کامرس اور صنعت کی وزارتہ
azadi ka amrit mahotsav

تجارت و صنعت کے مرکزی وزیر جناب پیوش گوئل چوتھی بھارت-سنگاپور وزارتی گول میز کانفرنس اور چوتھی بھارت-سنگاپور کاروباری گول میز کانفرنس میں شرکت کے لیے سنگاپور روانہ ہوئے

تقریباً 70 رکنی بھارتی کاروباری وفد، سنگاپور میں بی2بی جی2 بی اور ادارہ جاتی سطح پر بات چیت کرے گا

جناب گوئل حکومت اور کاروباری شعبے کے درمیان اعلیٰ سطح پر ملاقاتیں کریں گے اور بھارتی زرعی و غذائی مصنوعات کی برآمدات کے فروغ کے لیے اے پی ای ڈی اے(اپیڈا)–فیئر پرائس پہل کا دورہ کریں گے

प्रविष्टि तिथि: 19 AUG 2026 10:18AM by PIB Delhi

تجارت و صنعت کی مرکزی وزیرجناب پیوش گوئل 19 سے 21 اگست 2026 تک سنگاپور کے دورے پر ہیں۔ یہ دورہ بھارت-سنگاپور وزارتی گول میز کانفرنس (آئی ایس ایم آر) کے تحت اعلیٰ سطحی مسلسل روابط کے سلسلے کا حصہ ہے۔

تقریباً 70 اعلیٰ کاروباری رہنماؤں پر مشتمل بھارتی کاروباری وفد بھی جناب پیوش گوئل کے ہمراہ سنگاپور کا دورہ کر رہا ہے۔ اس دورے  کا مقصد بھارت اور سنگاپور کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ وفد میں ٹیکنالوجی، سافٹ ویئر اور مصنوعی ذہانت، مینوفیکچرنگ اور انجینئرنگ، بنیادی ڈھانچے اور پائیداری، مالی خدمات اور مالی ٹیکنالوجی، صحت اور حیاتیاتی علوم، خوراک اور زراعت، لاجسٹکس، بحری امور اور تجارت، نیز پیشہ ورانہ خدمات کے شعبوں کے نمائندے شامل ہیں۔

مذکورہ وفد، کاروباری اداروں کے درمیان اور حکومت اور کاروباری اداروں کے درمیان نیز ادارہ جاتی سطح پر مختلف ملاقاتیں اور تبادلے کرے گا۔ ان میں سنگاپور کے سرکردہ سینٹرس آف ایکسیلنس (سی او ایز)کے ساتھ بات چیت اور وہاں ہنرمندی کے فروغ کے اداروں کے دورے بھی شامل ہیں۔ ان ملاقاتوں اور تبادلوں میں شراکت داری، سرمایہ کاری، منڈی تک رسائی، ٹیکنالوجی میں تعاون اور افرادی قوت کی صلاحیتوں کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ یہ دورہ بھارت-سنگاپور وزارتی گول میز کانفرنس اور بھارت-سنگاپور کاروباری گول میز کانفرنس کی میٹنگوں کے موقع پر منعقد کیا جا رہا ہے۔

دورے کے دوران جناب پیوش گوئل 20 اگست 2026 کو چوتھی بھارت-سنگاپور وزارتی گول میز کانفرنس (آئی ایس ایم آر) میں شرکت کریں گے۔ آئی ایس ایم آر بھارت-سنگاپور جامع اسٹریٹجک شراکت داری (سی ایس پی) کو آگے بڑھانے کے لیے اعلیٰ سطح کا وزارتی پلیٹ فارم ہے۔ وزارتی گول میز کانفرنس کے ساتھ چوتھی بھارت-سنگاپور کاروباری گول میز کانفرنس (آئی ایس بی آر) بھی منعقد کی جائے گی۔ اس کے بعد مفاہمت کے ایک اقرارنامے (ایم او یو) پر دستخط کی ایک تقریب بھی منعقد ہوگی اور سنگاپور کے نائب وزیر اعظم آئی ایس ایم آر اور آئی ایس بی آر کے تمام مندوبین کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کریں گے۔

وزیر موصوف اس گول میز کانفرنس میں وزیر خزانہ و کارپوریٹ امور محترمہ نرملا سیتارمن، وزیرِ خارجہ ڈاکٹر سبرامنیم جے شنکر، اور ریلوے، اطلاعات و نشریات اور الیکٹرانکس و اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے وزیرجناب اشونی ویشنو کے ہمراہ شرکت کریں گے۔ دورے کے دوران یہ وزرا ءسنگا پور کے اپنے ہم عہدہ افراد اور سنگاپور کی دیگر اعلیٰ قیادت کے ساتھ ملاقاتیں اور تبادلۂ خیال کریں گے۔

