ریلوے کی وزارت
صفائی ستھرائی کو ادارہ جاتی شکل دینے اور بھارتی ریلویز میں زیر التوا معاملات کے نمٹارے کیلئے خصوصی مہم 6 کی تیاریاں جاری ہیں
ای ویسٹ اور اسکریپ کے نمٹارے ، جگہ کے بندوبست اور زیر التوا معاملات کے نمٹارے پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی
مہم کی سرگرمیوں کی نگرانی اور تال میل کیلئے 150 سے زیادہ نوڈل افسران مقررکئے گئے ہیں
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
21 SEP 2026 1:32PM by PIB Delhi
حکومت ہند کی جانب سے سرکاری دفاتر میں صفائی ستھرائی کو ادارہ جاتی شکل دینے اور زیر التوا معاملات کو کم سے کم کرنے کے لیے خصوصی مہم 6 شروع کی گئی ہے۔ اس مہم کو دو مرحلوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ابتدائی مرحلہ 15 سے 30 ستمبر 2026 تک جاری رہے گا، جس کے دوران اہداف مقرر کیے جائیں گے، جبکہ مہم کا باقاعدہ نفاذکا مرحلہ 2 سے 31 اکتوبر 2026 تک جاری رہے گا۔
گزشتہ خصوصی مہم 5.0 کے دوران وزارت ریلویز نے نمایاں پیش رفت کرتے ہوئے عوامی شکایات، وی آئی پی حوالہ جات اور دیگر زیر التوا معاملات کے نمٹارے سے متعلق مقرر کئے گئے 100 فیصد اہداف حاصل کئے۔ اس دوران 6.06 لاکھ مربع فٹ جگہ خالی کرائی گئی اور 570 کروڑ روپے کی آمدنی حاصل ہوئی۔
وزارت ریلویز اپنے تمام فیلڈ یونٹس، منسلک اور ماتحت دفاتر، سرکاری شعبے کے اداروں اور خود مختار اداروں میں زیر التوا معاملات کے نمٹارے سے متعلق خصوصی مہم 6 (ایس سی ڈی پی ایم 6) کے کامیاب نفاذ کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ ریلوے بورڈ مہم کی تیاریوں کی قریبی نگرانی کر رہا ہے تاکہ اسے سب سے زیادہ ترجیح دی جا سکے۔ انتظامی اصلاحات اور عوامی شکایات کے محکمہ (ڈی اے آر پی جی) کی جانب سے جاری تفصیلی رہنما ہدایات تمام فیلڈ یونٹس کو بھیج دی گئی ہیں تاکہ زمینی سطح پر کام کرنے والے اہلکاروں کو متحرک کیا جا سکے، مہم کے مقامات کی نشاندہی کی جا سکے اور جگہ کے بہتر انتظام کے لیے منصوبہ بندی کی جا سکے۔ اس سلسلے میں ریلوے بورڈ کے سکریٹری کی جانب سے تمام جنرل منیجروں اور دیگر یونٹس کے سربراہان کو اے ڈی او خط بھی جاری کیا گیا ہے۔
تمام زونل ریلویز، ڈویژنل دفاتر، سرکاری شعبے کے اداروں (پی ایس یوز)، پیداواری یونٹس (پی یوز) اور مرکزی تربیتی اداروں کو تفصیلی ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ مہم میں زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنائی جا سکے۔ بھارتی ریلویز میں 150 سے زائد نوڈل افسران مقرر کیے گئے ہیں، جو اس کوشش کے لیے تال میل قائم کریں گے۔ یہ افسران روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت سے متعلق معلومات جمع کرکے ریلوے بورڈ کو بھیجیں گے، جس کے ذریعے یہ معلومات براہ راست ڈی اے آر پی جی کے مرکزی ایس سی ڈی پی ایم نگرانی پورٹل پر درج کی جائیں گی۔ اس سے حقیقی وقت میں پیش رفت کی نگرانی اور ہفتہ وار اعلی سطحی جائزوں میں سہولت ملے گی۔
چونکہ مہم کا تیاری کا مرحلہ جاری ہے، اس لئے مہم کے اہم پیرامیٹروں کے حوالے سے اہداف کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ رواں سال کی مہم کی ترجیحات کے مطابق ’’ای ویسٹ کی مؤثر جمع آوری، علیحدگی اور نمٹارہ‘‘ پر خصوصی زور دیا جا رہا ہے، جو ای ویسٹ (انتظام) ضوابط 2022 کے تحت کی جائے گی۔ اس کے علاوہ جنرل فنانشل رولز (جی ایف آر) کے تحت ناکارہ سامان کے تصفیے، دفتری جگہوں کی خوب صورتی، طریقہ کار اور قواعد کو آسان بنانے اور زیر التوا حوالہ جات کے نمٹارے پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
ریل چوپال (ایس سی ڈی پی ایم 4.0) اور امرت سمواد (ایس سی ڈی پی ایم 5.0) کے کامیاب انعقاد کے بعد، وزارت ایس سی ڈی پی ایم 6 کے دوران ’’ریل جن سمواد‘‘ کا انعقاد کرے گی تاکہ عوامی شمولیت کو مزید مضبوط کیا جا سکے اور شہریوں کے ساتھ بامعنی مکالمے کو فروغ دیا جا سکے۔
صفائی ستھرائی کو معمول کے عملی معیار کا حصہ بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے، وزارت ریلویز عوامی شمولیت کو مؤثر بنانے اور زیر التوا حوالہ جات کے فوری نمٹارے کو مسلسل ترجیح دے رہی ہے۔ تمام یونٹس میں مربوط منصوبہ بندی اور بھرپور شرکت کے ساتھ وزارت خصوصی مہم 6 کو بھرپور کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
***
ش ح۔ ک ا۔ ع د
U.NO.3846
(ریلیز آئی ڈی: 2312948)
وزیٹر کاؤنٹر : 8