پنچایتی راج کی وزارت
دان ویر: پنچایتی راج کی وزارت نے گرام پنچایتوں میں ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے عوامی شمولیت کی اپیل کی
سادہ، محفوظ اور شفاف ڈیجیٹل عمل کے ذریعے میری پنچایت ایپ پر کسی بھی اہل گرام پنچایت کو براہِ راست کمپیوٹر عطیہ کیا جا سکتا ہے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
27 AUG 2026 12:57PM by PIB Delhi
پنچایتی راج کی وزارت عوام سے اپیل کرتی ہے کہ وہ ’دان ویر‘ بن کر بنیادی سطح پر ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے میں اپنا تعاون دیں۔ ’دان ویر‘ عوامی شراکت پر مبنی کمپیوٹر کراؤڈ سورسنگ کا ایک اقدام ہے، جس کے تحت افراد اور تنظیمیں ایک سادہ، شفاف اور ٹیکنالوجی پر مبنی طریقۂ کار کے ذریعے تصدیق شدہ گرام پنچایتوں کو براہِ راست ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر عطیہ کر سکتی ہیں۔ راشٹریہ گرام سوراج ابھیان (آر جی ایس اے) سمیت حکومت کے مختلف پروگراموں کے تحت فراہم کیے جانے والے بنیادی ڈھانچے کے فروغ میں تعاون کو مزید تقویت دیتے ہوئے، اس اقدام کا مقصد رضاکارانہ عوامی شمولیت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بنیادی سطح پر ڈیجیٹل حکمرانی اور عوامی خدمات کی فراہمی کو مستحکم کرنا ہے۔

دان ویر کے ذریعے گرام پنچایت کو کمپیوٹر عطیہ کرنا اتنا ہی آسان اور سہل ہے جتنا آن لائن خریداری کرنا۔ میری پنچایت ایپ کے ذریعے شہری متعلقہ ریاستی حکومتوں کی جانب سے تصدیق شدہ ان گرام پنچایتوں کو دیکھ سکتے ہیں جنہیں ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز کی ضرورت ہے، اور اپنے موبائل فون سے اپنی گرام پنچایت یا کسی بھی دوسری اہل گرام پنچایت کی مدد کا انتخاب کر سکتے ہیں۔’’ڈونیٹ کمپیوٹر‘‘ پر کلک کرنے کے بعد عطیہ دہندہ کو بغیر کسی علیحدہ رجسٹریشن کے محفوظ طریقے سے ڈیجی ہاٹ پر منتقل کر دیا جاتا ہے، جو او این ڈی سی سے مربوط ایک ڈیجیٹل مارکیٹ ہے۔ منتخب گرام پنچایت کا ترسیلی پتہ اور وصول کنندہ کی تفصیلات خودکار طور پر درج ہو جاتی ہیں، جس سے معلومات کو دستی طور پر درج کرنے کی ضرورت نہیں رہتی۔عطیہ دہندگان مقررہ تکنیکی خصوصیات کے مطابق تیار کیے گئے معیاری کمپیوٹر پیکیجز میں سے انتخاب کر سکتے ہیں، ڈیجیٹل طریقے سے ادائیگی کر سکتے ہیں اور تصدیق، روانگی، ترسیل اور وصولی کی تصدیق تک آرڈر کی پیش رفت کا سراغ رکھ سکتے ہیں۔ گرام پنچایت کے سکریٹری کی جانب سے وصولی کی تصدیق کے بعد عطیہ دہندہ کو ڈیجیٹل طور پر تیار کردہ تعریفی سند موصول ہوتی ہے۔اس طرح اس اقدام کے تحت عطیہ دینے کے پورے عمل کے ہر مرحلے، یعنی آرڈر دینے سے لے کر کمپیوٹر کی ترسیل تک، حقیقی وقت میں نگرانی کی جا سکتی ہے، جس سے مکمل شفافیت یقینی بنتی ہے۔

دان ویر کے ذریعے عطیہ کیا گیا ایک کمپیوٹر گرام پنچایت کے ذریعے منصوبہ بندی، مالیاتی انتظام، ریکارڈ محفوظ رکھنے اور شہریوں کو خدمات فراہم کرنے کے لیے ڈیجیٹل حکمرانی کے پلیٹ فارم کا مؤثر طریقے سے استعمال کر نے سے متعلق صلاحیت مزید بہتر بنا سکتا ہے۔ یہ اقدام اس صلاحیت کو ایک شفاف عطیہ کے عمل کے ساتھ جوڑتا ہے، جس کے ذریعے عوام اپنی گرام پنچایت کے لیے کیے گئے عطیے کی صورتِ حال دیکھ سکتے ہیں اور عطیہ دہندگان اپنے تعاون کے بارے میں ڈیجیٹل طور پر اس کا پتہ لگا سکتے ہیں۔یہ اقدام ان شہریوں، بشمول بیرونِ ملک مقیم بھارتیوں، فلاحی اداروں اور کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے شراکت داروں کو بھی بنیادی سطح کے ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے میں اپنا تعاون دینے اور اپنے آبائی گاؤں سے دوبارہ جڑنے کا ایک قابلِ اعتماد ذریعہ فراہم کرتا ہے، جو اپنے آبائی گاؤں سے دور رہتے ہیں۔ مزید ریاستوں کی جانب سے اہل گرام پنچایتوں کو اس اقدام میں شامل کیے جانے کے ساتھ، دان ویر میں یہ صلاحیت موجود ہے کہ یہ مضبوط اور ڈیجیٹل طور پر بااختیار پنچایتوں کے لیے ملک گیر تحریک کی شکل اختیار کر سکے۔27 اگست 2026 تک 75 عطیات کیے جا چکے ہیں، جو اس اقدام کے لیے عوام کی پُرجوش پذیرائی اور بڑھتی ہوئی قبولیت کی عکاسی کرتے ہیں۔ کامیابی کے ساتھ عطیہ مکمل ہونے پر عطیہ دہندگان کو تعریفی سند دی جاتی ہے، جس کے ذریعے بلدیاتی حکمرانی کو مضبوط بنانے میں ان کے تعاون کا اعتراف کیا جاتا ہے۔دان ویر شراکتی حکمرانی کے ایک اختراعی نمونے کی نمائندگی کرتا ہے، جو بنیادی سطح کے اداروں کو مضبوط بنانے کے لیے حکومتی کوششوں کو رضاکارانہ عوامی شمولیت کے ذریعے مزید تقویت فراہم کرتا ہے۔ شہریوں، فلاحی کام میں مشغول افراد، اداروں، کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے شراکت داروں اور بیرونِ ملک مقیم بھارتیوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ آگے آئیں اور دان ویر بنیں۔
کیو آر کوڈ اسکین کریں اور میری پنچایت ایپ پر رجسٹریشن کریں۔ مزید تفصیلات کے لیے ملاحظہ کریں:
https://egramswaraj.gov.in/danveer/
دان ویر سے متعلق اکثر پوچھے جانے والے سوالات: یہاں کلک کریں
عطیہ دہندگان کے لیے ماڈیول:یہاں کلک کریں

***
ش ح۔ ش ب۔ ش ا
U.NO. 2646
(ریلیز آئی ڈی: 2303694)
وزیٹر کاؤنٹر : 15