جناب پیوش گوئل سنگاپور کے وزیر اعظم جناب لارنس وونگ سے اِستانا میں ملاقات بھی کریں گے۔

اس موقع پر جناب گوئل گلوبل فنانس اینڈ ٹیکنالوجی نیٹ ورک، وائی پی او گلوبل، ملکن انسٹی ٹیوٹ، کیپل انفراسٹرکچر، ٹیمسیک ہولڈنگز اور آئی ایچ ایچ ہیلتھ کیئر کے اعلیٰ نمائندوں کے ساتھ، نیز سنگاپور بزنس فیڈریشن (ایس بی ایف) کے چیئرمین کی قیادت میں آنے والے وفد، ٹرنر اینڈ ٹاؤن سینڈ اور ایس ٹی ٹی جی ڈی سی کے نمائندوں کے ساتھ حکومت اور کاروباری شعبے کے درمیان اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں اور تبادلۂ خیال کریں گے۔ ان ملاقاتوں کے بعد فیملی آفس راؤنڈ ٹیبل  کانفرنس منعقد ہوگی۔

وزیر موصوف سنگاپور کی تجارت و صنعت و خارجی اُمور کی وزیرمملکت برائے محترمہ گن سیاؤ ہوانگ کے ہمراہ سٹی اسکوائر مال میں اپیڈا–فیئر پرائس پہل کا مشترکہ دورہ کریں گے۔ اس پہل کا مقصد بھارتی زرعی و غذائی مصنوعات کی برآمدات کو فروغ دینا اور سنگاپور کی خوردہ منڈی میں ان کی موجودگی کو مزید مضبوط بنانا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان زرعی تجارت کے بڑھتے ہوئے تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔

جناب پیوش گوئل آئی این ایس ای اے ڈی ایشیا کیمپس میں ایف آئی سی سی آئی کی جانب سے منعقدہ بھارت-سنگاپور بزنس فورم میں بھی شرکت کریں گے، جہاں وہ ’’نئے عالمی ترقیاتی منظرنامے میں بھارت: ایشیا اور دنیا میں کاروبار کے لیے ترقی اور مواقع‘‘ کے موضوع پر خصوصی تبادلۂ خیال میں حصہ لیں گے۔ اس کے بعد بھارت اور سنگاپور کی  کاروباری برادری کے ساتھ نیٹ ورکنگ ڈنر کا اہتمام کیا جائے گا۔

اس دورے کا اختتام وزیر موصوف کے مرینا بے سینڈز ایکسپو اینڈ کنونشن سینٹر میں منعقد ہونے والی آئی سی اے آئی آسیان کانفرنس 2026 سے کلیدی خطاب کے ساتھ ہوگا۔

سنگاپور، بھارت کا ایک اہم اقتصادی شراکت دار اور ملک میں سرمایہ کاری کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔ مالی سال 26-2025 میں سنگاپور، بھارت میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کا سب سے بڑا ذریعہ رہا، جس کے ذریعے 19.8 ارب امریکی ڈالر کی ایف ڈی آئی موصول ہوا۔ اپریل 2000 سے مارچ 2026 تک سنگاپور سے بھارت میں مجموعی ایف ڈی آئی 194.68 ارب امریکی ڈالر رہی، جو بھارت میں ہونے والی مجموعی ایف ڈی آئی کا 24.72 فیصد ہے۔

سنگاپور آسیان ممالک میں بھارت کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار بھی ہے اور بیرونی تجارتی قرضوں (ای سی بی) اور غیر ملکی پورٹ فولیو سرمایہ کاری (ایف پی آئی) کا ایک اہم ذریعہ بھی ہے۔ بھارت-سنگاپور جامع اقتصادی تعاون معاہدے (سی ای سی اے) کے اختتام کے بعد دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جو مالی سال 05-2004 میں 6.7 ارب امریکی ڈالر سے بڑھ کر مالی سال 26-2025 میں 36.1 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئی۔

یہ دورہ بھارت کے اس عزم کی تجدید کرتا ہے کہ وہ بھارت میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے سب سے بڑے ذرائع میں سے ایک اور جدید مینوفیکچرنگ، ڈیجیٹلائزیشن، ہنرمندی کے فروغ اور ماحول کے لیے سازگار معیشت کے شعبوں میں ایک اہم شراکت دار سنگاپور کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور عوام سے عوام کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنائے گا۔

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 (ش ح ۔ ش م ۔ع ن)

U. No. 2300

 


(रिलीज़ आईडी: 2301080) आगंतुक पटल : 13
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: Kannada , English , Marathi , हिन्दी , Assamese , Bengali , Bengali-TR , Gujarati