقی کریں گے اور یہ ترقی انہیں بے حد اطمینان فراہم کرے گی۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ تعلیم اسی وقت بامعنی ہوگی ، جب اس سے ملک اور معاشرے کو فائدہ پہنچے۔ انہوں نے طلباء کو مشورہ دیا کہ انجینئر کی حیثیت سے وہ ایسی ٹیکنالوجیز تیار کریں ، جو لوگوں کی زندگی کو بہتر بنائیں؛ ڈاکٹر کی حیثیت سے طب کو محض ایک پیشہ نہیں بلکہ خدمت کا ذریعہ سمجھیں؛ سائنس دان کی حیثیت سے انسانیت کے مفاد میں مسائل کے حل تلاش کریں؛ فن کار یا مصنف کی حیثیت سے معاشرے میں حساسیت کو فروغ دیں؛ کاروباری افراد کی حیثیت سے صرف دولت ہی نہیں بلکہ روزگار اور مواقع بھی پیدا کریں؛ استاد کی حیثیت سے ایسی نوجوان نسل کی پرورش پر توجہ دیں ، جو ورثے اور ترقی دونوں کو اپنائے؛ اور عوامی زندگی میں اپنے عہدے کو اختیار کا ذریعہ سمجھنے کے بجائے ایک ذمہ داری سمجھیں۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہم 2047 ء تک وکست بھارت کی تعمیر کے قومی مقصد کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ ایسا ملک ، جہاں معیاری تعلیم اور صحت کی سہولیات ہر شخص تک پہنچیں؛ جہاں سائنس اور ٹیکنالوجی کو انسانی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کیا جائے؛ جہاں مواقع کی برابری ہو؛ جہاں خواتین اور نوجوانوں کی مکمل صلاحیتوں سے فائدہ اٹھایا جائے؛ اور ایسا بھارت ، جہاں ہر شہری کو با وقار زندگی گزارنے کا موقع حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ ان اہداف کے حصول میں یونیورسٹیوں اور نوجوانوں کو اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔

صدر جمہوریہ کی تقریر یہاں ملاحظہ کریں
***
) ش ح – م م - ع ا )
U.No. 3980
(ریلیز آئی ڈی: 2314009)
وزیٹر کاؤنٹر : 7