مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت
مواصلات کے مرکزی وزیر جیوتی رادتیہ سندھیا نے انڈیا پوسٹ کے ذریعے پہلی بار ڈرون سے ترنگا پہنچانے کا افتتاح کیا
یوم آزادی سے قبل ہماچل پردیش میں منڈی ہیڈ پوسٹ آفس سے ریہارڈھر برانچ پوسٹ آفس تک ڈرون کے ذریعے ترنگا پہنچایا گیا
प्रविष्टि तिथि:
14 AUG 2026 7:46PM by PIB Delhi
ملک سے حب الوطنی، عوامی خدمت اور تکنیکی جدت کے منفرد امتزاج کے طور پر محکمہ ڈاک نے آج ہماچل پردیش میں منڈی ہیڈ پوسٹ آفس سے ریہارڈھر برانچ پوسٹ آفس تک قومی پرچم ترنگا ڈرون کے ذریعے پہنچایا۔ یہ انڈیا پوسٹ کی جانب سے پہلی بار ڈرون کے ذریعے ترنگا پہنچانے کا اقدام ہے۔
اس اقدام کا یوم آزادی کے موقع پر مواصلات اور شمال مشرقی خطے کی ترقی کے مرکزی وزیر جیوتی رادتیہ سندھیا نے ورچوئل طریقے سے افتتاح کیا اور اسے عملی شکل دی۔ مرکزی وزیر نے منڈی ہیڈ پوسٹ آفس سے ڈرون کے براہ راست روانہ ہونے کا مشاہدہ کیا اور محکمہ ڈاک کے افسران اور ڈرون آپریٹر سے بات چیت بھی کی۔اس کے بعد ڈرون ریہارڈھر برانچ پوسٹ آفس پہنچا، جہاں محکمہ ڈاک کی ٹیم نے ترنگا لے جانے والا پارسل وصول کیا اور اسے باضابطہ طور پر ایک سابق فوجی کے حوالے کیا۔ اس طرح یہ تقریب مزید خاص بن گئی۔
مرکزی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ ہماچل پردیش کے آسمان میں ترنگے کا یہ سفر ایک نئے ہندوستان کے اس جذبے کی عکاسی کرتا ہے جو جغرافیائی رکاوٹوں کو عبور کرکے ہر شہری تک پہنچنے کے عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس یوم آزادی کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ گئی ہے کہ ملک ’وندے ماترم‘ کے 150 سال مکمل ہونے کا جشن منا رہا ہے، جو قومی فخر، خدمت کے جذبے اور وکست بھارت کے عزم کو ایک ساتھ جوڑتا ہے۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ ترنگا صرف ہر گھر میں ہی نہیں بلکہ ہر ہندوستانی کے دل میں بھی ہونا چاہیے۔ اسی جذبے کے تحت انڈیا پوسٹ ’ہر گھر ترنگا‘ مہم میں اپنا کردار ادا کررہا ہے اور ملک بھر کے شہریوں تک قومی پرچم پہنچانے کی سہولت فراہم کررہا ہے، تاکہ لوگ اپنے گھروں سے ہی قومی فخر کی اس تقریب میں شریک ہوسکیں۔
منڈی سے ریہارڈھر تک ڈرون کے ذریعے ترنگا پہنچانے کا اقدام اس بات کی مثال ہے کہ کس طرح جدید ٹیکنالوجی انڈیا پوسٹ کے وسیع زمینی نیٹ ورک کو مزید مؤثر بنا سکتی ہے اور خاص طور پر دور دراز اور دشوار گزار علاقوں میں آخری مرحلے تک رابطے کو مضبوط کرسکتی ہے۔ محکمہ ڈاک ڈرون کے ذریعے ڈاک کی ترسیل کے امکانات تلاش کرتے ہوئے ایسے جدید حل تیار کررہا ہے، جن سے ان علاقوں میں بھی شہریوں تک ڈاک اور عوامی خدمات پہنچائی جاسکیں جہاں روایتی ذرائع نقل و حمل مشکلات کا باعث بنتے ہیں۔
وزیراعظم جناب نریندر مودی کے تکنیکی طور پر جدید، جامع اور مربوط وکست بھارت کے وژن کے مطابق محکمہ ڈاک نے ہماچل پردیش اور آسام میں 150 شناخت شدہ راستوں پر ڈرون کے ذریعے ڈاک کی ترسیل شروع کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اس اقدام کا مقصد دشوار گزار علاقوں میں رابطے کو مضبوط بنانا اور ڈاک کی مؤثر ترسیل کو آسان بنانا ہے۔ یہ محکمہ ڈاک کے دیرینہ اصول ’ڈاک سیوا، جن سیوا‘ کی عکاسی کرتا ہے اور شہریوں سے رابطہ قائم کرنے اور ملک کی خدمت کے لیے جدت طرازی و ٹیکنالوجی کے مسلسل استعمال کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
************
ش ح ۔ م د۔ م ص
(U:2132)
(रिलीज़ आईडी: 2299638)
आगंतुक पटल : 6