وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav

وزیر اعظم نے حکومت ہند کے سکریٹریوں کے ساتھ دوسری اعلی سطحی میٹنگ کی صدارت کی


زیر بحث شعبے: مالیات اور معیشت ، تجارت اور صنعت ، اور ٹیکنالوجی

وزیر اعظم نے حکومت کے اندر افقی اور عمودی دونوں سائلوز کو توڑنے کی ضرورت پر زور دیا

وزیر اعظم نے اہم شعبوں میں تکنیکی خود انحصاری اور گھریلو صلاحیتوں کی تعمیر کی اہمیت پر زور دیا

وزیر اعظم نے سائبر سیکورٹی ماحولیاتی نظام میں نوجوان اختراع کاروں اور کاروباریوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کی حوصلہ افزائی کی

وزیر اعظم نے غلط معلومات کا مقابلہ کرنے کے لیے اسٹریٹجک شعبوں پر فعال رسائی کےلئے زور دیا

وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کو ہمیشہ جوان ، متحرک اور دوراندیش رہنا چاہیے ، مسلسل چستی اور اختراع کے ساتھ نئے چیلنجوں اور مواقع کے مطابق ڈھالنا چاہیے

سکریٹریوں نے کلیدی اقدامات ، ابھرتے ہوئے مواقع اور نفاذ کے چیلنجوں پر تجربات اور نقطہ نظر کا اشتراک کیا

प्रविष्टि तिथि: 28 JUL 2026 8:48PM by PIB Delhi

وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی نے آج نئی دہلی میں واقع اپنی سرکاری رہائش گاہ 7، لوک کلیان مارگ پر حکومتِ ہند کے سیکریٹریوں کے ساتھ دوسری اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔ اس اجلاس میں مالیات و معیشت، تجارت و صنعت اور ٹیکنالوجی سے متعلق وزارتوں اور محکموں کے آئندہ کے لائحۂ عمل کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کا بنیادی مقصد وکست بھارت(ترقی یافتہ بھارت) کے ہدف کے حصول کی رفتار کو مزید تیز کرنا تھا۔

وزیرِ اعظم نے مختلف وزارتوں اور محکموں کے درمیان مضبوط ٹیم ورک کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام افسران مشترکہ مقصد اور یکساں جذبے کے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے حکومت کے اندر افقی  اور عمودی  سطحوں پر موجود ادارہ جاتی رکاوٹوں اور الگ تھلگ اندازِ کار کو ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ تمام محکمے باہمی ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں اور مربوط نتائج سامنے آئیں۔

شہری مرکز حکمرانی (سٹیزن سینٹرک گورنینس) کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت کی تمام پالیسیوں اور فیصلوں کا محور ملک کے عوام ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر فیصلہ عام شہری کے مفاد، توقعات اور امنگوں کو مدنظر رکھ کر کیا جانا چاہیے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ اگرچہ بھارت بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کر رہا ہے، لیکن اس کے ساتھ ساتھ مقامی سطح پر ٹیکنالوجی کی ترقی کو بھی یکساں اہمیت دینا ضروری ہے۔ انہوں نے حساس اور اہم شعبوں میں تکنیکی خود انحصاری اور ملکی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ توانائی کا تحفظ درحقیقت قومی سلامتی، معاشی استحکام اور عوامی فلاح سے براہِ راست وابستہ ہے۔ وزیرِ اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت کو اختراع، توانائی کے متنوع ذرائع کے فروغ اور پیداواری صلاحیت میں تیزی سے اضافے کے ذریعے توانائی کے شعبے میں خود کفیل بننا ہوگا۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ اصلاحات محض ایک دلکش اصطلاح نہیں بلکہ مؤثر حکمرانی کے لیے ایک مسلسل ضرورت ہیں۔ انہوں نے سرکاری طریقۂ کار میں بہتری، دفتری ثقافت میں مثبت تبدیلی اور ادارہ جاتی کارکردگی کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے استعمال کے ساتھ سائبر سکیورٹی کو بھی غیر معمولی اہمیت دینا ہوگی تاکہ ڈیجیٹل نظام اور بنیادی ڈھانچے کو محفوظ رکھا جا سکے۔ انہوں نے ابھرتے ہوئے سائبر خطرات کے خلاف مسلسل چوکنا رہنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سائبر سکیورٹی کے شعبے میں نوجوان اختراع کاروں اور کاروباری افراد کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کو فروغ دیا جانا چاہئے اور اسے ملک گیر عوامی تحریک کی شکل دی جانی چاہئے۔

وزیرِ اعظم نے یہ بھی کہا کہ جن اسٹریٹجک شعبوں میں ملک بڑے پیمانے پر اقدامات کر رہا ہے، ان کے بارے میں بروقت، مؤثر اور فعال عوامی رابطہ ضروری ہے تاکہ غلط معلومات، بے بنیاد خدشات اور گمراہ کن پروپیگنڈے کا مؤثر جواب دیاجا سکے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ نئی اور ابھرتی ہوئی صنعتوں کی ضروریات کے مطابق افرادی قوت کو تیار کرنے کے لیے صنعتوں کے اشتراک سے نئے تعلیمی کورسز متعارف کرائے جائیں، تاکہ نوجوان مستقبل کی معیشت کے تقاضوں سے ہم آہنگ مہارتیں حاصل کر سکیں۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ ایک حکومت کو ہمیشہ نوجوان سوچ، متحرک کردار اور مستقبل پر نظر رکھنے والا ہونا چاہیے، جو نئی مشکلات اور نئے مواقع کے مطابق خود کو تیزی، لچک اور جدت کے ساتھ ڈھالتی رہے۔

اجلاس کے دوران مختلف وزارتوں اور محکموں کے سیکریٹریوں نے اپنے اپنے شعبوں میں جاری منصوبوں کی پیش رفت، ترجیحات، ابھرتے ہوئے مواقع اور عمل درآمد کے دوران درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔

اس اجلاس میں کابینہ سیکریٹری، مختلف اہم وزارتوں اور محکموں کے سیکریٹریوں اور وزیرِ اعظم کے دفتر کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

*****

ش  ح۔ ش ت- ف ر

Uno-825                                                                                                       


(रिलीज़ आईडी: 2290906) आगंतुक पटल : 9
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: Assamese , English , Khasi , Marathi , हिन्दी , Manipuri , Bengali , Punjabi , Gujarati , Odia , Tamil , Telugu , Kannada , Malayalam