وزارت اطلاعات ونشریات
azadi ka amrit mahotsav

آئی آئی ایس افسران کا کردار محض  ذرائع ابلاغ تک محدود نہیں، وہ حکمرانی اور شہریوں کی امنگوں کے درمیان ایک اہم رابطہ ہیں، درستگی، اعتبار اور ہمدردی کے ذریعہ اعتماد قائم کرتے ہیں: سکریٹری  ،اطلاعات و نشریات


آئی آئی ایم سی نے پہلی مرتبہ آئی آئی ایس ٹرینی افسران کو پوسٹ گریجویٹ ڈگریاں عطا کیں، ڈیمڈ یونیورسٹی کی حیثیت سے ایک تاریخی سنگ میل

ابلاغ صرف معلومات پہنچانے کا نام نہیں، بلکہ مفاہمت پیدا کرنے کا عمل ہے: وائس چانسلر،آئی آئی ایم سی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 01 SEP 2026 3:29PM by PIB Delhi

انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ماس کمیونیکیشن (آئی آئی ایم سی) نے آج انڈین انفارمیشن سروس (آئی آئی ایس(کے گروپ اے افسر ٹرینیوں کے لیے اختتامی تقریب اور گریجویشن تقریب کا انعقاد کیا۔ اس میں 2009، 2023 اور 2024 بیچز کے افسر ٹرینیوں نے شرکت کی۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اطلاعات و نشریات کی وزارت کے سکریٹری جناب چنچل کمار نے کہا کہ عوامی ابلاغ حکمرانی کا ایک لازمی حصہ ہے اور اسے بدلتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور پلیٹ فارمز کے ساتھ خود کو مسلسل ہم آہنگ کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ افسران کے لیے ضروری ہے کہ وہ ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز سے باخبر رہیں۔ انہوں نے خاص طور پر کہا کہ مصنوعی ذہانت (AI) ایک گیم چینجر بن رہی ہے، جبکہ غلط معلومات، ڈیپ فیکس اور مصنوعی طور پر تیار کردہ مواد نئے چیلنجز پیدا کر رہے ہیں۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ ابلاغ ایک دو طرفہ عمل ہونا چاہیے، جس میں شہریوں کی رائے اور آراء پالیسیوں اور ان کے نفاذ کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ رفتار اہم ہے، لیکن درستگی اور اعتبار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ ہر ابلاغ ادارے کی ساکھ اور اختیار کی نمائندگی کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ افسران کو اپنی صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ کرنا چاہیے، زمینی حقائق سے جڑے رہنا چاہیے اور جب انہیں ابلاغ کے علاوہ حکمرانی کی دیگر ذمہ داریاں سونپی جائیں تو انہیں ان ذمہ داریوں کو سمجھنے اور سنبھالنے کے لیے بھی تیار رہنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سب سے بڑھ کر شہریوں کو مرکز میں رکھنا چاہیے اور افسران کو ہمیشہ یہ سوال خود سے کرنا چاہیے کہ آیا ان کا کام عوام، بالخصوص معاشرہ کے سب سے غریب طبقے کی مدد کر رہا ہے یا نہیں۔ اگر ایسا نہیں ہے تو انہیں اپنی حکمت عملی پر دوبارہ غور کرتے ہوئے نئے سرے سے منصوبہ بندی کرنی چاہیے۔ انہیں ہمیشہ عوام کے مسائل کو ہمدردی کے ساتھ سمجھنا چاہیے اور ان کی مدد کے لیے عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر پرگیہ پالیوال گور، وائس چانسلر،آئی آئی ایم سی نے کہا کہ افسر ٹرینی اس پوسٹ گریجویٹ (پی جی) ڈگری کے پہلے مستفیدین ہیں، جو آئی آئی ایم سی کے تعلیمی کردار کو مزید مضبوط بنانے اور ابلاغ کے شعبہ میں پیشہ ورانہ تربیت کے ساتھ اس کے قریبی تعلق کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ابلاغ محض معلومات منتقل کرنے کا نام نہیں بلکہ باہمی مفاہمت پیدا کرنے کا عمل ہے اور افسر ٹرینیوں کو اپنی ذمہ داریاں واضح سوچ، معروضیت اور حساسیت کے ساتھ انجام دینی چاہئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایم اے کی ڈگری مسلسل سیکھتے رہنے کی اہمیت کی یاد دہانی ہے، خصوصاً ایسے شعبہ میں جو مسلسل تبدیلی اور ارتقا سے گزر رہا ہے۔

تقریب میں اطلاعات و نشریات کی وزارت کے ایڈیشنل سکریٹری جناب پربھات، وزارت اطلاعات و نشریات کے جوائنٹ سکریٹری جناب کے کے نرالہ، ڈائرکٹر جنرل ( ٹریننگ) جناب ایل مدھو ناگ، سینئر افسران، فیکلٹی اراکین اور افسر ٹرینیوں نے شرکت کی۔

*****

) ش ح – ظ الف – اش ق )

UR No. 2870


(ریلیز آئی ڈی: 2305500) وزیٹر کاؤنٹر : 14