وزارت خزانہ
’آپریشن بلیک ہاک‘ کے تحت سی بی این نے بین ریاستی ہیروئن اسمگلنگ گروہ کا پردہ فاش کرتے ہوئے 18.6 کلوگرام سے زائد خام ہیروئن ضبط کیا
بین ریاستی اسمگلنگ گروہ کے تین ارکان گرفتار
प्रविष्टि तिथि:
24 AUG 2026 10:03AM by PIB Delhi
منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے سینٹرل بیورو آف نارکوٹکس (سی بی این) کے مدھیہ پردیش اور اتر پردیش یونٹس کے افسران نے ’آپریشن بلیک ہاک‘ کو کامیابی کے ساتھ انجام دیا۔ لکھنؤ (اتر پردیش) کے قریب مسلسل کی جانے والی کارروائیوں میں مجموعی طور پر 18.64 کلوگرام خام ہیروئن ضبط کی گئی۔ بین ریاستی اسمگلنگ نیٹ ورک کے تین اہم ارکان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ضبط شدہ منشیات شمال مشرقی ریاست سے لائی گئی تھی اور اسے اتر پردیش میں استعمال کے لیے اسمگل کیا جا رہا تھا۔
سی بی این کے مدھیہ پردیش یونٹ کو شمال مشرقی خطے سے لکھنؤ تک منشیات کی ترسیل سے متعلق مصدقہ اطلاعات ملنے کے بعد، سی بی این کے مدھیہ پردیش اور اتر پردیش یونٹس کی مشترکہ ٹیموں نے 20 اور 21 اگست 2026 کی درمیانی شب سلطان پور–لکھنؤ شاہراہ پر حکمتِ عملی کے تحت ناکہ بندی کی۔

مختلف ٹول پلازوں سے مسلسل نگرانی اور گاڑی کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے بعد، کارروائی کرنے والی ٹیم نے 21 اگست کو لکھنؤ کے قریب آسام نمبر پلیٹ والی ہنڈائی کریٹا گاڑی کو روک لیا۔ گاڑی کی تلاشی کے دوران وہ بظاہر خالی پائی گئی اور اس میں سوار افراد نے خود کو بے قصور قرار دیا۔ تاہم، پوچھ گچھ کے دوران جب گاڑی میں سوار افراد نے بتایا کہ انہوں نے صرف 500 کلومیٹر کے سفر کے دوران چار مرتبہ ایندھن بھروایا تھا تو افسران کو شک ہوا۔ ایندھن کی ٹنکی کو جب ہاتھ سے بار بار دبایا گیا تو اندر سے کھوکھلی آواز سنائی دی، جس سے غیر معمولی خالی جگہ کا شبہ مزید مضبوط ہوگیا۔ اس کے بعد لکھنؤ میں سی بی این کے دفتر میں تکنیکی معاونت حاصل کرتے ہوئے ایندھن کی ٹنکی کو کھولا گیا تو اس کے اندر خصوصی طور پر تیار کیا گیا ایک خفیہ ریک سامنے آیا، جس میں پانی سے محفوظ 25 پیکٹ رکھے ہوئے تھے۔ ان پیکٹوں میں مجموعی طور پر 16.46 کلوگرام خام ہیروئن موجود تھی۔ دونوں مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

دوسری کارروائی کے سلسلے میں سی بی این کے اتر پردیش یونٹ کو خفیہ اطلاع ملی کہ ایک بھاری ٹرک سلی گوڑی–لکھنؤ روٹ پر ممنوعہ منشیات لے کر جا رہا ہے۔ سی بی این کی ٹیموں نے متعدد ٹول پلازوں پر اس گاڑی کی مسلسل نگرانی کی اور بالآخر اسے بارہ بنکی کے قریب روک لیا۔گاڑی کی منظم جسمانی تلاشی کے دوران اس کے باڈی فریم کے اندر خصوصی طور پر بنائے گئے ایک خفیہ خانے کا سراغ ملا، جس میں 2.16 کلوگرام خام ہیروئن چھپا کر رکھی گئی تھی۔ ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔



تینوں مشتبہ افراد کے خلاف نارکوٹک ڈرگز اینڈ سائیکوٹروپک سبسٹینسز (این ڈی پی ایس) ایکٹ، 1985 کی سخت دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ دونوں گاڑیوں اور تمام ضبط شدہ منشیات کو قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ شمال مشرقی خطے میں منشیات فراہم کرنے والے اصل ذرائع تک پہنچنے اور اس سے منسلک آگے کے تقسیم کاری کے نیٹ ورک کو ختم کرنے کے لیے مالی اور رسد سے متعلق جامع تحقیقات جاری ہیں۔
اہم ضبطیوں کی تفصیلات ایک نظر میں
- ضبط کی گئی منشیات کی مجموعی مقدار: 18.64 کلوگرام (کار سے 16.48 کلوگرام اور بھاری تجارتی گاڑی سے 2.16 کلوگرام)
- قبضے میں لی گئی گاڑیاں: آسام نمبر پلیٹ والی ایک ہنڈائی کریٹا اور ایک بھاری تجارتی ٹرک
- گرفتار افراد کی مجموعی تعداد: 3 مشتبہ افراد (این ڈی پی ایس ایکٹ، 1985 کے تحت گرفتار)
- منشیات چھپانے کے طریقے: گاڑی کی مصنوعی طور پر تیار کردہ ایندھن کی ٹنکی میں خفیہ خانہ اور ٹرک کے ڈھانچے میں بنائے گئے خفیہ خانے۔
*****
ش ح۔ ع و ۔ ص ج
U. No-2502
(रिलीज़ आईडी: 2302603)
आगंतुक पटल : 16