کامرس اور صنعت کی وزارتہ
azadi ka amrit mahotsav

بھارت–مالدیپ آزاد تجارتی معاہدے  کے مذاکرات کا پہلا دور کامیابی کےساتھ مکمل ہوا

بھارت–مالدیپ آزاد تجارتی معاہدے کے مذاکرات میں آٹھ تکنیکی اجلاس کے دوران نمایاں پیش رفت ہوئی

प्रविष्टि तिथि: 14 JUL 2026 4:06PM by PIB Delhi

دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید فروغ دینے کی سمت ایک اہم پیش رفت کے طور پر بھارت–مالدیپ آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) پر مذاکرات کا پہلا دور کامیابی سے مکمل ہو گیا۔ یہ مذاکرات 29 جون سے 7 جولائی 2026 تک آن لائن منعقد ہوئے۔

بھارت کے مذاکراتی وفد کی قیادت محکمۂ تجارت کے جوائنٹ سکریٹری اور چیف مذاکرات کار اجول کمار گھوش نے کی، جبکہ مالدیپ کے وفد کی قیادت اس کے چیف مذاکرات کار یوسف رضا نے کی۔

پہلے دور میں دونوں ممالک کے مذاکراتی وفود نے آٹھ پالیسی شعبوں پر مشتمل آٹھ تکنیکی اجلاس میں مسودۂ متن پر تفصیلی بات چیت کی۔ مذاکرات کے مختلف مراحل میں دونوں فریق نے نمایاں پیش رفت کی اور متعدد امور پر وسیع اتفاقِ رائے حاصل کیا۔

آٹھ جولائی 2026 کو تجارت و صنعت کے مرکزی وزیرپیوش گوئل نے مالدیپ کے اقتصادی ترقی،ٹرانسپورٹ اور تجارت کے وزیر محمد سعید سے ملاقات کی۔ دونوں وزراء نے بھارت-مالدیپ آزاد تجارتی معاہدے سمیت جاری دوطرفہ اقتصادی اقدامات کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ بھارت اور مالدیپ کے درمیان سفارتی تعلقات کے 60 سال مکمل ہونے کے موقع پر دونوں ممالک نے دوطرفہ سرمایہ کاری معاہدہ (بی آئی ٹی) اور آزاد تجارتی معاہدہ (ایف ٹی اے)جلد مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس کے علاوہ سیاحت، نوآموز کاروباری اداروں (اسٹارٹ اپس)، ڈیجیٹل ادائیگیوں، ایم ایس ایم ای شعبے اور تجارت میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ دونوں ممالک کے لیے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔

بھارت، مالدیپ کا دوسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ مالی سال 2025–26 میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 77 کروڑ 17 لاکھ 60 ہزار امریکی ڈالر رہا، جو مالی سال 2024–25 کے 67 کروڑ 97 لاکھ امریکی ڈالر کے مقابلے میں 13.54 فیصد زیادہ ہے۔

مجوزہ آزاد تجارتی معاہدہ (ایف ٹی اے) سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات مزید مضبوط ہونے کی توقع ہے۔ اس معاہدے کے ذریعے منڈیوں تک رسائی بہتر ہوگی، سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا، اقتصادی تعاون میں اضافہ ہوگا اور دونوں ممالک کی پائیدار معاشی ترقی میں مدد ملے گی۔ دونوں فریق انصاف، برابری اور باہمی مفاد کے اصولوں کی بنیاد پر ایک وسیع، متوازن اور جامع معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لئے مل کر کام کر رہے ہیں۔

1.jpg

***

ش ح۔ ک ا۔ ج

U.NO.9925

 

 

 

 

 


(रिलीज़ आईडी: 2284491) आगंतुक पटल : 13
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , Marathi , हिन्दी , Bengali , Gujarati , Tamil , Malayalam