صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

صدرجمہوریہ ہند نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فیشن ٹیکنالوجی (این آئی ایف ٹی) کے 18 کیمپس کی مشترکہ جلسۂ تقسیم اسناد میں شرکت کی


طلبہ کو اپنی جڑوں اور ہماری ثقافت کی بنیادی اقدار سے مضبوطی سے جڑے رہتے ہوئے عالمی نقطۂ نظر اپنانا چاہیے: صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 31 AUG 2026 4:10PM by PIB Delhi

بھارت کی صدرِ جمہوریہ محترمہ دروپدی مرمو نے آج (31 اگست 2026) نئی دہلی میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فیشن ٹیکنالوجی (نِفٹ) کے 18 کیمپس کے مشترکہ جلسۂ تقسیمِ اسناد میں شرکت کی۔

1.jpg

اس موقع پر اپنے خطاب میں صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ ٹیکسٹائل اور ملبوسات کا شعبہ صرف ہماری ثقافتی وراثت کا حصہ نہیں ہے بلکہ کروڑوں ہم وطنوں کی روزی روٹی کا ذریعہ بھی رہا ہے۔ اگر روایتی دست کاروں کو تعاون اور رہنمائی فراہم کی جائے تو اس سے ان کی آنے والی نسلوں کو بھی فخر اور اعتماد کے ساتھ اس پیشے سے وابستہ رہنے کی ترغیب ملے گی۔ انہوں نے یہ جان کر خوشی کا اظہار کیا کہ نِفٹ کے مختلف مراکز نے ‘کرافٹ کلسٹر پہل’ جیسے پروگرام نافذ کیے ہیں، جن کے ذریعے اپنے اپنے علاقوں کے بُنکروں اور دست کاروں کو ٹیکسٹائل اور ملبوسات کے شعبے میں جدید تکنیکوں سے روشناس کرایا جا رہا ہے اور انہیں منڈیوں سے جوڑا جا رہا ہے۔

2.jpg

صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ آج ہمارا ملک ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ اعتماد کے ساتھ عالمی سطح پر اپنے کردار کو وسعت دے رہا ہے۔ فیشن ٹیکنالوجی ایک ایسا شعبہ ہے جس میں عالمی سطح پر بھارت کے کردار کو بڑھانے کے بے پناہ امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے طلبہ سے کہا کہ وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کوشش میں تمام طلبہ یہ بات ہمیشہ یاد رکھیں کہ ان کی سوچ عالمی ہو، لیکن ان کی جڑیں اپنی مٹی اور ملک کی ثقافتی اقدار سے جڑی ہوں۔ اس طرح وہ نہ صرف کامیاب پیشہ ور بنیں گے بلکہ بھارت کی ثقافتی وراثت کے تحفظ اور فروغ میں بھی اپنا کردار ادا کر سکیں گے۔

3.jpg

صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ طلبہ کو عالمی معیار کی مصنوعات اور برانڈ تیار کرنے چاہئیں، لیکن اس کے ساتھ یہ بھی یقینی بنانا چاہیے کہ وہ ماحول دوست ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اپنی مصنوعات کے لیے مقامی طور پر دستیاب خام مال کا استعمال ماحول کے تحفظ کی سمت میں ایک اہم قدم ہوگا۔ بچے ہوئے اجزا کو بے کار سمجھ کر پھینکنا نہیں چاہیے، بلکہ انہیں نئی شکل، نئی افادیت اور نئی قدر دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے یہ جان کر خوشی کا اظہار کیا کہ نِفٹ کے پالیسی سازوں نے پائیداری اور سماجی ذمہ داری کو ادارے کے عملی منصوبے میں اہم مقام دیا ہے۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ نِفٹ ٹیکسٹائل اور ملبوسات کے شعبے میں پائیدار مستقبل کے لئے اپنی کوششوں کے تحت سرکلر معیشت کے طریقۂ کار کو وسیع اور منافع بخش بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے گا۔

4.jpg

صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ 2047 تک ترقی یافتہ بھارت کے ہدف کو حاصل کرنے میں نوجوان اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نِفٹ جیسے باوقار اداروں کے باصلاحیت نوجوان طلبہ سے ملک کو بہت سی توقعات وابستہ ہیں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ ایسے معاشرے کی تعمیر میں اپنا تعاون دیں جہاں ہر شہری کو ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کا مناسب موقع مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کامیابی اس بات میں مضمر ہے کہ ان کی کوششوں سے کسی دست کار کو اپنی دست کاری کی بنیادی شناخت برقرار رکھتے ہوئے اپنی پیداوار اور آمدنی بڑھانے میں کس حد تک مدد ملتی ہے۔

5.jpg

صدرِ جمہوریہ کی تقریر دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

***

ش ح۔ ک ا۔ اش ق

U.NO. 2813

 


(ریلیز آئی ڈی: 2305060) وزیٹر کاؤنٹر : 14