خواتین اور بچوں کی ترقیات کی وزارت
این سی پی سی آر کی خصوصی مہم کے تحت 3800 سے زائد بچوں کو بچہ مزدوری سے بازیاب کرایا گیا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
04 SEP 2026 11:04AM by PIB Delhi
خواتین و اطفال کی ترقی کی وزارت کے تحت قانونی طور پر قائم ادارے، قومی کمیشن برائے تحفظِ حقوقِ اطفال (این سی پی سی آر) نے 12 جون 2026 کو ملک گیر ’’بازیابی اور بازآبادکاری‘‘ کی ایک خصوصی مہم شروع کی، جو 31 اگست 2026 تک جاری رہی۔ این سی پی سی آر نے متعلقہ ریاستی حکومتوں/مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کی انتظامیہ، ضلعی مجسٹریٹوں، محکمۂ محنت، پولیس حکام اور دیگر متعلقہ فریقوں کے ساتھ مربوط اقدامات کرتے ہوئے چائلڈ لیبر میں مصروف بچوں اور انسانی اسمگلنگ و استحصال کے خطرے سے دوچار بچوں کی شناخت، بازیابی اور بازآبادکاری کی کوششوں کو مزید تیز کیا۔
این سی پی سی آر نے متعلقہ حکام کو مراسلات جاری کرتے ہوئے بچہ مزدوری اور انسانی اسمگلنگ کے حساس مقامات پر ہدفی اور مؤثر کارروائیاں تیز کرنے کی درخواست کی۔ ریاستوں/مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں سے یہ بھی کہا گیا کہ وہ بازیابی کی کارروائیوں، بازیاب کیے گئے بچوں، درج کی گئی ایف آئی آرز، بازآبادکاری، اہلِ خانہ کو واپسی، بچوں کو تعلیمی دھارے میں شامل کرنے، معاوضے اور دیگر بعد از کارروائی اقدامات وغیرہ سے متعلق اعداد و شمار باقاعدگی سے فراہم کریں۔
مہم کے نفاذ کی نگرانی اور زمینی سطح پر درپیش مسائل کے حل کے لیے این سی پی سی آر نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ اجلاس منعقد کیے۔ ان اجلاسوں میں بازیابی کی کارروائیوں کا جائزہ لینے، عملی رکاوٹوں کو دور کرنے، کارروائی کی رپورٹیں بروقت جمع کرانے اور متعلقہ محکموں و اداروں کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
این سی پی سی آر نے سماجی ذرائع ابلاغ اور دیگر ابلاغی پلیٹ فارموں کے ذریعے عوامی آگاہی اور رابطے کی مہم بھی چلائی، جس کے تحت مہم، بچہ مزدوری کی اطلاع دینے، اور بازیابی کے بعد بچوں کی بازآبادکاری اور انہیں تعلیمی دھارے میں شامل کرنے کی اہمیت سے متعلق معلومات عام کی گئیں۔
مذکورہ مہم کی مسلسل اور فعال نگرانی کے نتیجے میں این سی پی سی آر نے ریاستی حکام کے تعاون سے 3800 سے زائد بچوں کو کامیابی کے ساتھ بازیاب کرایا۔ مزید برآں، مہم کے دوران 575 سے زائد ایف آئی آرز بھی درج کی گئیں۔
******
ش ح۔ ف ا۔ م ر
U-NO. 3023
(ریلیز آئی ڈی: 2306667)
وزیٹر کاؤنٹر : 6