امور صارفین، خوراک اور عوامی تقسیم کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ڈی ایف پی ڈی اور ایف سی آئی نے مالی سال 2026-27 کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے، تاکہ غذائی اجناس کے انتظام میں کارکردگی، ٹیکنالوجی اور جواب دہی کو مزید مضبوط بنایا جا سکے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 08 SEP 2026 3:11PM by PIB Delhi

محکمہ خوراک و عوامی تقسیم (ڈی ایف پی ڈی) اور فوڈ کارپوریشن آف انڈیا (ایف سی آئی) نے نئی دہلی میں مالی سال 27-2026 کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ اس مفاہمتی یادداشت کے تحت ایف سی آئی کے لیے ایک جامع کارکردگی کا فریم ورک قائم کیا گیا ہے، جس میں واضح اہداف مقرر کیے گئے ہیں۔ ان اہداف کا مقصد غذائی اجناس کے انتظام میں عملیاتی کارکردگی کو بہتر بنانا، جواب دہی کو مضبوط کرنا اور جدید کاری کے عمل کو تیز کرنا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/sep/image001_20260908151131_944ffe.jpg

اس مفاہمتی یادداشت میں اہم شعبوں پر توجہ مرکوز کی گئی ہے، جن میں ذخیرہ اندوزی کے دوران ہونے والے نقصانات میں کمی، ذخیرہ کرنے کی گنجائش کا بہترین استعمال، لاجسٹکس اور سپلائی چین مینجمنٹ میں بہتری، اور معیار کی جانچ کے نظام کو مزید مضبوط بنانا شامل ہے۔ اس کے علاوہ، کاروباری امور کے طریقۂ کار کو زیادہ سے زیادہ ڈیجیٹل بنانے اور جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی  کے حل اپنانے پر بھی زور دیا گیا ہے، تاکہ ایف سی آئی کے آپریشنز میں کارکردگی، شفافیت اور نگرانی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

جدید کاری کے ایجنڈے کے تحت، مفاہمتی یادداشت میں ایف سی آئی کے ملازمین کے لیے صلاحیت سازی میں اضافے اور مہارتوں کی ترقی کے اقدامات بھی شامل کیے گئے ہیں۔ اس کا مقصد ادارے کو ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور غذائی اجناس کے انتظام کے جدید و عصری نظاموں کو مؤثر طریقے سے اپنانے کے قابل بنانا ہے۔

فوڈ کارپوریشن آف انڈیا (ایف سی آئی) کا قیام فوڈ کارپوریشنز ایکٹ، 1964 کے تحت 1965 میں عمل میں آیا۔ ایف سی آئی حکومتِ ہند کی جانب سے غذائی اجناس کی خریداری، ذخیرہ کرنے، حمل و نقل اور تقسیم کے ذریعے ملک کی غذائی تحفظ کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔اس کے آپریشنز میں بڑے پیمانے پر عوامی وسائل شامل ہونے کے پیشِ نظر، غذائی سبسڈی کے مؤثر استعمال اور عملیاتی طریقۂ کار میں مسلسل بہتری کو اہم ترجیحات حاصل ہیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/sep/image002_20260908151138_bdd93a.jpg

یہ مفاہمتی یادداشت ایف سی آئی کے کام کاج میں ایک قابلِ پیمائش اور نتائج پر مبنی طریقۂ کار متعارف کراتی ہے، جس کے تحت ادارے کی کارکردگی کو واضح طور پر متعین سالانہ پیمانوں سے منسلک کیا گیا ہے۔ اس فریم ورک کا مقصد وسائل کے مؤثر استعمال کو فروغ دینا، آپریشنز میں شفافیت کو مضبوط کرنا اور پورے ادارے میں ٹیکنالوجی پر مبنی حل اپنانے کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

مفاہمتی یادداشت کے اہداف کے ایک حصے کو ایف سی آئی کے ڈپوز کی کارکردگی سے ڈپو درپن پورٹل  کے ذریعے منسلک کیا گیا ہے۔ یہ ایک ویب پر مبنی پلیٹ فارم ہے جو ڈپو کے بنیادی ڈھانچے اور عملیاتی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ ڈپوؤں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، عملیاتی کارکردگی بہتر کرنے اور ایف سی آئی کے تمام ڈپوؤں میں مسلسل بہتری کو فروغ دینے کے لیے نتائج اور اہداف پر مبنی پیمانے شامل کیے گئے ہیں۔

مفاہمتی یادداشت پر دستخط حکومت کے اس مسلسل عزم کی عکاسی کرتے ہیں کہ غذائی اجناس کے انتظام کے نظام کو جدید بنایا جائے اور ملک کے غذائی تحفظ کے نظام کی کارکردگی اور مضبوطی میں اضافہ کیا جائے۔ اس کارکردگی پر مبنی فریم ورک کے ذریعے ڈی ایف پی ڈی اور ایف سی آئی نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ غذائی سبسڈی کے وسائل کو کفایت شعاری اور شفافیت کے ساتھ استعمال کیا جائے، جبکہ ملک و قوم کے لیے ان سے زیادہ سے زیادہ فائدہ یقینی بنایا جائے۔

******

ش ح ۔ ض ر۔ ر ب

U. No.3156


(ریلیز آئی ڈی: 2307866) وزیٹر کاؤنٹر : 5