وزارت خزانہ
فوارا-یو پی آئی سرحد پار ادائیگی راہداری مالدیپ اور ہندوستان کے درمیان فعال
مالدیپ کے شہری اب اپنی موبائل بینکنگ ایپلی کیشنز کے ذریعے حقیقی وقت میں ہندوستان کے یو پی آئی سے منسلک بینک کھاتوں میں رقوم منتقل کر سکتے ہیں
प्रविष्टि तिथि:
31 JUL 2026 1:35PM by PIB Delhi
مالدیپ مانیٹری اتھارٹی (ایم ایم اے) نے 30 جولائی 2026 کو مالدیپ کے فوری ادائیگی نظام ’’فوارا‘‘اور ہندوستان کے یونائیفائیڈ پیمنٹس انٹرفیس (یو پی آئی) کے باہمی انضمام کے کامیاب آغاز کا اعلان کیا۔
یہ پیش رفت مالدیپ اور ہندوستان کے درمیان سرحد پار ڈیجیٹل مالیاتی رابطے اور دوطرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔
اس پیش رفت کی اہم خصوصیات درج ذیل ہیں:
- حقیقی وقت میں رقوم کی منتقلی: اس نئی سہولت کے تحت مالدیپ کے افراد فوارا کے ذریعے ہندوستان میں مستفید ہونے والوں کو حقیقی وقت میں رقوم منتقل کر سکتے ہیں۔ لین دین مالدیپی روفیہ (ایم وی آر) میں شروع ہوتا ہے اور یو پی آئی کے ذریعے وصول کنندگان کے ہندوستانی بینک کھاتوں میں ہندوستانی روپے (آئی این آر) کی صورت میں رقم جمع ہو جاتی ہے۔
- ابتدائی مرحلے میں شمولیت: اس سہولت کا آغاز مالدیپ کے دو مقامی بینکوں، بینک آف مالدیپ پی ایل سی اور مالدیوز اسلامک بینک پی ایل سی کی شمولیت سے کیا گیا ہے۔ ان بینکوں کے صارفین اپنی موبائل بینکنگ ایپلی کیشنز اور فوارا ادائیگی نظام کے ذریعے براہ راست ہندوستان کے یو پی آئی سے منسلک بینک کھاتوں میں فرد سے فرد (پی ٹو پی) رقوم منتقل کر سکتے ہیں۔
- مجاز ترسیلات کی اقسام: مجاز ترسیلات میں بیرونِ ملک سے آنے والی اور بیرونِ ملک بھیجی جانے والی خاندانی اخراجات سے متعلق ترسیلات زر شامل ہیں، جبکہ بیرون ملک بھیجی جانے والی تحائف سے متعلق ترسیلات بھی اس سہولت کے تحت مجاز ہیں۔
- باہمی تعاون کی حصولیابی: اس نظام کا نفاذ مالدیپ مانیٹری اتھارٹی (ایم ایم اے)، ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی)، این پی سی آئی انٹرنیشنل پیمنٹس لمیٹڈ (این آئی پی ایل)، شریک مالیاتی اداروں اور دونوں ممالک کے دیگر متعلقہ فریقوں کے قریبی تعاون کا مظہر ہے۔
پس منظر اور آئندہ کا لائحۂ عمل
فوارا-یو پی آئی انضمام سے متعلق معاہدہ این پی سی آئی انٹرنیشنل پیمنٹس لمیٹڈ (این آئی پی ایل) اور مالدیپ مانیٹری اتھارٹی (ایم ایم اے) کے درمیان جولائی 2025 میں طے پایا تھا۔ جانچ، تصدیق، شمولیت اور عملی آزمائش کا عمل صرف 10 دن میں مکمل کیا گیا، جس کے بعد یہ ادائیگی راہداری مکمل طور پر فعال ہو گئی۔
تعاون کے اگلے مراحل میں سرحد پار ادائیگیوں کی مزید سہولیات متعارف کرائی جائیں گی، جن میں کیو آر کوڈ پر مبنی مرچنٹ ادائیگیاں اور دیگر جدید ڈیجیٹل ادائیگی خدمات شامل ہوں گی، جس سے مالدیپ اور ہندوستان کے درمیان اقتصادی اور مالیاتی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
یو پی آئی اس وقت درج ذیل 9 ممالک میں قابل استعمال ہے:
کمبوڈیا،سنگاپور،متحدہ عرب امارات،فرانس،ماریشس،نیپال،بھوٹان،قطر،سری لنکااس کے ذریعے ہندوستانی مسافر ان ممالک میں آسانی اور بلا رکاوٹ یو پی آئی کے ذریعے ادائیگیاں کر سکتے ہیں۔
********
ش ح۔ م م۔ ش ب ن
U-NO-1019
(रिलीज़ आईडी: 2292417)
आगंतुक पटल : 12