امور داخلہ کی وزارت
بھارت نے آفات کے خطرات میں کمی سے متعلق تیسری برکس وزارتی میٹنگ کی کامیاب میزبانی کی؛ عالمی سطح پر آفات سے نمٹنے کی صلاحیت کو مضبوط بنانے کے لیے برکس کا مشترکہ اعلامیہ منظور
प्रविष्टि तिथि:
24 JUL 2026 5:37PM by PIB Delhi
برکس کی 2026 کی بھارتی صدارت کے تحت، حکومت ہند کی وزارتِ داخلہ کے قومی آفات انتظامی اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 24 جولائی 2026 کو نئی دہلی میں آفات کے خطرات میں کمی (ڈی آر آر) سے متعلق برکس وزارتی میٹنگ کی کامیاب میزبانی کی۔ اس اجلاس کی صدارت وزیرِ مملکت برائے داخلہ، جناب نتیا نند رائے نے کی، جبکہ برکس کے رکن ممالک کے وزراء اور وفود کے سربراہان نے اس میں شرکت کی۔ اجلاس میں بہتر باہمی تعاون، اختراع اور پائیدار ترقی کے ذریعے آفات سے نمٹنے کی صلاحیت کو مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اس اجلاس نے آفات کے خطرات میں کمی کے شعبے میں برکس کے تعاون کے ارتقا میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت اختیار کی اور اس کا اختتام آفات کے خطرات میں کمی سے متعلق برکس کے مشترکہ اعلامیے کی متفقہ منظوری پر ہوا۔ اس اعلامیے کے ذریعے رکن ممالک نے برکس آفات کے خطرات میں کمی کے ورک پلان (2025–2028) پر تیز رفتار عمل درآمد اور مضبوط و باصلاحیت معاشروں کی تعمیر کے لیے باہمی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے اپنے اجتماعی عزم کا اعادہ کیا۔
وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ مملکت برائے داخلہ، جناب نتیا نند رائے نے کہا کہ ادے پور اعلامیہ (2016) سے لے کر کازان اعلامیہ (2024) اور برکس ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن گروپ (ڈی آر آر جی) کے قیام تک برکس کے تعاون کا ارتقا اس بڑھتے ہوئے شعور کی عکاسی کرتا ہے کہ آفات کے خطرات میں کمی پائیدار ترقی، موسمیاتی لچک اور انسانی تحفظ کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برکس کی بھارتی صدارت کے دوران اس گروپ نے "لچک، اختراع، تعاون اور پائیداری کی تعمیر" کے موضوع کے تحت ایک عملی اور عمل پر مبنی نقطۂ نظر اختیار کیا ہے اور آفات کے خطرات میں کمی کے گروپ کو وزارتی سطح تک ارتقا دینے پر برازیل کی بھی ستائش کی۔
آفات کے خطرات میں کمی کے شعبے میں بھارت کی قائدانہ حیثیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ اس ضمن میں بھارت کا عوام پر مبنی نقطۂ نظر وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے پیش کردہ آفات کے خطرات میں کمی کے لیے دس نکاتی ایجنڈے سے رہنمائی حاصل کرتا ہے۔ انہوں نے برکس کی بھارتی صدارت کے تحت بھارت کی پانچ اسٹریٹجک ترجیحات پر روشنی ڈالی، جن کا مقصد برکس آفات کے خطرات میں کمی کے ورک پلان (2025–2028) پر عمل درآمد کو تیز کرنا ہے۔ انہوں نے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ سائنس و ٹیکنالوجی، پیشگی انتباہی نظام، آفات سے مزاحم بنیادی ڈھانچے، قدرتی وسائل پر مبنی حل اور مقامی برادریوں کی لچک کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنائیں تاکہ آفات کے خطرات میں کمی کو پائیدار ترقی کا لازمی حصہ بنایا جا سکے۔

وزارتی اجلاس میں "موسمیاتی لحاظ سے دانشمند اور آفات سے مزاحم بنیادی ڈھانچے کے نظام کو فروغ دینا: مضبوط ترقی کے لیے شراکت داری، اختراع اور مالی وسائل" کے موضوع پر ایک اعلیٰ سطحی پالیسی مکالمہ منعقد ہوا، جس میں وزراء نے آفات اور موسمیاتی خطرات میں اضافے سے نمٹنے کے لیے آفات سے مزاحم بنیادی ڈھانچے، جدید مالیاتی ذرائع، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور بین الاقوامی شراکت داریوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔
"برکس آفات کے خطرات میں کمی کے ورک پلان (2025–2028) پر عمل درآمد میں تیزی" کے موضوع پر منعقدہ وزارتی گول میز اجلاس نے رکن ممالک کو اپنے تجربات کے تبادلے اور ادارہ جاتی تعاون کو مضبوط بنانے، استعداد سازی، علم کے اشتراک اور طے شدہ ترجیحات پر مؤثر عمل درآمد کے لیے عملی طریقۂ کار کی نشاندہی کا موقع فراہم کیا۔
بھارت کی برکس صدارت کے ایک حصے کے طور پر، شواہد پر مبنی پالیسی سازی، ادارہ جاتی استحکام، استعداد سازی اور برکس کے رکن ممالک میں آفات کے خطرات میں کمی سے متعلق اقدامات کے عملی نفاذ کو فروغ دینے کے لیے چھ اہم علمی دستاویزات بھی جاری کی گئیں۔

مستقبل کی حکمت عملی کے طور پر وزراء نے باقاعدہ تکنیکی تبادلوں، مشترکہ منصوبوں، فرضی مشقوں، تکنیکی ماہرین کے تبادلوں اور سالانہ موضوعاتی ورک اسٹریمز کے ذریعے عملی اور عمل پر مبنی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا، تاکہ علم کے تبادلے، اختراع اور آفات سے نمٹنے کی صلاحیت میں قابلِ پیمائش نتائج کو فروغ دیا جا سکے۔
آفات کے خطرات میں کمی سے متعلق تیسرے برکس وزارتی اجلاس کے کامیاب اختتام نے آفات کے خطرات میں کمی کے شعبے میں مضبوط بین الاقوامی تعاون کے ذریعے مضبوط، جامع اور پائیدار ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے برکس کے رکن ممالک کے اجتماعی عزم کو مزید مستحکم کیا۔
**************
ش ح۔ ف ش ع
24-07-2026
U: 551
(रिलीज़ आईडी: 2289183)
आगंतुक पटल : 8